settings icon
share icon
سوال

اگر خُدا جانتا تھا کہ شیطان اُس کے خلاف بغاوت کرے گا تو پھر اُس نے اُسے تخلیق ہی کیوں کیا؟

جواب


یہ سوال دو حصوں پر مشتمل ہے ۔اِس کا پہلا حصہ یہ ہے کہ " کیا خدا جانتا تھا کہ شیطان بغاوت کرے گا ؟" کلام مقدس میں سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ خدا " علیمِ کُل ہے جس کا لفظی مطلب " سب کچھ جاننے والا " ہے ۔ ایوب 37باب 16آیت؛ 139زبور 2-4آیات،147زبور 5آیت؛ امثال 5باب 21آیت؛ یسعیاہ 46باب 9- 10آیات اور 1یوحنا3باب 19- 20آیات سے واضح ہوتا ہے کہ بے شک خدا قادرِ مطلق ہے اور جو کچھ ماضی میں ہوا تھا،جو اب ہو رہا ہے اور جو مستقبل میں بھی ہو گا، خُدا اُس سب کے بارے میں جانتا ہے ۔

اِن آیات میں بیان کردہ کچھ اعلیٰ خوبیاں/اوصاف جیسا کہ " علم میں کامل"؛"اُسکے فہم کی انتہا نہیں "؛" سب کچھ جانتا ہے " سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ خدا کا علم محض ہم سے زیادہ نہیں بلکہ اُس کا علم بے حد وسیع اور کامل ہے ۔ وہ تمام چیزوں کو مکمل طور پر جانتا ہے ۔ اگر خدا کا علم کامل نہیں تو پھر اُس کی فطرت میں ضرور کوئی نہ کوئی کمی ہے اور خدا کی فطرت میں کسی بھی طرح کی کمی ہونےسے مراد یہ ہے کہ وہ خدا نہیں کہلا سکتا کیونکہ خدا کی ذات اُس کی تمام صفات میں اُس کے کامل ہونے کا تقاضا کرتی ہے ۔پس پہلے سوال کا جواب ہے کہ " ہاں خدا جانتا تھا کہ شیطان بغاوت کرے گا۔"

اب ہم سوال کے دوسرے حصے کی جانب بڑھتے ہیں کہ "جب خدا پہلے ہی جانتا تھا کہ شیطان بغاوت کرنے والا ہے تو پھر اُس نے شیطان کو تخلیق ہی کیوں کیا تھا ؟" یہ سوال تھوڑا سا پیچیدہ ہے کیونکہ اس سوال میں ہم لفظ " کیوں" پر زور دے رہے ہیں اور عموماً اِس کے بارے میں بائبل کوئی جامع جواب فراہم نہیں کرتی ۔اس کےباوجود ہم کسی حد تک اِس کے بارے میں سمجھ سکتے ہیں۔ ہم پہلے ہی دیکھ چکے ہیں کہ خدا علیم کُل ہے ۔ لہذا اگر خدا نے یہ جانتے ہوئے بھی شیطان کو تخلیق کیا تھا کہ وہ بغاوت کرےگا اور آسمان سے گرایا جائے گا تو اس کا یقیناً یہی مطلب ہے کہ شیطان کا زوال ابتدا ہی سے خدا کے خود مختار منصوبے کا حصہ تھا ۔ جن باتوں کو اب تک ہم نے جانا ہے اُن کے پسِ منظر میں اس جواب کے علا وہ کوئی اور جواب ایسا واضح تفہیم پیش نہیں کرتا۔

سب سے پہلے ہمیں اس بات کو سمجھنے کی ضرور ت ہے کہ شیطان کی بغاوت کے بارے میں علم رکھنا اور شیطان کوجان بوجھ کر باغی بنانا دونوں الگ الگ باتیں ہیں ۔ لوسیفر فرشتے کی اپنی ایک آزاد مرضی تھی اور اُس نے اپنے تمام فیصلے آزاد مرضی سے کیے تھے ۔ خدا نے لوسیفر کو شیطان کے طور پر پیدا نہیں کیا تھا ؛ اُس نے اُسے نیک پیدا کیا تھا ( پیدایش 1باب 31آیت)۔

اس علم کے باوجود کہ وہ بغاوت کرے گا خدا نے شیطان کو کیوں تخلیق کیا تھا ، اس بات کو سمجھنے کے لیے ہمیں مندرجہ ذیل حقائق پر بھی غور کرنا چاہیے۔

‌أ. اپنے زوال سے پہلے لوسیفر کی تخلیق کے پیچھے خدا کاایک نیک اور کامل مقصد تھا ۔ لوسیفر کی بغاوت خدا کے اصل ارادے میں کسی طرح کی تبدیلی کا باعث نہیں ہو سکی۔

‌ب. خدا کی خود مختاری شیطان کی زوال پذیر حالت پر بھی غالب ہے ۔خدا شیطان کے بُرے اعمال کو بالآخر اپنے نیک مقصد کی انجام دہی کےلیے استعمال کرنے کی قدرت رکھتا ہے (1تیمتھیس 1باب 20آیت؛ 1کرنتھیوں 5باب 5آیت بھی دیکھیں)۔

‌ج. خدا کا نجات کا منصوبہ ابدیت سے مقرر تھا (مکاشفہ 13باب 8آیت)؛کیونکہ نجات کسی چیز سے بچانے کا تقاضا کرتی ہے اس لیے خدا نے شیطان کی سرکشی اور گناہ کے پھیلاؤ کو نہیں روکا تھا۔

‌د. شیطان کی طرف سے اس دنیا میں لایا گیا مصیبت اور دُکھ درحقیقت ایک ایسا ذریعہ ثابت ہوا جس کے وسیلہ سے یسوع اپنی بشریت میں بنی نوع انسان کا کامل نجات دہندہ بنا ہے :" کیونکہ جس کے لئے سب چیزیں ہیں اور جس کے وسیلہ سے سب چیزیں ہیں اُس کو یہی مناسب تھا کہ جب بہت سے بیٹوں کو جلال میں داخل کرے تو اُن کی نجات کے بانی کو دکھوں کے ذریعہ سے کامل کر لے"(عبرانیوں 2باب 10آیت)۔

‌ه. مسیح میں شیطان کے کام کی مکمل تباہی ابتداء ہی سے خدا کے منصوبے میں شامل تھی ( دیکھیں 1یوحنا 3باب 8آیت)۔

آخر میں ہم یقینی طور پر نہیں جان سکتے کہ خدا نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ شیطان بغاوت کرے گا اُسے کیوں پیدا کیا تھا ۔ یہ خیال کرنا کہ اگرشیطان کو کبھی تخلیق نہ کیا گیا ہوتا تو چیزیں " بہتر" ہونی تھیں یا یہ کہنا کہ خدا کو اس کام کو کسی اور انداز میں کرنا چاہیے تھا کافی پُرکشش ہے ۔ لیکن اس طرح کے مفروضے اور بیانات غیر دانشمندانہ ہیں ۔ درحقیقت ایسا دعویٰ کرنا کہ ہم خدا سے بہتر طور جانتے ہیں کہ کائنات کو کس طرح سے چلانا چاہیے خودکو قادرِمطلق خدا سے بالاتر ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہوئے شیطان کے گناہ میں شامل ہونا ہے ( یسعیاہ 14باب 13-14آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اگر خُدا جانتا تھا کہ شیطان اُس کے خلاف بغاوت کرے گا تو پھر اُس نے اُسے تخلیق ہی کیوں کیا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries