settings icon
share icon
سوال

مکاشفہِ عام اور مکاشفہِ خاص کیا ہے؟

جواب


خُدا نے اپنے آپ کو بنی نو ع انسان پر ظاہر کرنے کے لئے جن دو طریقوں کا استعمال کیا ہے وہ مکاشفہِ عام اور مکاشفہ ِ خاص کہلاتے ہیں ۔ مکاشفہِ عام خدا کی ذات کے بارے میں اُن عام سچائیوں کی طرف اشارہ کرتا ہے جن کو کائنا ت میں پائی جانے والی فطرت پر غور کرنے کے وسیلہ سے معلوم کیا جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب مکاشفہِ خاص اُن حقائق کی نشاندہی کرتا ہے جو مافوق الفطرت طریقے سے خُدا کے بارے میں معلوم ہو سکتے ہیں۔

مکاشفہِ عام کے تعلق سے 19زبور 1-4آیات بیان کرتی ہیں "آسمان خُدا کا جلال ظاہر کرتا ہے اور فضا اُسکی دستکاری دِکھاتی ہے۔ دن سے دن بات کرتا ہے اور رات کو رات حکمت سکھاتی ہے۔ نہ بولنا ہے اور نہ کلام۔ نہ اُنکی آواز سُنائی دیتی ہے۔ اُن کا سُر ساری زمین پر اور اُن کا کلام دُنیا کی اِنتہا تک پہنچا ہے۔ اُس نے آفتاب کے لئے اُن میں خیمہ لگایا ہے"۔ اِس حوالے کے مطابق کائنات کےمشاہدے سے خُدا کے وجود اور اُس کی قدرت کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ تخلیق کی ترتیب، پیچیدگی اور حیرت انگیزی ایک قادرِمطلق اور شاندار خالق کے وجود کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

مکاشفہِ عام رومیوں1باب 20آیت میں بھی سکھایا گیا ہے"کیونکہ اُسکی اَن دیکھی صفتیں یعنی اُس کی ازلی قُدرت اور الُوہیت دُنیا کی پیدایش کے وقت سے بنائی ہوئی چیزوں کے ذریعہ سے معلوم ہو کر صاف نظر آتی ہیں۔ یہاں تک کہ اُنکو کچھ عُذر باقی نہیں"۔ 19زبور کی طرح رومیوں 1باب 20آیت بھی یہی بیان کرتی ہے کہ خُدا کی ازلی قدرت اور الٰہی فطرت تخلیق کردہ چیزوں سے "واضح طور پر دیکھی " اور "سمجھی" جا سکتی ہے اور اِن حقائق کو مسترد کرنے کا کوئی عُذر باقی نہیں ہے۔ اِن حوالہ جات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مکاشفہِ عام کی کارآمد تعریف ممکنہ طور پر یہ ہو گی "مکاشفہِ عام خُدا کی ذات کا وہ مکاشفہ ہے جو تمام لوگوں ، تمام ا دوار ، اور تمام مقامات کےلیے ثابت کرتا ہے کہ خُدا موجود ہے اور وہ حکیمِ کُل ، قادرِمطلق اور اعلیٰ وارفع ذات ہے"۔

مکاشفہِ خاص سے مراد ہے وہ معجزانہ طریقہ کار ہیں جن کا انتخاب خدا نے اپنے آپ ظاہر کرنے کےلیے کیا ہے ۔ مکاشفہِ خاص خُدا کے ظہور، خواب، رویا، خُدا کےتحریری کلام اور سب سے بڑا کر یسوع مسیح کی ذات پر مشتمل ہے۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ خُدا کئی دفعہ جسمانی شکل میں ظاہر ہوا ہے (پیدایش 3باب 8آیت؛ 18باب 1آیت؛ خروج 3باب 1-4آیات؛ 34باب 5-7آیات) بائبل یہ بھی بیان کرتی ہے کہ خُدا خوابوں (پیدایش 28باب 12آیت؛ 37باب 5آیت ؛ 1سلاطین3باب 5آیت؛ دانی ایل 2باب) اور رویا (پیدایش 15باب 1آیت ؛ حزقی ایل 8باب 3-4آیات ؛ دانی ایل7باب ؛ 2کرنتھیوں 12باب 1-7آیات) کے ذریعے انسانوں کے ساتھ ہم کلام ہوا ہے ۔

خُدا کے ظہور کےتعلق سے اُس کا کلام یعنی بائبل بنیادی اہمیت کی حامل ہے جو بذات خود مکاشفہِ خا ص کی ایک شکل ہے۔ خُدا نے بائبل کے مصنفین کی معجزانہ طور پر رہنمائی کی تاکہ وہ اپنے اندازِ تحریر اور شخصیات کو استعمال کرتے ہوئے خُدا کے کلام کو انسانوں کے لئے درُستگی سے قلمبند کر سکیں۔ خُدا کا کلام زندہ اور موثر ہے (عبرانیوں4باب 12 آیت)۔ خُدا کا کلام الہامی، فائدہ مند اور ہدایت کےلیے کافی ہے (2تیمتھیس 3باب 16-17آیات)۔ خُدا نے اپنی ذاتی کے تعلق سے سچائی کو قلمبند کروانے کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کیونکہ وہ زُبانی روایات کے نقائص اور عدم اعتمادی سے واقف تھا۔ وہ یہ بھی جانتا تھا کہ انسانوں کے خوابوں اور رویاؤں کی غلط تعبیر کی جا سکتی ہے ۔ اپنی ذات کے بارے میں اور ہر اُس بات کے بارے میں جو کچھ خُدا نے کیا ہے اُس نے بائبل میں ہمارے لیے ظاہر کر دیا ہے ۔ اور وہ سب باتیں بھی ظاہر کر دی گئیں جن کے جاننے کی انسان کو ضرورت تھی اور جن باتوں کو خدا بتانا چاہتا ہے ۔

مکاشفہِ خاص کی حتمی شکل یسوع مسیح کی شخصیت ہے کیونکہ یسوع مسیح کی ذات میں خُدا انسان بنا ہے (یوحنا1باب 1 اور 14آیت )۔ عبرانیوں1باب 1-3آیات اس حقیقت کا بہترین خلاصہ پیش کرتی ہیں "اگلے زمانہ میں خُدا نے باپ دادا سے حصّہ بہ حصّہ اور طرح بہ طرح نبیوں کی معرفت کلام کر کے۔ اِس زمانہ کے آخر میں ہم سے بیٹے کی معرفت کلام کیا جسے اُس نے سب چیزوں کا وارث ٹھہرایا اور جس کے وسیلہ سے اُس نے عالم بھی پیدا کئے۔ وہ اُس کے جلال کا پرتَو اور اُس کی ذات کا نقش ہو کر سب چیزوں کو اپنی قُدرت کے کلام سے سنبھالتا ہے۔ وہ گناہوں کو دھو کر عالمِ بالا پر کِبریا کی دہنی طرف جا بیٹھا"۔وہ ہمارے مشابہ ہونے، ہمارے لئے ایک نمونہ بننے اور خاص طور پر اپنے آپ کو پست کرتے ہوئے صلیبی موت کے وسیلہ سے ہمارے لئے نجات کا انتظام کرنے کے لئے خدا وند یسوع مسیح کی ذات میں انسان بنا (فلپیوں2باب 6-8آیات)۔ خُدا کی طرف سے حتمی " مکاشفہِ خاص" یسوع مسیح ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مکاشفہِ عام اور مکاشفہِ خاص کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries