سوال
شفا کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟
جواب
شفا کی رُوحانی نعمت خدا کے رُوح کا مافوق الفطرت ظہور ہے جو بیماری اور/یا کمزوری سے معجزانہ طور پر شفا یا بحالی بخشتا ہے۔ یہ خدا کی قوت ہے جو انسانی بدن میں گناہ اور/یا شیطان کے کام کو ختم کر تی ہے، ایسی شفا ئیں جو خُداوند یسوع اور شاگرد عمل میں لاتے تھے (متی 4باب 24آیت؛ 15 باب 30 آیت؛ اعمال 5باب 15-16آیات؛ 28باب 8-9آیات)۔ کلیسیا کو دی جانے والی شفا کی نعمت خصوصاً 1کرنتھیوں 12باب میں درج ہے جہاں دیگر رُوحانی نعمتوں کا ذکر کیا جاتا ہے ۔
رُوحانی نعمتیں مسیحیوں کو رُوح القدس کے وسیلہ سے خدا کی طرف سے دئیے گئے اختیارات، صلاحیتیں، قابلیتیں یا علوم ہیں۔ پولس کلیسیا کو بتاتا ہے کہ رُوحانی نعمتوں کا مقصد دوسرے ایمانداروں کی اصلاح کرنا اور بالآخر خدا کی تمجید کرنا ہے۔ خُدا یہ نعمتیں اپنے نام کے جلال کے استعمال کے لیے دیتا ہے لیکن کرنتھس کی کلیسیا میں یہ بظاہر ایک قسم کے رتبے کی علامت یا برتری کا اظہار کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 1کرنتھیوں 12باب 9آیت شفا کی " نعمتوں " کا صیغہ جمع میں ذکر کرتی ہے جس سے اِس بات کی نشاندہی ہو سکتی ہے کہ شفا کی مختلف نعمتیں ہیں۔ شفا کی نعمت کے مفہوم میں صلاحیتوں اور قابلیتوں کی ایک وسیع تعداد ہو سکتی ہے۔ یہ لنگڑے کو چلنے کے قابل بنانے جیسی معجزانہ یا حیرت انگیز شفا دینے کی قوت یا دوا کے استعمال یا شعور کے وسیلہ سے شفا دینا ہو سکتا تھا۔ یہ جذباتی زخم کو بھرنے کی خاطر دوسروں سے ہمدردی اور محبت کا اظہار کرنے کی صلاحیت بھی ہو سکتی ہے۔
مسیحیوں میں شفا کی نعمت کے استعمال کے حوالے سے کافی بحث ہوتی رہی ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شفا کی نعمت اور کچھ دیگر نشانوں کی نعمتیں آج کل کام نہیں کر رہیں جبکہ دوسروں کا خیال ہے کہ معجزاتی نعمتیں آج بھی کام کر رہی ہیں۔ شفا کی طاقت بلاشبہ اِس نعمت کے حامل شخص میں بذات ِ خود کبھی نہیں تھی۔ شفا دینے کی طاقت صرف اور صرف خدا کی طرف سے ہے۔ اگرچہ خُدا آج بھی شفا دیتا ہے لیکن ہمارا ماننا ہے کہ اُس کے شفا کی نعمت کے وسیلہ سے شفا دینے کا تعلق بنیادی طور پر پہلی صدی کی کلیسیا کے رسولوں سے تھا تاکہ اِس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ اُن کا پیغام خُدا کی طرف سے تھا (اعمال 2 باب 22آیت؛ 14باب 3آیت)۔
خدا آج بھی معجزات کرتا ہے۔ خدا آج بھی لوگوں کو شفا دیتا ہے۔ کوئی بات خدا کو کسی ایک شخص کی خدمت کے وسیلہ سے دوسرے شخص کو شفا دینے سے روک نہیں سکتی ۔ بہرحال بحیثیت ایک رُوحانی نعمت کے شفا کی معجزانہ نعمت آج کل کام کرتی دکھائی نہیں دیتی ۔ خدا جس بھی انداز میں مناسب سمجھے یقیناًمداخلت کر سکتا ہے چاہے یہ "عام" انداز میں ہو یا کسی معجزے کے وسیلہ سے ۔ ہماری نجات بذات خود ایک معجزہ ہے۔ ہم گناہ میں مر چکے تھےلیکن ہماری زندگیوں میں آ کر خُدا نے ہمیں نیا مخلوق بنایا ہے (2 کرنتھیوں 5باب 17آیت)۔ یہ سب سے بڑی شفا ہے۔
English
شفا کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟