settings icon
share icon
سوال

مددگار کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟

جواب


مدد گار کی روحانی نعمت بائبل میں پائی جانے والی رُوحانی نعمتوں کی فہرستوں میں سے ایک فہرست میں پائی جاتی ہے ۔ 1کرنتھیوں 12باب 28آیت میں جس یونانی لفظ کا ترجمہ "مدد گار" کیا گیا ہے وہ نئے عہد نامے میں صرف اِسی حوالے میں پایا جاتا ہے؛لہذا مدد گار کی نعمت کے اصل معنی کچھ غیر واضح ہیں۔ "مدد گار"ترجمہ کئے گئے لفظ کا لغوی معنی "آرام دینا، معانت کرنا ، حصہ لینا اور/یا مدد کرنا" ہے ۔مدد گار کی نعمت کے حامل وہ لوگ ہیں جو کلیسیا میں ہمدردی اور شائستگی کے ساتھ دوسروں کی مدد یا معاونت کر سکتے ہیں۔ اس نعمت کے استعمال کی وسعت بہت وسیع ہے جو روز مرہ کے کاموں میں لوگوں کی مدد کرنے سے لے کر کلیسیا کے انتظامی امورمیں مدد کرنے تک کا احاطہ کرتی ہے ۔

مدد گار کی نعمت کلیسیا میں مختلف صورتوں میں ظاہر ہو سکتی ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ مدد کرنے کی نعمت اُن لوگوں کو ملی ہوتی ہے جو " مدد کا ہاتھ بڑھانے " اور یہاں تک کہ انتہائی عام اور نا پسندید ہ کاموں کو بھی عاجزی اور شائستگی کے ساتھ کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ مددگار اکثر وہ لوگ ہوتے ہیں جو گرجا گھر کی عمارتوں اور احاطوں کے آس پاس زیادہ تر گمنام حالت میں رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں۔ دیگر لوگ مدد گار کی نعمت کو بیواؤں اور بوڑھوں یا خاندانوں کی روزمرّہ کے کاموں کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنے یا لوگوں کے ساتھ رہتے ہوئے اُن معاملات میں معاونت فراہم کرنے کے طور پر دیکھتے ہیں جہاں مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ مددگار مسیح کے بدن کی مدد اور حمایت کرتے ہوئے خدمت کی نعمت کی وسیع ترین مفہوم میں تشریح کرتے ہیں ۔

لیکن مدد گارکی نعمت کا شاید اس سے کہیں زیادہ گہرا مفہوم بھی ہے۔ چونکہ یہ رُوح القدس کی طرف سے دی گئی اُن رُوحانی نعمتوں میں سے ایک ہے جن سب کا مقصد مسیح کے بدن کو ترقی دینا ہے ، لہذا مدد گار کی نعمت کا رُوحانی پہلو ممکنہ طور پر اِس کے عملی پہلو سے بھی زیادہ اہم ہے۔ مدد گار کی رُوحانی نعمت رکھنے والوں کو ایسے لوگوں کی شناخت کرنے کی منفرد صلاحیت بخشی گئی ہوتی ہے جو شک، خوف اور دیگر رُوحانی لڑائیوں کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں۔ اس نعمت کے حامل لوگ رُوحانی مدد کے طالب لوگوں کی جانب مہربان الفاظ ، شائستہ اور ہمدردانہ برتاؤ، اور قائل اور محبت کرنے والے انداز میں بائبلی سچائی بیان کرنے کی منفرد صلاحیت کے ساتھ قدم بڑھاتے ہیں ۔ رُوحانی طور پر کمزور اور تھکے ہوئے لوگوں کے لیے اُن کے الفاظ " رُوپہلی ٹوکریوں میں سونے کے سیب " (امثال 25باب 11آیت)کی طرح ہوتے ہیں ۔ یہ مسیحی مددگار شکستہ دل کی بے چینی کو خوشی اور اعتماد کے ساتھ بیان کئے گئے سچائی اور خوشی کے الفاظ کی مدد سے ختم کر سکتے ہیں۔

خدا کی حمد کرو کہ وہ ہمیں اچھی طرح جانتا ہے۔ وہ ہماری تمام ضروریات اور مشکلات کو جانتا ہے اور اُس نے خصوصی افراد کو مدد کی نعمت بخشی ہے جو رحم، مہربانی اور محبت کے ساتھ دوسروں کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ قابلِ قدر مقدسین اُن مختلف طرح کے بوجھوں کو اٹھانے میں مدد کر کے ہمارےدِلوں کو تقویت بخش سکتے ہیں جو ہم اکیلے اٹھا نہیں سکتے اور نہ ہی ہمیں اُٹھانا چاہیے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مددگار کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries