settings icon
share icon
سوال

بائبل انسانی حقوق کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


بائبل مُقدس کے کسی بھی دیانتدارانہ مطالعے کو یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ خُدا کی خصوصی مخلوق کے طور پر انسان کو کچھ خاص "انسانی حقوق سے نوازا گیا ہے۔ بائبل کا کوئی بھی حقیقی طالبعلم مساوات، انصاف اور خاص کرم جیسے نظریات کی بدولت تحریک پائے گا۔ امریکہ کے بانیوں نے اِسے بہت اچھی طرح بیان کیا ہے:"تمام انسان برابر پیدا کئے گئے ہیں، اُن کے خالق نے اُنہیں بعض ناقابلِ فراموش حقوق سے نوازا ہے۔"اِس طرح کا بیان کلامِ مُقدس کے ساتھ بہت اچھی طرح مطابقت رکھتا ہے۔ بائبل میں بیان کیا گیا ہے کہ انسان کو خُدا کی شبیہ پر پیدا کیا گیا ہے (پیدایش 1باب27 آیت)۔ اِس لیے انسان کو ایک خاص وقار اور رتبہ حاصل ہے اور اُسے باقی کی تمام مخلوقات پر اختیار اور غلبہ حاصل ہے (پیدایش 1باب26 آیت)۔

انسان میں خُدا کی شبیہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ قتل کرنا ایک انتہائی گھناؤنا جرم ہے۔" جو آدمی کا خُون کرے اُس کا خُون آدمی سے ہو گا کیونکہ خُدا نے اِنسان کو اپنی صُورت پر بنایا ہے " (پیدایش 9باب6 آیت)۔ سزا کی شدت جرم کی سنگینی کو بیان کرتی ہے۔ موسوی شریعت ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے کہ خُدا کس طرح توقع کرتا ہے کہ ہر ایک کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے۔ دس احکام میں قتل، چوری لالچ اور جھوٹی گواہی دینے سے منع کیا گیا ہے۔ یہ پانچ احکام ہمارے ساتھی آدمیوں کے ساتھ بہتر اخلاقی سلوک کو فروغ دیتے ہیں۔ شریعت کی دیگر مثالوں میں پردیسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے (خروج 22باب21 آیت؛ احبار 19باب33-34 آیات)، غریبوں کی کفالت کے لیے (احبار 19باب10 آیت؛ اِستثنا 15باب7-8 آیات)، غریبوں کو بلا سود قرضے دینے (خروج 22باب25 آیت) اور ہر پچاس سال کے بعد تمام غلاموں کو آزاد کرنے کے احکامات شامل ہیں۔

بائبل میں بیان کیا گیا ہے کہ خُدا تفریق نہیں کرتا یا وہ کسی کی طرفداری نہیں کرتا (اعمال 10باب 34 آیت) ۔ ہر شخص خُدا کی ایک منفرد تخلیق ہے اور وہ ہر ایک سے محبت کرتا ہے (یوحنا 3باب16 آیت؛ 2 پطرس 3باب9 آیت)۔ " امِیرو غرِیب ایک دُوسرے سے ملتے ہیں۔اُن سب کا خالق خُداوند ہی ہے" (امثال 22باب2 آیت)۔ اِس کے جواب میں بائبل یہ تعلیم دیتی ہے کہ مسیحیوں کو کسی کے ساتھ نسل، صنف، ثقافتی پسِ منظر یا سماجی حیثیت کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں کرنا چاہیے (گلتیوں 3باب28 آیت؛ کلسیوں 3باب11 آیت؛ یعقوب 2باب1-4 آیات)۔ ہمیں ہر ایک کے ساتھ مہربانی کرنی چاہیے (لوقا 6باب35-36 آیات)۔ بائبل غریبوں اور پسماندہ لوگوں کا فائدہ اُٹھانے کے خلاف سخت تنبیہ کرتی ہے " مسکین پر ظُلم کرنے والا اُس کے خالق کی اِہانت کرتا ہے لیکن اُس کی تعظیم کرنے والا مُحتاجوں پر رحم کرتا ہے " (امثال 14باب31 آیت)۔

اِس کی بجائے لوگوں سے توقع کی جاتی ہے کہ جو بھی ضرورتمند ہو اُنہیں اُس کی مدد کرنی چاہیے (امثال 14باب21 آیت؛ متی 5باب42 آیت؛ لوقا 10باب30-37 آیات)۔ پوری تاریخ کے دوران مسیحی اپنے ساتھ کے انسانوں کی مدد کی ذمہ داری کو سمجھتے رہے ہیں۔ ہماری دُنیا کے اندر بے شمار اسپتالوں، یتیم خانوں کی بنیاد فکر کرنے والے مسیحیوں نے رکھی تھی۔ تاریخی کی بہت ساری عظیم ترامیم بشمول کئی بُری چیزوں کے خاتمے میں ایسے مسیح مردو خواتین نے قیادت کی تھی جو انصاف کے خواہاں تھے۔

آج بھی مسیحی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے اور تمام لوگوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جب وہ پوری دُنیا میں انجیل کی منادی کررہے ہوتے ہیں تو وہ کنویں بھی کھود رہے ہوتے ہیں، فصلیں لگا رہے ہوتے ہیں، کپڑے دے رہے ہوتے ہیں، دوا دے رہے ہوتے ہیں اور بے سہارا لوگوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ بالکل ویساہی ہے جیسا کہ ہونا چاہیے۔

ایک طرح سےایک مسیحی کے اپنے کوئی "حقوق" نہیں ہیں، کیونکہ اُس نے اپنی زندگی کو مکمل طور پر مسیح کے حوالے کر دیا ہے۔ مسیح ایماندار کا "مالک" ہے۔ " کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارا بدن رُوحُ القُدس کا مَقدِس ہے جو تم میں بسا ہُؤا ہے اور تُم کو خُدا کی طرف سے مِلا ہے؟ اور تُم اپنے نہیں۔کیونکہ قیمت سے خرِیدے گئے ہو ۔ پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہِر کرو " (1 کرنتھیوں 6باب19-20 آیات)۔ لیکن ہم پر خُدا کا اختیار ہم میں مسیح کی شبیہ کی نفی نہیں کرتا۔ خُدا کی مرضی کے تابع ہونے سے خُدا کے اِس حکم کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا کہ " اپنے پڑوسی سے اپنے برابر مُحبّت رکھ۔ " (متی 22 باب39 آیت)۔ درحقیقت جب ہم دوسروں کی خدمت کرتے ہیں تو اُسی وقت ہم خُدا کی سب سے زیادہ خدمت کرتے ہیں (متی 25باب40 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل انسانی حقوق کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries