settings icon
share icon
سوال

ایمان کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟

جواب


ایمان کی رُوحانی نعمت 1کرنتھیوں 12باب میں درج رُوح کی نعمتوں کی فہرست میں پائی جاتی ہے ۔ 9آیت بیان کرتی ہے کہ کچھ لوگوں کو ایمان کی نعمت دی گئی ہے لیکن یہاں اس نعمت کی خاص وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ تمام ایمانداروں کو خدا کی طرف سے نجات کے واحد وسیلے کے طور پر نجات بخش ایمان عطاکیا گیا ہے (افسیوں 2باب 8-9آیات)لیکن تمام ایمانداروں کو ایمان کی رُوحانی نعمت نہیں دی گئی ہے۔ رُوح القدس کی تمام نعمتوں کی طرح ایمان کی رُوحانی نعمت بھی سب کو" فائدہ پہنچانے "یعنی مسیح کے بدن کی ترقی کے لیے عطا کی گئی ہے (1 کرنتھیوں 12باب 7آیت)۔

ایمان کی نعمت کی ایک ایسی خاص نعمت کے طور پر تعریف کی جا سکتی ہے جس کے تحت رُوح القدس مسیحیوں کو خدا کے وعدے، قوت اور موجودگی پر غیر معمولی اعتقاد فراہم کرتا ہے تاکہ وہ کلیسیا میں خدا کے کام کے مستقبل کی خاطر شاندار فیصلے لے سکیں۔ ایمان کی رُوحانی نعمت خدا، اُس کے کلام اور اس کے وعدوں پر مضبوط اور غیر متزلزل یقین کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ ایمان کی رُوحانی نعمت کے حامل لوگوں کی مثالیں عبرانیوں 11باب میں درج ہیں۔ یہ باب جسے اکثر "بڑے ایمانداروں کا خصوصی ذکر کرنے والا باب" کہا جاتا ہے اُن لوگوں کے متعلق بیان کرتا ہے جن کے حیرت انگیز ایمان نے اُنہیں نمایاں اور مافوق الفطرت کام کرنے کے قابل بنایا تھا۔ یہاں ہم نو ح کو ایک ایسے دور میں 120 سال ایک بڑی کشتی بنانے میں صرف کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جب بارش کا کوئی وجود نہ تھا اور ابرہام کے اِس ایمان کو دیکھتے ہیں کہ وہ ایک بچّے کا باپ بنے گا جبکہ اُس کی بیوی کی بچّہ پیدا کرنے کی قدرتی صلاحیت ختم ہو چکی تھی ۔ خدا کی طرف سے ایمان کی خصوصی نعمت کے بغیر ایسی باتیں ناممکن تھیں۔

تمام رُوحانی نعمتوں کی طرح ایمان کی رُوحانی نعمت بھی کچھ مسیحیوں کو دی جاتی ہے جو پھر اُسے مسیح کے بدن میں دوسرے ایمانداروں کی ترقی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ وہ لوگ جو ایمان کی رُوحانی نعمت رکھتے ہیں وہ خدا پر ایسےواضح اعتقاد کا مظاہر ہ کرنے کے باعث اپنے ساتھی ایماندارو ں کے لیے ترغیب کا وسیلہ ہوتے جو اُن کے الفاظ اور کاموں سے ظاہر ہوتا ہے۔ نہایت ایماندار لوگ عاجزانہ دین داری اور خدا کے وعدوں پر اعتماد کا اس قدر گہرااظہار کرتے ہیں کہ اکثر وہ بالکل بے خوف اور سرگرم ہونے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ اس باپ پر قائل ہوتے ہیں کہ انجیل اور خدا کے مقاصد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی اور انہیں اتنا یقین ہے کہ خدا اپنے مقصد کی ترقی کو یقینی بنائے گا ۔ اور ایسے یقین کی بدولت وہ اُس کی بادشاہت کے فروغ میں اکثر باصلاحیت اور ماہر مبلغین اور استادوں سے کہیں زیادہ کام کر جاتے ہیں۔

پس خلاصہ یہ ہے کہ خُدا تمام مسیحیوں کو نجات بخش ایمان عطا کرتاہے۔ جبکہ ایمان کی رُوحانی نعمت کچھ ایسے لوگوں کو دی جاتی ہے جو اپنے مسیحی چال چلن میں ایمان کاانتہائی بڑا مظاہرہ کرتے ہیں اور جو اپنے ایمان کے وسیلہ سے دوسروں کے لیے خوشی اور حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ایمان کی رُوحانی نعمت کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries