settings icon
share icon
سوال

مَیں اپنے ایمان کو کیسے بڑھا سکتا ہوں ؟

جواب


تمام مسیحی اپنے ایمان کو بڑھانا چاہتے ہیں یا اُنہیں چاہیے کہ وہ ایسی خواہش رکھیں ۔ لیکن جنہوں نے اپنی زندگیاں مسیح کو سونپ دی ہیں وہ یہ سمجھ چکے ہیں کہ اس معاملے میں کامیابی ہماری اپنی انسانی کوششوں سے حاصل نہیں ہوتی؛ ہم ہمیشہ ناکام رہتے ہیں۔ 1کرنتھیوں 4باب 7آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ " تجھ میں اور دُوسرے میں کَون فرق کرتا ہے؟ اور تیرے پاس کَون سی اَیسی چیز ہے جو تُو نے دُوسرے سے نہیں پائی؟ اور جب تُو نے دُوسرے سے پائی تو فخر کیوں کرتا ہے کہ گویا نہیں پائی؟ "خدا کے بغیر ہم اپنی ہی تدبیروں پر انحصار کرتے ہیں جو ہمیں تکبر، ضد، عدم دلچسپی، بے حسی اور ناکامی سے دوچار کرتی ہیں۔ ہم صرف ایک ہی ذات پر بھروسہ کر سکتے ہیں جو ہمیں یقیناً ناکام ہونے نہیں دے گی اور وہ خدا ہے (عبرانیوں 13باب 5آیت )۔

خُدا کے ساتھ اپنے ایمان کا سفر شروع کرنے کا تقاضا ہے کہ ہم خود کو اُس کے کلام میں محو رکھیں (رومیوں 10باب 17آیت ؛ 1 پطرس 2باب 2 آیت)۔ ہمیں اُس کی محبت، اُس کے انصاف، اُس کی صداقت اور اُس کے منصوبے کے بارے میں سیکھنا چاہیے۔ ہمیں اُس کے ساتھ رشتہ قائم کرنا چاہیے تاکہ ہم اُس کے بیٹے یسوع مسیح کے ذریعے اُسے ذاتی طور پر جان سکیں (یوحنا 17باب 3آیت)۔ ہمیں اُس سے التجا کرنی چاہیے کہ وہ خود کو ہم پر عیاں کرے اور ہمیں تبدیل کرے۔ بائبل ہم سے وعدہ کرتی ہے کہ اگر ہم خُدا کو ڈھونڈیں گے تو اُسے پا لیں گے (متی 7باب 7آیت )۔ اور اگر ہم اُسے اجازت دیتے ہیں تو وہ ہمیں ایسے نئے انسان بنائے گا جو اُس کی مرضی کو جان سکتے ہیں (رومیوں 12باب 2آیت)۔ ہمیں اپنی پرانی انسانیت کو مارنے اور اُس تکبر اور خود غرضی کو چھوڑ دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے جس نے ہمیں اتنے عرصے تک خدا سے دُور رکھا ہے ۔ جب خُدا ہمیں تبدیل کرتا ہے تو ہم اُس رُوح القدس کے وسیلے پھل پیدا کرنا سیکھتے ہیں جو تمام مسیحیوں میں بسا ہوا ہے (گلتیوں 5باب 22-23آیات؛ یوحنا 14باب 17 آیت )۔ جب ہم اپنی زندگیوں کو رُوح القدس کے اختیار میں دیتے ہوئے اُس کی رہنمائی میں چلیں گے تو پھر ہم اُس پر بھروسہ کرنے لگیں گے۔ " اُس میں جَڑ پکڑتے اور تعمیر ہوتے جاؤ اور جس طرح تُم نے تعلیم پائی اُسی طرح اِیمان میں مضبُوط رہو اور خُوب شُکرگُذاری کِیا کرو"(کلسیوں 2باب 7 آیت)

اگر خدا پر ہمارے یقین کو بڑھنے کی ضرورت ہے تو ہمیں اپنی آرام دہ حالت کو چھوڑتے اور خطرات کا سامنا کرتے ہوئے ایمان کے ساتھ آگے بڑھنا سیکھنا ہوگا۔ اگر ہمیں یقین ہے کہ خُدا ہمیں آخری دن تک قائم رکھے گا تو ہم نتائج سے قطع نظر اُس کی مرضی کو پورا کرنے کے لیے بے فکر ہو سکتے ہیں۔ ہمیں جب بھی آزمایشوں کا سامنا ہو گا تو خُدا ہمیشہ ہمیں باہر نکلنے کا راستہ فراہم کرے گا تاکہ ہم مغلوب نہ ہوں (1 کرنتھیوں 10باب 13آیت)۔ ہمیں نکلنے کے لیے اُس راستے کی تلاش کرنے کی ضرورت ہے اور جب ہم اُسے پا لیں تو خدا کی تعریف کریں۔ 1پطرس 1باب 17آیت فرماتی ہے کہ وہ ہمارے ایمان کو جانچنے اور ہمیں مضبوط مسیحی بنانے کے لیے آزمایشوں کا استعمال کرے گا؛اور اگر ہم قائم رہتے ہیں اور ڈگمگاتے نہیں تو ہم بڑی عزت اور جلال پائیں گے۔ " پس اِیمان سُننے سے پَیدا ہوتا ہے اور سُننا مسیح کے کلام سے"(رومیوں 10باب 17آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں اپنے ایمان کو کیسے بڑھا سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries