سوال
مسیح کا تختِ عدالت کیا ہے ؟
جواب
رومیوں 14باب 10-12آیات بیان کرتی ہیں "۔۔۔۔۔ہم تو سب خدا کے تخت عدالت کے آگے کھڑے ہوں گے ۔۔۔۔پس ہم میں سےہر ایک خدا کو اپنا حساب دے گا"۔ 2کرنتھیوں 5باب 10آیت ہمیں بتاتی ہے " کیونکہ ضرور ہے کہ مسیح کے تخت عدالت کے سامنے جاکر ہم سب کا حال ظاہر کیا جائے تاکہ ہر شخص اپنے اُن کاموں کا بدلہ پائے جو اُس نے بدن کے وسیلہ سے کئے ہوں ۔ خواہ بھلے ہوں خواہ بُرے" ۔ اگر سیاق وسباق کی روشنی میں دیکھا جائے تو پوری طرح واضح ہو جاتا ہے کہ یہ دونوں حوالہ جات غیر ایمانداروں کی بجائے صرف مسیحیوں کی جانب اشارہ کر رہے ہیں ۔ لہذا یہاں پرمسیح کے تختِ عدالت کےسامنے صرف ایماندار ہی ہیں جنہوں نے مسیح کے سامنے اپنے اعمال کا حساب دینا ہے ۔ مسیح کا تخت ِ عدالت نجات کا تعین نہیں کرتا کیونکہ نجات کا تعین ہماری خاطر مسیح کی قربانی (1یوحنا 2باب 2آیت) اور ہمارے اُس پر ایمان لانے کے ذریعےسے ہو گیا تھا( یوحنا 3باب 16آیت)۔ ہمارے تمام گناہ معا ف کر دئیے گئے ہیں اور اُن کےلیے ہمیں کبھی سزا نہیں ملے گی (رومیوں 8باب 1آیت)۔ مسیح کے تختِ عدالت کو ہمیں ایسے نہیں دیکھنا چاہیےجیسے کہ خدا ہمارے گناہوں کی عدالت کررہا ہے بلکہ مسیح کی عدالت کو ہمیں ایسے دیکھنا چاہیے جیسے کہ خدا ہمارے کاموں کے باعث ہمیں بدلہ/اجر دیتا ہے ۔ہاں یہ بات سچ ہے اِس لیے کہ بائبل بتاتی ہے کہ ہمیں اپنے اعمال کےلیے حساب دینا پڑے گا۔ اوریقینا اس میں اُن گناہ کےلیے جوابدہی بھی شامل ہے جن کے ہم مرتکب ہیں ۔ تاہم یہ مسیح کے تختِ عدالت کے سامنے مسیحیوں کے تعلق سے وہ بات نہیں جو اُس وقت حتمی توجہ کا مرکز ہوگی۔
مسیح کے تختِ عدالت کے موقع پر ایمانداروں کو اِس بنیاد پر بدلہ/اجر دیا جائے گا کہ اُنہوں نے مسیح کی خدمت کتنی وفاداری سے کی ہے (1کرنتھیوں 9باب 4- 27 آیات ؛ 2تیمتھیس 2باب 5آیت)۔ کچھ دیگر باتیں جن کی بنیاد پر ہماری عدالت ہو سکتی ہے وہ یہ ہیں کہ ہم نے ارشادِاعظم کی کتنی اچھی پیروی کی تھی (متی 28باب 18- 20آیات)ہم گناہ پر کس حد تک غالب آئے ( رومیوں 6باب 1-4آیات) اور ہم نے اپنی زبان پر کس قدر قابو رکھا تھا( یعقوب 3باب 1-9)۔بائبل مُقدس اِس بنیاد پر ایمانداروں کے تاج وصول کرنے کی بات کرتی ہے کہ اُنہوں نے مسیح کی خدمت کتنی وفادار ی سے کی تھی (1کرنتھیوں 9باب 4-27آیات؛ 2تیمتھیس 2باب 5آیت)۔یہ حوالہ جات تاجوں کے بارے میں بات کرتے ہیں:2تیمتھیس 2باب 5آیت؛ 2تیمتھیس 4باب 8آیت؛ یعقوب 1باب 12آیت 1پطرس 5باب 4 آیت اور مکاشفہ 2باب 10آیت۔ یعقوب 1باب 12آیت اس بارے میں ایک اچھا خلاصہ ہے کہ ہمیں مسیح کے تخت ِ عدالت کے بارے میں کیا سوچ رکھنی چاہیے : " مبارک وہ شخص ہے جو آزمایش کی برداشت کرتا ہے کیونکہ جب مقبول ٹھہرا تو زندگی کا وہ تاج حاصل کرے گا جس کا خدا وند نے اپنے محبت کرنے والوں سے وعدہ کیا ہے "۔
English
مسیح کا تختِ عدالت کیا ہے ؟