settings icon
share icon
سوال

کیا نوؔحؔ کا طوفان عالمگیر تھا یا پھر علاقائی ؟

جواب


طوفان سے تعلق رکھنے والے بائبل کے حوالہ جات اِس بات کو واضح کرتے ہیں کہ طوفانِ نوؔح عالمی سطح پرآیا تھا ۔ پیدایش 7باب 11آیت بیان کرتی ہے " نوؔح کی عُمر کا چھ سَواں سال تھا کہ اُس کے دُوسرے مہینے کی ٹھیک سترھویں تاریخ کو بڑے سمندر کے سب سوتے پھوٹ نکلے اور آسمان کی کھڑکیاں کھل گئیں"۔ پیدایش 1باب 6-7آیات اور 2باب 6آیت ہمیں بتاتی ہیں کہ طوفان سے پہلے کا ماحول ہمارے آج کل کے ماحول کے مقابلے میں بہت مختلف تھا ۔ ان حوالہ جات اور بائبل کے دیگر بیانات کی بنیاد پر یہ مناسب طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ایک ایسا وقت بھی تھا جب پانی کے شامیانے(زمین کے گرد فضا میں پانی کے اوزون نے ) زمین کو ڈھکا ہوا تھا ۔ یہ ایک قسم کا بخاراتی شامیانہ ہو سکتا ہے یاپھر ممکن ہے کہ جیسے سیارہ زحل کے گرد برف کے مدار پائے جاتے ہیں یہ ویسا ہی پانی کا مدار تھا ۔یہ بخاراتی پانی اورزِیر زمین پانی ملا کر زمین پر چھوڑ دیا گیا ہوگا (پیدایش 2باب 6آیت )جن کے باعث زمین پر عالمگیر طوفان آیا ہو گا۔

پیدایش 7باب 19-23آیات واضح طور پر طوفان کے حجم اور وسعت کو ظاہر کرتی ہیں :" اور پانی زمین پر بہت ہی زِیادہ چڑھا اور سب اُونچے پہاڑ جو دُنیا میں ہیں چھپ گئے۔ پانی اُن سے پندرہ ہاتھ اَور اُوپرچڑھا اور پہاڑ ڈُوب گئے۔ اور سب جانور جو زمین پر چلتے تھے پرندے اور چوپائے اور جنگلی جانور اور زمین پر کے سب رینگنے والے جان دار اور سب آدمی مر گئے۔ اور خشکی کے سب جان دار جن کے نتھنوں میں زِندگی کا دَم تھا مَر گئے۔ بلکہ ہر جان دار شَے جو رُویِ زمین پر تھی مَر مٹی ۔ کیا اِنسان کیا حَیوان ۔ کیا رینگنے والا جان دار کیا ہوا کا پرندہ یہ سب کے سب زمین پر سے مَر مٹے ۔ فقط ایک نوؔح باقی بچا یا وہ جو اُس کے ساتھ کشتی میں تھے"۔

مندرجہ بالا حوالے میں نہ صرف لفظ " سب " کا کئی بار استعمال کیا گیا بلکہ ہم ایسے بیانات کو بھی دیکھتے ہیں کہ "سب اُونچے پہاڑ جو دُنیا میں ہیں چھپ گئے"،" پانی اُن سے پندرہ ہاتھ اَور اُوپرچڑھا اور پہاڑ ڈُوب گئے " اور " سب جانور جو زمین پر چلتے تھے پرندے اور چوپائے اور جنگلی جانور اور زمین پر کے سب رینگنے والے جان دار اور سب آدمی مَر گئے۔ " یہ تمام تفصیل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ ایک عالمی طوفان نے ساری زمین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ نیزاگر طوفان مقامی یا علاقائی سطح پرآیا تھا تو خدا نے نوؔح کو کشتی بنانے کا حکم کیوں دیا اِس کی بجائے خدا نوؔح اور جانوروں کو کسی اور علاقے یا ملک میں چلے جانے کو بھی کہہ سکتا تھا۔ اور پھر خدا نے نوؔح کو اتنی بڑی کشتی بنانے کو کیوں کہا جس میں زمین پر پائے جانے والے تمام قسم کے جانوروں کے لیے جگہ ہو؟ اگر طوفان نے محض علاقائی یا مقامی سطح پر آنا تھا تو کشتی بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ۔

2پطرس3باب 6-7آیات میں پطر س بھی طوفان کی ہمہ گیریت کو بیان کرتا ہے ، جس میں وہ کہتا ہے " اِن ہی کے ذرِیعہ سے اُس زمانہ کی دُنیا ڈُوب کر ہلاک ہُوئی۔ مگر اِس وقت کے آسمان اور زمین اُسی کلام کے ذرِیعہ سے اِس لئے رکھّے ہیں کہ جلائے جائیں اور وہ بے دِین آدمیوں کی عدالت اور ہلاکت کے دِن تک محفُوظ رہیں گے۔"اِن آیات میں پطرس آئندہ زمانے میں آنے والے " عالمی" عذاب کا موازنہ نوؔح کے زمانے میں آنے والے طوفان سے کرتا ہے اور بیان کرتا ہے کہ اُس وقت کی بے دین دنیا پانی کے طوفان کی وجہ سے ہلا ک ہوئی تھی ۔ مزید یہ کہ بہت سے بائبلی مصنفین عالمگیر طوفان کے بیان کو تاریخی حقائق پر مبنی مانتے ہیں ( یسعیاہ 54باب 9آیت؛ 1پطرس 3باب 20آیت؛ 2پطرس 2باب 5آیت؛ عبرانیوں 11باب 7آیت)۔ آخر میں ، خداوند یسوع مسیح بھی طوفانِ نوؔح کی ہمہ گیریت کو مانتا تھا اوروہ اخیر زمانے میں اپنی دوسری آمد کے وقت رونما ہونے والی دنیا کی تباہی کو علامتی طور پر اُس طوفان سے تشبیہ دیتا ہے (متی 24باب 37- 39آیات؛ لوقا 17باب 26- 27آیات)۔

بائبل کے علاوہ بھی بہت سے شواہد موجود ہیں جو ایک عالمگیر آفت جیسا کہ عالمگیر طوفان کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ ہر براعظم میں فوسلوں پر مشتمل وسیع قبرستان اور کوئلے کے بڑے بڑے ذخائر ملے ہیں جن کےلیے درختوں اور پودوں کی بڑی تعداد کو بڑی تیزی سے دفن کرنے یا دفن ہو جانے کی ضرورت تھی ۔ دنیا بھر کی پہاڑی چوٹیوں پر بہت سے سمندری فوسل ملے ہیں ۔ دنیا کے تمام حصوں میں پائی جانے والی مختلف ثقافتوں میں عالمی طوفان سے متعلق کئی داستانیں پائی جاتی ہیں۔ یہ سب اور دیگر بہت سے حقائق ایک عالمگیر طوفان کا ثبوت پیش کرتے ہیں ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا نوؔحؔ کا طوفان عالمگیر تھا یا پھر علاقائی ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries