settings icon
share icon
سوال

کیا مسیحیوں کو زائچوں/علمِ نجوم سے مدد لینی چاہیے ؟

جواب


زائچے سے مستفید ہونے کا مقصد تو کسی بھی شخص کے کردار کی گہرائی کے بارے میں جاننا اور اُس کے مستقبل کے بارے میں پیشن گوئی کر پانا ہے۔ علمِ نجوم کا بنیادی ترین عقیدہ یہ ہے کہ ستارے اور سیارے اور اُنکی حرکت ہماری زندگیوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اور وہ لوگ جو اِس بات کا خاص علم رکھتے ہیں – یعنی نجومی – وہ کسی شخص کی زندگی کے آئندہ حالات کے بارے میں اہم باتیں بتا سکتے ہیں۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ زیادہ تر مشہور اخبارات کے اندر ستاروں کی چال کی روشنی میں زندگی کے حالات کا کالم شامل کیا جاتا ہے اور اِس سے بھی بڑھ کر افسوس کی بات یہ ہے کہ بہت سارے مسیحی اُن زائچوں کوپڑھتے ہیں۔


بائبل واضح طور پر افسوں گری، فالگیری، شگون نکالنے یا پُراسرار علم کے استعمال سے منع کرتی ہے (استثنا 18باب10-14آیات)۔ خُدا کے لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف اور صرف اُس کی طرف اپنی توجہ رکھیں (استثنا 18باب15آیت)۔ رہنمائی، معلومات یا مکاشفے کے کسی بھی اور ذریعے کو مکمل طور پر رَد کرنے کا حکم دیا گیا ہے (مزید دیکھئے اعمال 16باب16-18آیات)۔ بائبل مُقدس یسوع مسیح کو ایسی ذات کے طور پر پیش کرتی ہے جسے ہمارے ایمان کا واحد مرکز ہونا چاہیے (اعمال 4باب12آیت؛ عبرانیوں 12باب2آیت)۔ ہمارا توکل صرف اور صرف خُدا کی ذات پر ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ ہر ایک راہ میں ہماری رہنمائی کرے گا (امثال 3باب5-6آیات)۔ خُدا کے علاوہ کسی بھی اور چیز یا ذات پر ایمان رکھنا دراصل گمراہی ہے۔

پس اِس لحاظ سے علمِ نجوم کم از کم دو طرح سے بائبلی تعلیمات کی مخالفت کرتا ہے: یہ خُدا کے علاوہ کسی اور چیز پر ایمان رکھنے کی دلالت کرتا ہے، اور یہ فالگیری اور افسوں گری کی ایک قسم ہے۔ ہم علمِ نجوم یا زائچوں کی مدد سے اپنی زندگیوں کے بارے میں خُدا کی مرضی کو نہیں جان سکتے۔ مسیحی ہوتے ہوئے اپنی زندگیوں میں حکمت اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے ہمیں خُدا سے دُعا کرنے اور بائبل مُقدس کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ زائچوں اور علمِ نجوم سے مدد لینا در اصل خُدا کی طرف سے اپنے بچّوں کے ساتھ باہمی گفتگو کرنے کے طریقہ کار یا ذرائع کی خلاف ورزی کرنا ہے۔ ہم اِس بات پر پختہ ایمان رکھتے ہیں کہ مسیحیوں کو علمِ نجوم اور زائچوں کو رَد کرنا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا مسیحیوں کو زائچوں/علمِ نجوم سے مدد لینی چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries