settings icon
share icon
سوال

سب سے بڑا گناہ کونسا ہے ؟

جواب


ابدیت کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو کوئی بھی گناہ کسی دوسرے گنا ہ سے بڑا نہیں ہوگا۔ تمام گناہ ہمیں خُدا سے جُدا کرتے ہیں اور تمام گناہوں کے لیے کفارے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں "ہلاکت کرنے" اور "قابلِ معافی" ہونے کے لحاظ سے بھی کوئی گناہ کسی دوسرے گناہ سے بڑا نہیں ہوتا جیسا کہ اکثر رومن کیتھولک کلیسیا کے اندر سکھایا جاتا ہے۔ تمام کے تمام گناہ ہی ہلاکت انگیز ہوتے ہیں کیونکہ ایک گناہ بھی کسی انسان کو رُوحانی موت کے لیے مجرم ٹھہرا کر خُدا سے ابدی دوری کا سبب بن جاتا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ کلامِ مُقدس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت کے دن کچھ گناہوں کی سزا دیگر گناہوں کی نسبت زیادہ ہوگی (متی 11باب22 ، 24 آیات؛ لوقا 10باب12، 14 آیات)۔

خُداوند یسوع نے بھی یوحنا 19باب11 آیت میں ایک گناہ کو دوسرے سے بڑا قرار دیا ہے ۔پنطس پیلاطس سے بات کرتے ہوئے اُس نے کہا کہ جس نے اُسے (یسوع کو) پیلاطس کے حوالے کیا ہے اُس کا گناہ زیادہ ہے۔ اُس کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ جس شخص نے اُسے مصلوب ہونے کے لیے حوالہ کیا ہے وہ چاہے یہوداہ ہو یا کیفا، اُس کا عمل پیلاطس کے عمل سے زیادہ قابلِ مذمت اور قابلِ ملامت اِس لیے ہے کیونکہ اُس نے دانستہ طور پر سرد مہری سے یسوع کے تمام معجزات کو دیکھنے اور اُس کی تعلیمات کے گواہ ہونے کے باجود ایسا کیا ہے حالانکہ یہ چیزیں واضح طو رپر اُس کے مسیح ہونے کی طرف اشارہ کر رہی تھیں۔ اُس شخص کا گناہ ایسے لوگوں کے کسی بھی عمل سے زیادہ بڑا اور گھمبیر تھا جو یسوع مسیح سے پوری طرح واقف نہیں تھے۔ یہ بات اِس چیز کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ وہ لوگ جنہیں یسوع مسیح کی ذات کا علم عطا کیا گیا ہے اور اِس کے باوجود وہ اُسے رَد کرتے ہیں وہ اُن لوگوں سے زیادہ سزا پائیں گے جو اپنی زندگی میں خُداوند یسوع کو جان ہی نہیں پائے: " اگر تم اندھے ہوتے تو گنہگار نہ ٹھہرتے ۔ مگر اب کہتے ہو کہ ہم دیکھتے ہیں ۔ پس تمہارا گُناہ قائِم رہتا ہے" (یوحنا 9باب41 آیت)۔

تاہم یہ واقعات اِس بات کو ثابت نہیں کرتے کہ ایک گناہ دوسرے گناہ سے بڑا ہوتا ہے۔ امثال 6باب16-19 آیات اُن سات گناہوں کی فہرست ہے جن سے خُدا نفرت کرتا ہےاور جو اُس کے نزدیک کراہیت انگیزہیں: " چھ چیزیں ہیں جن سے خُداوند کو نفرت ہے بلکہ سات ہیں جِن سے اُسے کراہیت ہے۔اُونچی آنکھیں ۔ جُھوٹی زُبان۔ بے گُناہ کا خُون بہانے والے ہاتھ۔بُرے منصُوبے باندھنے والا دِل۔ شرارت کے لئے تیز رَو پاؤں۔جُھوٹا گواہ جو دروغ گوئی کرتا ہے اور جو بھائیوں میں نِفاق ڈالتا ہے۔ " لیکن اِن ساتوں میں سے کسی ایک کی بھی دوسرے سے بڑے گناہ کے طور پر نشاندہی نہیں کی گئی اور اِن میں سے کسی ایک کو بھی سب سے بڑا گناہ نہیں کہا گیا۔

اگرچہ بائبل میں کسی ایک گناہ کو کسی بھی دوسرے گناہ سے زیادہ بڑا نہیں کہا گیا، لیکن بائبل میں ایک ناقابلِ معافی گناہ کا حوالہ ضرور دیا گیا ہے جو کہ کفر کہنا /بکنا ہے۔ جو شخص بے ایمان ہوتے ہوئے مر جاتا ہے اُس کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔ بائبل مُقدس واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ انسانوں سے محبت کی وجہ سے خُدا نے ایمان لانے والوں کی ابدی نجات کا ذریعہ یعنی صلیب پر خُداوند یسوع مسیح کی موت کو مہیا کیا (یوحنا 3باب16 آیت)۔ ایک ہی وجہ ہے جو کسی کو معافی نہ ملنے کا باعث بنے گی اور وہ ہے نجات کے واحد ذریعے کو رَد کرنا۔ خُداوند یسوع نے کہا ہے کہ "راہ اور حق اور زندگی مَیں ہوں، کوئی میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا" (یوحنا 14باب6 آیت)۔یہ بات اِس چیز کو مکمل طور پر واضح کر دیتی ہے کہ صرف اور صرف یسوع مسیح ہی نجات کا واحد راستہ ہے۔ پس نجات کے واحد راستے یا ذریعے کو رَد کرنا ناقابلِ معافی گناہ ہے اور اِس لحاظ سے یہ سب سے بڑا گناہ ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

سب سے بڑا گناہ کونسا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries