settings icon
share icon
سوال

بائبل خاندانی مسائل کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟

جواب


خاندانی مسائل کوئی نئی چیز نہیں ہیں ۔ اس زوال پذیز (گناہ میں گری) دنیا میں ہمارے خاندان کے اراکین ہی ہیں جن سے ہمیں سب سے زیادہ محبت رکھنی چاہیے مگر اکثر اُنہی کے ساتھ ہم سب سے زیادہ لڑتے ہیں۔ بائبل گناہ پر پردہ نہیں ڈالتی ہے اور یہ اُن بہت سے خاندانی مسائل کو قلمبند کرتی ہے جن کا آغاز آدم کے اپنی بیوی پر الزام لگانے (پیدایش 3باب 12آیت) کے ساتھ ہوتا ہے ۔ قائن اور ہابل ، یعقوب اور عیسو، اور یوسف اور اس کے بھائیوں کی کہانیوں میں خونی رشتوں کے درمیان دشمنی پیدا ہوتی ہے۔ بیویوں کے درمیان حسد جو کثرت ِ ازدواج کے منفی نتائج میں سے ایک ہے، حنہ اور فننہ اور لیہ اور راخل کی کہانیوں میں ملتاہے۔ عیلی اور سموئیل کو سرکش اورضدی بچّوں سےنمٹنا پڑا۔ یونتن تو اپنے باپ ساؤل کے ہاتھوں قریب قریب قتل ہی ہونے والا تھا۔ داؤد کا دل اُس کے اپنے بیٹے ابی سلوم کی بغاوت کے باعث غمگین ہو ا تھا۔ ہوسیع کو ازدواجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اِن میں سے ہر ایک معاملے میں رشتوں کو گناہ کی وجہ سے نقصان اُٹھانا پڑا۔

بائبل خاندانی محرکات سمیت رشتوں کے بارے میں بہت کچھ بیان کرتی ہے ۔ خدا نے انسانی تعامل کے لیے جو پہلا دستور قائم کیا وہ خاندان تھا (پیدایش 2باب 22-24آیات)۔ اس نے آدم کے لیے ایک بیوی کو تخلیق کیا اور انہیں ازدواجی عہد میں باندھا۔ اس واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے خداوند یسوع نے بعد میں فرمایاکہ" جسے خُدا نے جوڑا ہے اُسے آدمی جُدا نہ کرے"(متی 19باب 6آیت )۔ کسی مرد اور کسی عورت کے لیے خدا کا منصوبہ تب تک شادی کے عہد میں قائم رہنا ہے جب تک کہ اُن میں سے کوئی ایک مر نہ جائے۔ وہ اس اتحاد کو ایسے بچّوں کے ساتھ برکت دینا چاہتا ہے جن کی پرورش "خُداوند کی طرف سے تربِیّت اور نصیحت " کی روشنی میں کی جائے (افسیوں 6باب 4آیت ؛ 127زبور 3آیت بھی دیکھیں)۔ زیادہ تر خاندانی مسائل اُس وقت رونما ہوتے ہیں جب ہم خُدا کے منصوبے کے خلاف بغاوت کرتے ہیں-کثرتِ ازدواج، زنا اور طلاق سبھی مسائل کا باعث بنتے ہیں کیونکہ وہ خدا کے اصل منصوبے سے انحراف کا سبب ہیں۔

بائبل اس بارے میں واضح ہدایات دیتی ہے کہ خاندان کے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے ۔ خدا کا منصوبہ یہ ہے کہ شوہر اپنی بیویوں سے اِس طور سے محبت رکھیں جس طرح مسیح اپنی کلیسیا سے محبت رکھتا ہے (افسیوں 5باب 25، 33آیات )۔ بیویوں کو اپنے شوہروں کی عزت کرنی اور اُن کی قیادت کے تابع رہنا چاہیے (افسیوں 5باب 22-24، 33آیت؛ 1 پطرس 3باب 1آیت )۔ بچّوں کو اپنے والدین کی فرمانبرداری کرنی چاہیے (افسیوں 6باب 1-4آیات؛ خروج 20باب 12آیت )۔ اگر شوہر، بیویاں اور بچےّ فقط اِن بنیادی اصولوں پر عمل کریں تو کتنے خاندانی مسائل حل ہو جائیں گے؟

پہلا تیمتھیس 5باب 8آیت بیان کرتی ہے کہ خاندانوں کو اپنے اراکین کی خبر گیری کرنی ہے ۔خُداوند یسوع نے اُن لوگوں کے لیے بڑے سخت الفاظ کہے تھے جنہوں نے اپنے بوڑھے والدین کی جانب اپنی مالی ذمہ داریوں کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ انہوں نے اپنا سارا پیسہ ہیکل کے لیے دے دیا ہے (متی 15 باب 5-6آیات )۔

خاندانوں میں ہم آہنگی کی کلید اصل میں وہ چیز نہیں ہے جس کا فطری طور پر ہم اطلاق کرنا چاہتے ہیں۔ افسیوں 5باب 21آیت فرماتی ہے کہ "مسیح کے خوف سے ایک دوسرے کے تابع رہو۔" تابعداری ہمارے جسم کی حکومت کرنے اور اپنے طور طریقے اختیار کرنے کی خواہش کے براہ راست مخالف ہے۔ ہم اپنے حقوق کا دفاع ، اپنے مقاصد کی حمایت اور اپنی رائے کی پشت پناہی کرتے ہیں، اور جب بھی ممکن ہو اپنے ایجنڈوں پر زور دیتے ہیں۔ خُدا کا طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے "جسم کو اُس کی رغبتوں اور خواہشوں سمیت صلیب" پر کھینچیں (گلتیوں 5باب 24آیت ؛ رومیوں 6باب 11آیت) اور جب بھی ہمارے لیے ممکن ہو ہم اِسے دوسروں کی ضروریات اور خواہشات کے تابع کریں۔ خُداوند یسوع اس طور سے خدا کی مرضی کی تابعداری کرنے کے لیے ہمارا نمونہ ہے۔ 1 پطرس 2باب 23آیت بیان کرتی ہے کہ "نہ وہ گالِیاں کھا کر گالی دیتا تھا اور نہ دُکھ پا کر کسی کو دھمکاتا تھا بلکہ اپنے آپ کو سچّے اِنصاف کرنے والے کے سپُرد کرتا تھا۔ "

اگر ہم سب فلپیوں 2باب 3-4آیات میں پائی جانے والی ہدایات پر عمل کریں تو بیشتر خاندانی مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے: "تفرقے اور بے جا فخر کے باعث کچھ نہ کرو بلکہ فروتنی سے ایک دُوسرے کو اپنے سے بہتر سمجھے۔ ہر ایک اپنے ہی اَحوال پر نہیں بلکہ ہر ایک دُوسروں کے اَحوال پر بھی نظر رکھّے۔" جب ہم فروتنی کے جذبے کو اپناتے اور دوسروں کے ساتھ ایسا سلوک کرتے ہیں جیسا سلوک خُداوند یسوع اُن کے ساتھ کرتا، تو ہم اپنے خاندان اور تعلقات سے متعلقہ بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل خاندانی مسائل کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries