settings icon
share icon
سوال

انسانی فطرت کیا ہے اور بائبل انسانی فطرت کے بار ےمیں کیا کہتی ہے؟

جواب


انسانی فطرت وہ چیز ہے جو ہمیں واضح طور پر انسان بناتی ہے ۔ ہماری فطرت جانوروں اور باقی مخلوقات سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ ہم سوچ سکتے اور محسوس کر سکتے ہیں ۔ انسانوں اور باقی مخلوقات کے درمیان ایک اہم فرق ہماری پُر دلیل سوچ بچا ر اور تفکر کی صلاحیت ہے ۔ کسی دوسری مخلوق میں یہ صلاحیت موجود نہیں ہے اور اس میں کچھ شک نہیں کہ یہ خدا کی طرف سے عطاکر دہ ایک انوکھی صلاحیت ہے ۔ ہماری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ہمیں نہ صرف اپنی فطرت بلکہ خدا کی فطرت پر غور و خوص کرنے اور اپنی تخلیق کےلیے خدا کی مرضی کے بارے میں جاننے کے قابل بناتی ہے ۔ خدا کی تخلیق کردہ کسی اور مخلوق میں ایسی فطرت موجود نہیں جو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

بائبل سکھاتی ہے کہ خدا نے انسان کو اپنی صورت وشبیہ پر پیدا کیا تھا ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا ہمیں اپنے بارے میں اور اپنے وسیع اور پیچید ہ منصوبے کے بارے میں کسی حد تک سمجھنے کے قابل بناتا ہے ۔ ہماری انسانی فطرت خدا کی ذات میں پائی جانے والے صفات کی ایک محدود حد تک عکاسی کرتی ہے ۔ ہم محبت کرتے ہیں کیونکہ ہم اُس خدا کی شبیہ پر بنائےگئے ہیں جو کہ محبت ہے (1یوحنا 4باب 16آیت)۔ چونکہ ہم اُس کی شبیہ پر بنائے گئے ہیں اس لیے ہم ہمدرد ، وفادار، سچے ، مہربان، صابر اور انصاف پسند ہو سکتے ہیں ۔ ہماری فطرت میں بسے گناہ کے باعث یہ صفات متاثر ہوتی ہیں ۔

درحقیقت خدا کے ہاتھوں تخلیق ہونے کی بدولت انسانی فطرت کامل تھی ۔ بائبل سکھاتی ہے کہ محبت بھرے خدا نے انسان کو " بہت اچھا" بنایا تھا ( پیدایش 1باب 31آیت) لیکن یہ اچھائی آدم اور حوّا کے گناہ کی وجہ سے تباہ ہو گئی تھی ۔ اس کے نتیجے میں تمام انسانیت گناہ آلودہ فطرت کا شکار ہو گئی تھی ۔2کرنتھیوں 5باب 17آیت ہمیں بتاتی ہے "اِس لئے اگر کوئی مسیح میں ہے تو وہ نیا مخلوق ہے۔ پرانی چیزیں جاتی رہیں۔ دیکھو وہ نئی ہو گئیں۔" تقدیس ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے خدا ہماری فطرت کو نیا بناتا ہے اور یہ عمل وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں پاکیزگی میں ترقی کرنے کے قابل بناتا جاتا ہے ۔ یہ بہت سی کامیابیوں او ر ناکامیوں کا حامل مسلسل طور پر جاری رہنے والا عمل ہے اس لیے کہ نئی فطرت جس " خیمہ" ( 2کرنتھیوں 5باب 4آیت) – پرانے انسان ، پرانی فطرت، جسم میں بستی ہے وہ جسم یا فطرت اِس نئی فطرت کے خلاف مزاحمت کرتی ہے ۔ اور جب تک ہم اُس خدا کے حضورجس کی شبیہ پر ہم بنائے گئے ہیں ہمیشہ کےلیے آسمانی جلال نہیں پاتے تب تک ہماری نئی فطرت آزاد نہیں ہو گی ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

انسانی فطرت کیا ہے اور بائبل انسانی فطرت کے بار ےمیں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries