سوال
انجیل کے پیغام کے لازمی اجزاء کون کونسے ہیں؟
جواب
لفظ " انجیل " کا مطلب " خوشخبری" ہے اور اس کی بہترین تعریف "یسوع مسیح کے کفارہ بخش کام کے وسیلہ سے گناہوں کی معافی کے پیغام" کے طور پر کی جا سکتی ہے ۔ یہ بنیادی طور پر اُن لوگوں کےلیے خدا کی طر ف سے مخلصی کا منصوبہ ہے جو راستباز اور مُقدس خدا کے ساتھ صلح کے لیے اُس کے الٰہی اکلوتے بیٹے پر ایمان لائیں گے ۔ اس نجات بخش پیغام کے لازمی عناصر کوہمارے لیے بائبل میں واضح طور پر پیش کیا گیا ہے ۔
کرنتھس کے نام اپنے پہلے خط میں پولس رسول خوشخبری کے پیغام کے لازمی اجزاء کو بیان کرتا ہے "اب اَے بھائیو! مَیں تمہیں وُہی خوشخبری جتائے دیتا ہوں جو پہلے دے چکا ہوں جسے تم نے قبول بھی کر لِیا تھا اور جس پر قائم بھی ہو۔ اُسی کے وسیلہ سے تم کو نجات بھی ملتی ہے بشرطیکہ وہ خوشخبری جو مَیں نےتمہیں دی تھی یاد رکھتے ہو ورنہ تمہارا اِیمان لانا بے فائدہ ہوا۔ چنانچہ مَیں نے سب سے پہلے تم کو وُہی بات پہنچا دی جو مجھے پہنچی تھی کہ مسیح کِتابِ مُقدّس کے مطابق ہمارے گناہوں کے لئے مُوا۔ اور دفن ہُوا اور تیسرے دِن کِتابِ مُقدّس کے مطابق جی اُٹھا"( 1کرنتھیوں 15باب 1-4آیات )۔
اس حوالے میں ہم خوشخبری کے پیغام کے تین لازمی عناصر یا اجزاء کو دیکھتے ہیں ۔ پہلے نمبر پر، یہ فقرہ کہ " ہمارے گناہوں کے لئے مُؤا " بہت اہم ہے ۔ جیسا کہ رومیوں 3باب 23آیت ہمیں بتاتی ہے کہ "اِس لئے کہ سب نے گناہ کِیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں"۔ وہ تمام لوگ جو خدا کے نجات کے تخت تک رسائی حاصل کرتے ہیں اُنہیں گناہ کی حقیقت کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے ۔ معافی کے حصول کےلیے ایک گنہگارکو خدا کے سامنے اپنے احسا سِ گناہ کے بارےمیں نا اُمیدی کا اعتراف کرنا اور اس بات کو سمجھنا چاہیے کہ " گناہ کی مزدوری موت ہے " ( رومیوں 6باب 23آیت)۔ انجیل کا کوئی بھی بیان اس بنیادی سچائی کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا ہے ۔
دوسرے نمبر پر، مسیح کی ذات اور اُس کا نجات بخش کام خوشخبری کے پیغام کے ناگریزاجزاء ہیں ۔ یسوع مسیح ایک ہی وقت میں خدا ( کلسیوں 2باب 9 آیت) اور انسان (یوحنا 1باب 14آیت) دونوں ہے ۔ یسو ع نے بے خطا زندگی بسر کی تھی اور ایسی زندگی کبھی کوئی انسان بسر نہیں کر سکتا(1پطرس 2باب 22آیت)۔ صر ف وہی ایک ایسی شخصیت ہے جو گنہگاروں کے فدیے میں جان دے سکتا تھا ۔ لامحدود خدا کے خلاف کیا گیا گناہ لامحدودقربانی کا تقاضا کرتا ہے ۔ لہذا انسان جو محدود ہے یا تو اُسے لامحدود وقت کےلیے جہنم کی سزا کو برداشت کرنا ہوگا یا پھر لا محدود مسیح کو ایک ہی بار اُسکے گناہ کی قیمت کو ادا کرنا ہوگا۔ یسوع نے گناہ کے اُس قرض کو ادا کرنے کےلیے صلیبی موت کا سامنا کیا تھا جس کےلیے ہم خدا کے مقروض تھے اور جن لوگوں نے اُس کی قربانی کو اپنے لیے قبول کر لیا ہے وہ شاہزادوں کی حیثیت سے خدا کی بادشاہی کے وارث ہوں گے ( یوحنا 1باب 12آیت)۔
تیسرے نمبر پر، مسیح کا جی اُٹھنا خوشخبری کے پیغام کا لازمی جزو ہے۔ یسوع کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا خدا کی قدرت کا ثبوت ہے ۔ جس نے زندگی کو پیدا کیا تھا صرف وہی موت کے بعد اُسے زندہ کر سکتا ہے ۔ صرف وہی موت کے بھیانک عمل کو پلٹ سکتا ہے ۔ صرف یسوع ہی موت کے ڈنگ کو نکال سکتا اور قبر پر فتح پا سکتا ہے ( 1کرنتھیوں 15باب 54-55آیات ) ۔ مزید یہ کہ دنیا کے دوسرے مذاہب کے برعکس مسیحیت کے پاس ایک ایسا بانی ہے جو موت پر اختیار رکھتا اور یہ وعدہ کرتا ہے کہ اُس کے ماننے والے بھی ایسا ہی کریں گے ۔ دوسرے تمام مذاہب ایسے انسانوں اور نبیوں کی طرف سے قائم کئے گئے ہیں جن سب کا انجام قبر تھا ۔
آخری بات ، مسیح اپنی نجات کو مفت تحفے کے طور پر پیش کرتا ہے ( رومیوں 5باب 15آیت؛ 6باب 23آیت)جو ہمارے اعمال یا ہماری کسی قابلیت کی بجائے صرف ایمان کے وسیلہ سے حاصل ہو سکتا ہے ( افسیوں 2باب 8-9آیات)۔ جیسا کہ پولس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ وہ "اِنجیل سے شرماتا نہیں۔ اِس لئے کہ وہ ہر ایک اِیمان لانے والے کے ۔۔۔۔۔۔ واسطے نجات کے لئے خُدا کی قُدرت ہے"( رومیوں 1باب 16آیت)۔ رومیوں 10 باب 9 آیت میں وہ فرماتا ہے کہ " اگر تُو اپنی زُبان سے یسو ع کے خُداوند ہونے کا اِقرار کرے اور اپنے دِل سے اِیمان لائے کہ خُدا نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا تو نجات پائے گا"۔
پس یہ خوشخبری کے پیغام کے لازمی عناصر/اجزاء ہیں : تمام بنی نوع انسان کا گناہ ، اِس گناہ کے کفارے کےلیے مسیح کی صلیبی موت ، اُس کی پیروی کرنے والوں کےلیے ہمیشہ کی زندگی کی فراہمی کی خاطر مسیح کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا اور سب انسانوں کےلیے نجات کے مفت تحفے کی پیش کش!
English
انجیل کا پیغام