settings icon
share icon
سوال

رُوح کا پھل کیا ہے؟

جواب


گلتیوں 5باب22-23 آیات بیان کرتی ہیں کہ "مگر رُوح کا پھل محبت، خوشی ، اطمینان، تحمل، مہربانی، ایمانداری، حلم، پرہیز گاری ہے۔" رُوح کا پھل در اصل ایک مسیحی کی زندگی میں رُوح کی حضوری اور موجودگی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ بائبل مُقدس واضح طور پر اِس بات کی تعلیم دیتی ہے کہ جس وقت کوئی شخص خُداوند یسوع مسیح پر ایمان لاتا ہے اُسی وقت اُسے رُوح القدس مل جاتا ہے (رومیوں 8باب 9 آیت؛ 1 کرنتھیوں 12باب13آیت؛ افسیوں 1باب 13-14 آیات)۔ رُوح القدس کے کسی بھی مسیحی کی زندگی میں آنے کے مقاصد میں سے بنیادی ترین مقصد تو اُس مسیحی کی زندگی کو تبدیل کرنا ہوتا ہے۔ یہ رُوح القدس ہی کا کام ہے کہ وہ ہمیں خُداوند یسوع مسیح کی صورت میں ڈھالے اور پھر دن بدن ہماری مسیح کا ہمشکل بننے میں مدد کرے۔

گلتیوں 5باب19-21 آیات کے اندر رُوح القدس کے پھل کا انسان کی گناہ آلود فطرت کے ساتھ موازنہ کیا گیا ہے۔ "اب جسم کے کام تو ظاہر ہیں یعنی حرامکاری۔ ناپاکی۔ شہوت پرستی۔ بُت پرستی۔ جادوگری۔ عداوتیں۔ جھگڑا۔ حسد۔ غصہ۔ تفرقے۔ جُدائیاں۔ بدعتیں۔ بغض۔ نشہ بازی۔ ناچ رنگ اور اِن کی مانند اور۔ اِس کی بابت تمہیں پہلے سے کہے دیتا ہوں جیسا کہ پیشتر جتا چکا ہوں کہ ایسے کام کرنے والے خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے۔"یہ حوالہ اُن تمام لوگوں کے بارے میں بیان پیش کرتا ہے جو مسیح خُداوند سے ناواقف ہیں اور رُوح القدس کے اثر کے تحت زندگی نہیں گزارتے۔ ہمارا گناہ آلود جسم کئی طرح کے پھل پیدا کرتا ہے جو ہماری گناہ آلود فطرت کی عکاسی کرتے ہیں۔ اِس کے برعکس رُوح القدس اِس قسم کے پھل پیدا کرتا ہے جو اُس کی پاک فطرت کی عکاسی کرتے ہیں۔

مسیحی زندگی دراصل انسان کی گناہ آلود فطرت اور خُداوند یسوع مسیح کی طرف سے عطا کردہ فطرت کے درمیان ایک جنگ ہے (2 کرنتھیوں 5باب 17 آیت)۔ گناہ میں گرے ہونے کی بدولت ہم ابھی بھی اُس جسم کے قبضہ میں ہیں جو گناہ کی خواہش رکھتا ہے (رومیوں 7 باب 24-25 آیات)۔ بطورِ مسیحی ہمارے پاس رُوح القدس ہے جو ہمارے اندر رُوح کے پھل پیدا کر رہا ہےاور اب نجات کے بعد ہمارے پاس گناہ آلود فطرت پر غالب آنے کےلیے رُوح القدس کی قدرت موجود ہے (2 کرنتھیوں 5 باب 17 آیت؛ فلپیوں 4 باب 13 آیت)۔ ایک مسیحی رُوح القدس کے پھلوں کا مکمل مظاہرہ کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔ بہرحال مسیحی زندگی کے مقاصد میں سے ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ایک مسیحی مسلسل طور پر رُوح القدس کو اپنی زندگی میں زیادہ سے زیادہ پھل پیدا کرنے دے ، اور رُوح القدس کو اپنی زندگی میں گناہ آلود فطرت پر غالب آنے دے۔ رُوح کا پھل وہی کچھ ہے جو خُدا چاہتا ہے کہ ہماری زندگیوں میں سے نظر آئے اور رُوح القدس کی مدد کی بدولت یہ بات ممکن ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رُوح کا پھل کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries