settings icon
share icon
سوال

بائبل میں بیان کردہ کوئی پُشت/ نسل کتنےوقتی دورانیے پر محیط ہے؟

جواب


بائبل پُشت /نسل کی اصطلاح کااستعمال مختلف انداز سے کرتی ہے۔ عام طور پر لفظ پُشت /نسل اُن تمام لوگوں کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ایک مخصوص دور میں پائے جاتے ہیں -یعنی بائبل میں موجود لفظ وہی مفہوم دیتا ہے جو جدید دور میں جنریشن ایکس یا ملینیم جنریشن کی اصطلاحات کا استعمال کرتے وقت ہمارے ذہنوں میں ہوتا ہے ۔ عام طور پر کوئی پُشت تقریباً تیس سال کی ہوتی ہے؛ ایک نسل آئندہ نسل کو جنم دیتی ہے۔ تاہم کچھ بائبلی سیاق و سباق میں کوئی "پُشت /نسل" ایک طویل دور یا لوگوں کے کسی ایسےگروہ کا حوالہ دے سکتی ہےجو ایک لمبےعرصے کےدورانیے میں ہو گزرتے ہیں ۔

پیدایش 2باب 4آیت میں " آسمان اور زمین کی پَیدایش " پوری انسانی تاریخ -کائنات کی تخلیق سے شروع ہونے والے دور پر مشتمل نظر آتی ہے ۔ خروج 1باب 6آیت میں مرنے والی "پُشت " سے مراد ہر وہ شخص ہے جو یوسف اور اُس کے بھائیوں کی زندگی کے دوران زندہ تھا۔ گنتی 32باب 13 آیت میں درج "پُشت " صرف اسرائیلیوں تک محدود ہے - اُن لوگوں کا گروہ جو وعدے کی سرزمین میں داخل ہونے سے انکار کے وقت بیس سال اور اس سے زیادہ عمر کے تھے ۔ یشوع اور کالب کے سوائے اُس پسُت کے لیے اُس وقت تک بیابان میں بھٹکتے رہنا طے تھاجب تک سب مر نہ جاتے ۔ بائبل میں یسعیاہ 51باب 9آیت اور اعمال 14باب 16آیت کی طرح جب لفظ پُشت صیغہ جمع میں استعمال ہوتا ہے تو یہ غیر معینہ مدت کی طرف اشارہ کرتا ہے- یعنی یکے بعد دیگرے رونما ہونے والی بہت سی نسلیں۔

بائبل کی اصل زبانوں میں کم از کم تین الگ الگ ایسے الفاظ استعمال ہوتے ہیں جن کا انگریزی زبان میں"جنریشن/پُشت " ترجمہ کیا جاتا ہے۔ عبرانی لفظ ڈور/ dor ایک عام انسانی پُشت/نسل کا حوالہ دے سکتا ہے جیسا کہ خروج 1باب 6آیت میں ہے۔ لیکن یہ کسی امتیازی قسم کے لوگوں کی شناخت کے لیے استعاراتی طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر 78زبور 8آیت بیان کرتی ہے"اپنے باپ دادا کی طرح سرکش اور باغی نسل نہ بنیں۔ اَیسی نسل جس نے اپنا دِل درُست نہ کِیا اور جس کی رُوح خُدا کے حضُور وفادار نہ رہی"۔ یہاں "ڈور" کا لفظ دو بار استعمال کیا گیا ہے جو لوگوں کے ایک ایسے گروہ کا حوالہ دیتا جو ایک طویل عرصے تک سرکشی اور گناہ میں مبتلاتھے۔ 78زبور 8آیت میں "نسل" ایک عام تیس سالہ عرصے تک محدود نہیں ہے بلکہ اسرائیل کی گذشتہ تاریخ کے ان تمام لوگوں کا احاطہ کرتی ہے جو خدا کے خلاف ضدی تھے۔

دوسرا عبرانی لفظ جس کا ہم "پُشت /نسل" کے طور پر ترجمہ کرتے ہیں وہ" ٹول ڈوتھ" ہے۔ یہ کسی گروہ کے کردار یا دور کی خصوصیت کا حوالہ نہیں دیتا بلکہ اس بات کا حوالہ دیتا کہ یہ دور کیسے شروع ہوا تھا۔ پس پیدایش 2باب 4آیت میں " آسمان اور زمین کی پیدایش" سے مراد وہ ادوار ہیں جو تخلیق کے ساتھ شروع ہوئے اور بنیادی طور پر ا ُس وقت سے جاری ہیں۔ پیدایش 5باب 1آیت میں "آدم کا نسب نامہ/پُشت " سے مراد لوگوں کی وہ تہذیب ہے جو آدم کے ساتھ شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد نوح کا "نسب نامہ /پُشت " ہے جس میں طوفان اور اس کے بعد آنے والی تہذیبیں شامل ہیں ۔ سم کے اثر و رسوخ کی "نسب نامہ/پُشت" کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے کیونکہ وہ سامیوں کا باپ تھا (پیدایش 11باب 10آیت )۔ اور تارح کی بھی اپنے بیٹے ابرام کے ساتھ اُر سے نقل مکانی کرنے کی وجہ سے نشاندہی کی گئی تھی (پیدایش 11باب 27آیت )۔ بعد میں اسمٰعیل (پیدایش 25باب 12 آیت) اور اضحاق (پیدایش 25باب 19آیت) نئی نسلوں کے جدِ امجد تھے۔ ہر معاملے میں لوگوں نے یا تو کسی ایسے واقعے کا تجربہ کیا یا اُس کا سبب بنے تھے جس نے اُن کے خاندانی سلسلے کو بدل کر رکھ دیا تھا۔ وہ ثقافت کو تبدیل کرنے والے کسی واقعے کا سبب ثابت ہوئے تھے ۔

نئے عہد نامے میں یونانی لفظ جینیا/ genea لفظ نسل کا ماخذ ہے۔ یہ دونوں عبرانی الفاظ" ڈور اور ٹول ڈوتھ" کی طرح ہے۔ لفظی طور پراس کا مطلب "بانی،شروع کرنے والا ، پیدائش " ہے جو کسی نسلی سلسلے کا حوالہ دیتا ہے ۔ لیکن اِسے کسی مخصوص ثقافتی رویے سے منسلک دور اور اس ثقافت میں رہنے والے لوگوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ متی 1باب 17آیت میں پُشتوں کی عبرانی ٹول ڈوتھ کی طر ح اہم واقعات اور لوگوں - ابرہام ، داؤد ، بابل کی اسیری - کے حوالے سے درجہ بند ی کی جاتی ہے ۔ لیکن جب یسوع فریسیوں اور فقیہوں کو "بُرے اور زنا کار لوگ" کہتا ہےتو وہ اس ثقافت کا حوالہ دے رہا ہے جس میں وہ رہتے اور جسے فروغ دیتے تھے (متی 12باب 39آیت ؛مزید متی 17باب 17آیت اور اعمال 2باب 40آیت بھی دیکھیں)۔

لہذا جب ہم بائبل میں لفظ "پُشت/نسل " پڑھتے ہیں تو ہمیں سیاق و سباق پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ بائبل میں عام طور پر کوئی پُشت/ نسل تقریباً تیس سالا عرصے یا اس دوران رہنے والے لوگ پر محیط ہوتی ہے ، یہ وہی مفہوم ہے جو ہم روزمرہ کی بات چیت میں کسی پُشت / نسل سے مراد لیتے ہیں۔ لیکن ایسے اوقات بھی ہیں جب پُشت کولوگوں کے ایسے طبقے کا حوالہ دینے کے لیے شاعرانہ طور پر استعمال کیا جاتا ہے جسے دور کے علاوہ کسی اور بات کے لیے بیان کیا جاتا ہے ۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل میں بیان کردہ کوئی پُشت/ نسل کتنےوقتی دورانیے پر محیط ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries