settings icon
share icon
سوال

خُدا کے سب ہتھیار کیا ہیں؟

جواب


یہ اصطلاح " خدا کے سب ہتھیار " افسیوں 6باب 13-17آیات سے لی گئی ہے : " اِس واسطے تم خُدا کے سب ہتھیار باندھ لو تاکہ بُرے دن میں مقابلہ کر سکو اور سب کاموں کو انجام دے کر قائم رہ سکو۔ پس سچائی سے اپنی کمر کس کر اور راستبازی کا بکتر لگا کر۔ پاؤں میں صُلح کی خوشخبری کی تیاری کے جُوتے پہن کر۔ اور اُن سب کے ساتھ ایمان کی سپر لگا کر قائم رہو۔ جس سے تم اُس شریر کے سب جلتے ہوئے تیروں کو بجھا سکو۔ اور نجات کا خَود اور رُوح کی تلوار جو خُدا کا کلام ہے لے لو "۔

افسیوں 6باب 12آیت واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ ابلیس کے ساتھ ہماری جنگ رُوحانی ہے اور اِس لئے مادی ہتھیار اُس کے اور اُس کے ماتحت بدارواح کے خلاف موثر انداز میں استعمال نہیں ہو سکتے۔ اگر چہ اِن آیات میں ہمیں شیطان کے مخصوص ہتھکنڈوں کی کوئی فہرست نہیں دی گئی تاہم اِس حوالے سے واضح ہوتا ہے کہ جب ہم تمام ہدایات پر وفاداری سے عمل کریں گے تو نہ صرف ہم شیطان کا سامنا کر پائیں گے بلکہ اُس کی تمام منصوبہ بندی کے باوجود اُس پر فتح یاب بھی ہوں گے ۔

ابلیس کے خلاف ہمارا پہلا ہتھیار سچائی ہے (آیت 14)۔ اِس بات کو سمجھنا آسان ہے چونکہ ابلیس کو "جھوٹوں کا باپ" کہاگیا ہے (یوحنا8باب 44آیت )۔ خدا کے نزدیک نفرت انگیز باتوں میں دھوکہ دہی سر فہرست ہے ۔ "جھوٹی زُبان" اُن چیزوں میں سے ایک ہے جن سے خُدا کو نفرت بلکہ کراہیت ہے (امثال 6باب 16-17آیات )۔ اِس لئے ہمیں نصیحت کی گئی ہے کہ ہم اپنی پاکیزگی اور رہائی کے ساتھ ساتھ اُن لوگوں کے فائدہ کے لئے بھی سچائی کو پہن لیں جن کے سامنے ہم گواہی دیتے ہیں ۔

آیت 14 میں ہمیں راستبازی کا بکتر پہننے کو کہا گیا ہے۔ بکتر جنگجو کے اہم اعضاء کو ضرب لگنے سے محفوظ رکھتا ہے ورنہ یہ ضربیں جان لیوا ہو سکتی ہیں ۔ راستبازی سے مراد راستبازی کے وہ کام نہیں ہیں جو انسان کرتے ہیں بلکہ یہ خدا کی طرف سے مسیح کی راستبازی ہے جو ایمان لانے کے وسیلہ سے حاصل ہوتی ہے ۔ یہ راستبازی شیطان کے الزامات اور تہمات کے خلاف ہمارے دلوں کی حفاظت کرتی اور ہماری رُوح کو اُس کے حملوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

آیت 15 رُوحانی جنگ کے لئے پاؤں کی تیاری کی بات کرتی ہے۔ جنگ میں آگے بڑھتے سپاہیوں کور وکنے کےلیے بعض اوقات دشمن اُن کے راستے میں کئی خطرناک رکاوٹیں کھڑی کر دیتا ہے۔ پاؤں میں صُلح کی خوشخبری کی تیاری کے جوتوں کا تصور یہ تجویز کرتا ہے کہ شیطان کے علاقے میں آگے بڑھنے کےلیے ہمیں وہاں لگائے گئے پھندوں سے بھی خبردار ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ فضل کے پیغام کے وسیلہ سے مسیح کے لئے رُوحیں جیتنا بہت ضروری عمل ہے۔ شیطان نے انجیل کی منادی اور پھیلاؤ کو روکنے کے لئے راستے میں بہت سی رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔

یمان کی سپر کا ذکر آیت 16 میں ملتا ہے یہ سپر خُدا اور اُسکے کلام کی وفاداری کے بارے میں ابلیس کی طرف سے ایمانداروں کے دلوں کے اندر بوئے جانے والے شک کے بیج کو نا کارہ بناتی ہے ۔ ہمارا ایمان ایک سنہری، قیمتی، مضبوط اور معیاری سپر ہے کیونکہ اِس کا "بانی اور کامل کرنے والا " (عبرانیوں12باب 2آیت ) خود مسیح ہے ۔

آیت17 میں بیان کردہ نجات کا خود جسم کے ایک حساس حصے یعنی سر کی حفاظت کرتا اور اِس کو قابل عمل رہنے میں مدد کرتا ہے ۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے سوچنے کے انداز کو بھی محافظت کی ضرورت ہے۔ سر جو ذہانت کا مقام ہے جب یہ ابدی زندگی کی یقینی خوشخبری کی اُمید پر مضبوطی سے قائم ہو جاتا ہے تب یہ نہ تو جھوٹی تعلیمات کو قبول کرتا ہے اور نہ ہی شیطان کی آزمائشوں کے خلاف ہمت ہارتا ہے ۔ غیر نجات یافتہ شخص جھوٹی تعلیمات کے حملوں سے بچنے کی اُمید نہیں کر سکتاکیونکہ اُس کے پاس نجات کا خود نہیں ہے اور اُسکا ذہن رُوحانی سچائی اور رُوحانی دھوکہ دہی کے درمیان فرق کرنے کی قابلیت نہیں رکھتا ۔

آیت17 بذات خود رُوح کی تلوار کے معنی بیان کرتی ہے کہ یہ خُدا کا کلام ہے۔ چونکہ دوسرے تمام رُوحانی ہتھیار فطرت کے لحاظ سے دفاعی عمل سرانجام دیتے ہیں لیکن دوسری جانب خُدا کے سب ہتھیاروں میں رُوح کی تلوار وہ واحد ہتھیار ہے جو حملے کےلیے استعمال ہوتی ہے ۔ یہ ہتھیار خُدا کے کلام کی قدرت اور پاکیزگی کی بات کرتا ہے۔ اِس سے بڑے روحانی ہتھیار کا تصور نہیں کیا جا سکتا ۔ مسیح یسوع کی بیابانی آزمائشوں میں ابلیس کے مقابلے میں خُدا کا کلام ہمیشہ نا قابلِ مزاحمت ردّعمل ثابت ہوا ہے ۔یہ کتنی بابرکت بات ہے کہ آج وہی کلام ہمارے لئے بھی میسر ہے۔

آیت 18 میں ہمیں خدا کے سب ہتھیار باندھنے کے ساتھ ساتھ رُوح میں دُعا کرنے کو بھی کہا گیا ہے (یہ دُعا ہمیں مسیح کی مرضی اور تعلیمات کے مطابق کرنی ہے اور اِس میں وہ ترجیحات شامل ہونی چاہییں جو یسوع مسیح کی دُعا میں شامل تھیں ) ۔ہم دُعا کو نظر انداز نہیں کر سکتے کیونکہ اِس کے وسیلے ہم خدا سے رُوحانی قوت حاصل کرتے ہیں ۔ رُوحانی جنگ میں دُعا اور خُدا پر بھروسے کے بغیر ہماری تمام کاوشیں لاحاصل اور بے اثر ہیں۔ خُد اکے سب ہتھیار یعنی سچائی، راستبازی، انجیل، ایمان، نجات، خُدا کا کلام اور دُعا خُدا کی طرف سے فراہم کردہ وہ آلات ہے جن کے وسیلہ سے ہم شیطان کے حملوں اور آزمائشوں پر غالب آتے ہوئے رُوحانی طور پر فتح یاب ہو سکتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

خُدا کے سب ہتھیار کیا ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries