settings icon
share icon
سوال

سچی محبت کی تلاش کرنا اتنا مشکل کیوں ہے ؟ بائبل کے مطابق سچی محبت کیا ہے؟ سچی محبت حاصل کرنے کی کلید کیا ہے؟

جواب


ہم سب کی یہ خواہش ہے کہ ہم دوسروں سے محبت کریں اور دوسرے ہم سے محبت کریں ۔ ہم والدین، بہن بھائیوں، دوستوں اور دیگر لوگوں کی طرف سے محبت کا مختلف لحاظ سے تجربہ کرتے ہیں۔ لیکن ہم میں سے زیادہ تر لوگ اُس خاص شخص کی تلاش کرنا چاہتے ہیں جس کے ساتھ ہم زیادہ گہرے درجے کی محبت کو بانٹ سکتے ہیں ۔ سچی محبت کی تلاش کرنا ناقابل یقین حد تک مشکل لگ سکتا ہے اور اس کی وجہ جاننا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ ایک نمایاں سوال جس پر سب سے پہلے غور کیا جانا چاہیے یہ ہے کہ " میرے مطابق سچی محبت کی تعریف کیا ہے؟" "سچی محبت" سے ہمارا کیا مطلب ہے اس بات کو سمجھنے سے ہمیں یہ دیکھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ ہم اصل میں کیا تلاش کر رہے ہیں اوراِس میں ہم کیوں کامیاب ہو رہے ہیں یا پھر کیوں کامیاب نہیں ہو رہے۔

بہت سے معاشروں میں لفظ محبت کو بڑے لاپرواہ انداز میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ محبت کو اکثر اُن شدید جذبات سے جوڑا جاتا ہے جو حقیقت میں خود غرض اور غیر یقینی ہوتے ہیں۔ بہت سی فلموں اور ٹی وی شوز میں ہم ایسے کردار دیکھتے ہیں جو اپنے ہارمونز کی پیروی کرتے اور شادی سے پہلے جنسی تعلقات قائم کر لیتے ہیں۔ جب "محبت" سطحی طور پر خوشگوار جذبات یا جسمانی احساسات پر مبنی ہوتی ہے تو یہ اتنی ہی آسانی سے ختم ہو جاتی ہے جتنی آسانی سے یہ شروع ہوئی تھی۔ ہم جس شخص سے محبت کرتے ہیں اُس کے لیے اچھے جذبات کا تجربہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ تاہم اگر کوئی رشتہ ایسے جذبات کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے تو وہ رشتہ مشکل میں ہے ۔ اگر محبت کی وہ قسم جس کا ہم آج کل کی جنسی تعلقا ت سے اَٹی ہوئی ثقافت میں مظاہرہ دیکھتے ہیں وہی محبت ہے جس کی ہم تلاش کر رہے ہیں تو کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ حقیقی محبت کو تلاش کرنا مشکل لگتا ہے؛ یہ وہ سچی محبت نہیں ہے جس کی ہم تلاش میں ہیں بلکہ یہ ایک ایسا تجربہ ہے جو فطری لحاظ سے زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔

بائبل محبت کی بہت مختلف تصویر پیش کرتی ہے۔ سچی محبت کا تعلق خُدا سے ہے – درحقیقت خُدا خود محبت ہے (1یوحنا 4باب 8آیت ) - اور اُسی نے ہم میں محبت کرنے اور محبت وصول یا قبول کرنے کی ضرورت کو رکھا ہے ۔ لہذا محبت کے لیے اُس کے منصوبے کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ بائبل کے مطابق سچی محبت قربانی، عزم اور اپنے کسی پیارےکو فائدہ پہنچانے کے جذبے پر مبنی ہوتی ہے (دیکھیں یوحنا 15باب 13آیت)۔ ہمارے لیے خُدا کی محبت اُسے صلیب تک لے گئی۔ ہم یقینی طور پر جانتے ہیں کہ خُداوند یسوع صلیب کی طرف جاتے ہوئے "خوشگوار" جذبات کا تجربہ نہیں کر رہا تھا (لوقا 22باب 42-44آیات)۔ بائبل خُداوند یسوع کے ساتھ ہمارے رشتے کو کسی دولہے اور دلہن کے رشتے کے طور پر بیان کرتی ہے (متی 9باب 15 آیت ؛ افسیوں 5باب 32آیت )۔ حقیقی رومانوی جذبے کو وقف شدہ ازدواجی رشتے کی طرف رہنمائی کرنے اور اس رشتے میں نشو ونما پانے کے لیے تشکیل دیا کیا گیا ہے (پیدایش 2باب 24 آیت) اور یہ ایثارانہ(قربانی کا جذبہ رکھنے والی) محبت پر مبنی ہونی چاہیے (افسیوں 5باب 22، 25-28 آیات)۔

خدا کے منصوبے کے مطابق سچی محبت کو تلاش کرنے میں بہت سی باتیں مشکل پیدا کر سکتی ہیں۔ یہاں ہم اُن چند بڑی رکاوٹوں پر توجہ مرکوز کریں گے جن کا ہمیں سامنا ہے:

یہ سوچنا کہ صرف ایک شخص ہی ہے جو ہمارے لیے "صحیح" ہے : یہ ایک جھوٹ ہے جو ہمیں خوفزدہ رکھ سکتا ہے کہ ہم بہترین سے کم کا چناؤ کر رہے ہیں۔ کسی شخص کا حقیقی"رُوح کے ساتھی" کےطور پر ظاہر ہونے کا انتظار کرنا ایک طویل انتظار ہوسکتا ہے۔ ہم جس شخص سے بھی شادی کرنے کا انتخاب کرتے ہیں وہ ہمارے لیے "صحیح"انسان بن جاتا ہے کیونکہ ہم نے اُس شخص سے زندگی بھر کا عہد کیا ہے۔ اس حوالے سے بائبل نے انتخابات کو محدود کر دیاہے : ہماری سچی محبت ایک ایسے ایماندار کے ساتھ ہونی چاہیے جو خُداوند کے لیے زندگی بسر کر رہا ہو (2 کرنتھیوں 6باب 14-15آیات)؛ اس سے آگےخدا حکمت اور فہم فراہم کرے گا (یعقوب 1باب 5آیت )۔وہ عقلمند اور دیندار لوگ بھی جو ہمیں اچھی طرح جانتے ہیں سچی محبت کی تلاش کرنے میں ہماری رہنمائی کر سکتے ہیں۔

یہ سوچنا کہ کوئی شخص ہمیں مکمل کرے گا یا کر سکتا ہے: صرف خُدا ہی ہمیں حقیقی معنوں میں مکمل کر سکتا ہے، اس لیے ہمیں تکمیل کا احساس حاصل کرنے کے لیے رومانوی محبت کی تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے! ہم میں سے کوئی بھی کامل نہیں ہے اور کسی اور غیر کامل انسان سے یہ توقع کرنا کہ وہ ہمار ی ہر ضرورت کو پورا کریگا غیر حقیقی اور غیر صحت بخش ہے اور فقط مایوسی کا باعث ہو سکتا ہے۔

تبدیل ہونے یاآگے بڑھنے کے لئے تیار نہ ہونا: کسی ایسے انسان کے بارے تصور کرنا آسان ہے جس کی محبت میں مبتلا ہونا ہم پسند کریں گے لیکن ہم خود اُس انسان جیسے بننے میں کتنی محنت کرتے ہیں؟ ہم سب کے اپنے اپنے مسائل ہیں جن کو خدا کی مدد سے حل کرنا اس لیے ضروری ہے تاکہ ہم ایسے انسان بن سکیں جیسےکہ وہ ہمیں بنانا چاہتا ہے۔ یہ سوچنا بڑا دلکش معلوم ہوسکتا ہے کہ سچی محبت کے ملنے سے اُن مسائل کا جادوئی طور پر حل ہو جائے گا۔ لیکن کسی کے ساتھ قریبی رشتے میں ہونے سے ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اِن کے مزید ظاہر ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ اگر ہم بدلنے اور بڑھنے کے لیے تیار ہیں تو جیسے لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے (امثال 27باب 17آیت) ویسے ہی یہ رشتے کا ایک فائدہ مند حصہ ثابت ہو سکتاہے ۔ اگر ہم تبدیل ہونےکو تیار نہیں ہیں تو رشتے کشیدگی کا شکار ہو جائیں گے اور آخر میں تباہ ہو سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں شادی کرنے سے پہلے ہر ذاتی مسئلے کو نمٹانے کی ضرورت ہے ۔ بلکہ ہمیں خُدا سے یہ التجا کرنے کی مشق کرنی چاہیے کہ وہ ہم پر عیاں کرے کہ ہماری زندگیوں سے کن باتوں کو دُور کرنے کی ضرورت ہے (139زبور 23آیت)۔ ہم جس قدر ویسے انسان بنتے جائیں گے جیسا خدا ہمیں بنانا چاہتا ہے تو ہم اُسی قدر مستقبل میں رونما ہونے والے ممکنہ رشتوں کے لیے موزوں ہوتے جائیں گے۔

یہ سوچنا کہ سچی محبت کی تلاش کرنے کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے: سچی محبت کی تلاش اور شادی کرنے کو ہلکا نہیں لیا جانا چاہیے ۔ محتاط ہونا جلدبازی اور لاپرواہی سے فیصلہ کرنے سے بہتر ہے ۔ غزل الغزلات کی کتاب تین بارخبردار کرتی ہے کہ " میرے پِیارے کو نہ جگاؤ نہ اُٹھاؤ جب تک کہ وہ اُٹھنا نہ چاہے"(غزل الغزلات 2باب 7آیت؛ 3باب 5آیت؛ 8باب 4آیت ) ۔ خدا کی طرف سے طے کردہ وقت ہمیشہ بہترین ہوتا ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ خدا سچی محبت کی تلاش کرنے کی ہماری خواہش کی فکر کرتا ہے۔ جب ہم اس خواہش کو مکمل طور پر اُس کے تابع کر دیتے ہیں تو ہم اپنے طور پر سچی محبت کرنے کی کوشش کے بوجھ سے آزاد ہو جاتے ہیں (متی 11باب 29-30آیات)۔

محبت خُدا کی ذات کی ایک لازمی صفت ہے اور وہ بائبل میں ہم پر عیاں کرتا ہے کہ حقیقی اور سچی محبت کیسے کام کرتی ہے۔ محبت کی نئے طور پر تعریف کرنا یا اسے خدا کے منصوبے سے باہر تلاش کرنے کی کوشش کرنا ناکامی اور مایوسی کا باعث بنتا ہے۔ اپنی خواہشات کو خُدا کے تابع کر نا، اُس کی مرضی کو تسلیم کرنا اور اُس میں اپنی تکمیل کو پانا سچی محبت کی تلاش کرنے کی کلید ہے۔"خُداوند میں مسرُور رہ اور وہ تیرے دِل کی مُرادیں پُوری کرے گا" (37زبور 4آیت )۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

سچی محبت کی تلاش کرنا اتنا مشکل کیوں ہے ؟ بائبل کے مطابق سچی محبت کیا ہے؟ سچی محبت حاصل کرنے کی کلید کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries