settings icon
share icon
سوال

اخیر زمانے کا جھوٹا نبی کون ہے؟

جواب


اخیر زمانے کے جھوٹے نبی کے متعلق مکاشفہ 13باب11-15آیات میں تفصیل بیان کی گئی ہے۔ اُس کو"ایک اور حیوان " بھی کہا گیا ہے (مکاشفہ 13 باب 11آیت؛ 16باب 13آیت؛ 19باب 20 آیت؛ 20 باب 10آیت)۔ مخالفِ مسیح اور شیطان کے ساتھ جو اِن دونوں کو قوت دیتا ہے، جھوٹا نبی ناپاک تثلیث کا تیسرا رکن ہے۔

یوحنا رسول اِس جھوٹے نبی کے بارے میں وضاحت پیش کرتے ہوئے ہمیں ایسے نشانات دیتا ہے جن کی مدد سے ہم اُس کے ظاہر ہونے پر اُسکو پہچان سکتے ہیں۔ وہ زمین میں سے آتا ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ وہ پاتال میں سے ہر طرح کی بد ارواح کی طاقت کیساتھ جو اُس کے حکم میں ہوگی آئے گا۔ اِس کا یہ بھی مطلب ہو سکتا ہے کہ وہ بہت ہی معمولی پس منظر سے آئے گا، خفیہ اور نا معلوم حالت میں جب تک کہ وہ مخالفِ مسیح کے دہنے ہاتھ پہنچ کر دُنیا کے منظر نامے پر چھا نہ جائے۔ اُس کے بارے میں بیان کیا گیا ہے کہ اُس کے سینگ برّے کی مانند ہونگے جبکہ وہ اژدھا کی طرح بولے گا۔ برّے کے سر پر سینگ بہت چھوٹے ہوتے ہیں جب تک کہ وہ بڑا ہو کر جوان دُنبہ نہ بن جائے۔ مخالفِ مسیح کی طرح کئی ایک سروں اور سینگوں، اور اپنی طاقت اور خونخوار رویے کے برعکس جھوٹا نبی ایک برّے کی طرح آتا ہے، جو ہنس مکھ ہوگا اور متاثر کرنے والے الفاظ کے ساتھ وہ لوگوں پر ظاہر کرے گا کہ وہ اُن کا ہمدرد ہے اور اُن کی بھلائی چاہتا ہے۔ عین ممکن ہے کہ وہ بہت ہی اعلیٰ درجے کا وعظ یا مقرر ہو جس کے الفاظ اور اندازِ بیان ابلیسی قوت سے لیس ہو اور وہ اپنی بات چیت سے ہجوموں کے ہجوموں کو دھوکا دے ۔ لیکن لکھا ہے کہ وہ اژدھا کی طرح بولتا ہے، یعنی اُس کا پیغام وہی ہے جو اژدھا کا تھا۔ مکاشفہ 12 باب 9آیت اژدھے کی شناخت شیطان اور ابلیس کے طور پر بیان کرتی ہے۔

12 آیت کے اندر ہمیں جھوٹے نبی کے اصل مقصد کے بارے میں بتایا گیا ہے اور اُس کا اصل مقصد یہ ہے کہ وہ پہلے حیوان یعنی مخالفِ مسیح کی پرستش کرنے کے لیے لوگوں کو مجبور کرے گا۔ اُس کے پاس ویسے ہی کا اختیار ہے جیسا کہ مخالفِ مسیح کے پاس کیونکہ اُسی کی طرح اِس جھوٹے نبی نے بھی شیطان سے ہی قوت پائی ہے۔ یہاں پر یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا لوگوں کو مخالفِ مسیح کی پرستش کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے یا پھر وہ اُن طاقتور ہستیوں سے اِس قدر مرعوب ہوجاتے ہیں کہ وہ دھوکا کھا کر مخالفِ مسیح کے آگے گرتے اور اپنی رضا مندی سے اُس کی پرستش کرتے ہیں۔ یہ حقیقت کہ یہ دوسرا حیوان ایسے عجیب کام اور نشان دکھائے گا جیسے کہ آسمان پر سے آگ نازل کرنا وغیرہ تاکہ اپنے آپ اور مخالفِ مسیح کی اچھی ساکھ قائم کر سکے اور غالباً اِسی بات کی وجہ سے لوگ اُن کی طاقت اور پیغام سے متاثر ہو کر مخالفِ مسیح کی پرستش کرنے لگیں گے۔ آیت 14 بیان کرتی ہے کہ یہ گمراہی اِس قدر زیادہ ہو جائے گی کہ لوگ مخالفِ مسیح "حیوان کا بُت" بنا لیں گے اور اُس کی پرستش کریں گے۔ یہ چیز ہمیں نبوکد نضر کی طرف سے بنوائی گئی اُس مورت کی یا د دلاتی ہے (دانی ایل 3 باب)، جس کو نصب کرنے کے بعد لوگوں کو حکم دیا گیا کہ وہ اُس کے سامنے جھک کر اُسے سجدہ کریں۔ مکاشفہ 14باب 9-11آیات بہرحال اُس خوفناک انجام کے بارے میں بیان کرتی ہیں جو مخالفِ مسیح کی پرستش کرنے والوں کا منتظر ہے۔

وہ سب لوگ جو اُس دور کی سبھی مصیبتوں اور خوف سے بچ جائیں گے اُن کے سامنے دو مشکل انتخابات رکھے جائیں گے۔ وہ لوگ جو حیوان کے بُت کی پرستش نہیں کریں گے اُنہیں قتل کیا جائے گا (مکاشفہ 13باب15آیت) اور جو اُس کی پرستش کریں گے اُن پر خُدا کا غضب نازل ہوگا۔ وہ بُت بہت ہی حیرت انگیز ہوگا کیونکہ اِس میں بولنے کی قابلیت بھی ہوگی۔ ابھی وہ بُت جو کچھ بھی ہو(ایک بُت؟ ہولوگرام؟انسان نما مشین؟ انسان اور حیوان کو ملا کر تخلیق کیا گیا دو نسلا جاندار؟ ایک کلون؟) اِس کے اندر یہ خوبی ہوگی کہ وہ اُس مخالفِ مسیح اور جھوٹے نبی کے پیغام کو دوسرے لوگوں تک پہنچائے۔ مخالفِ مسیح اور جھوٹے نبی کا ترجمان ہونے کے ساتھ ساتھ اِس بُت کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اُن سب کو مروائے جو اُن کی پرستش نہیں کرتے۔ ہماری آج کل کی جدید ٹیکنالوجی سے بھری ہوئی دُنیا کے اندر ایسی کسی صورتحال کا تصور کرنا مشکل چیز نہیں ہے۔

ابھی یہ جھوٹا نبی جو کوئی بھی ہو، آخری گمراہی اور آخری برگشتگی بہت ہی بڑی ہوگی اور ایک طور پر پوری دُنیا اُس کی گمراہی میں آ جائے گی۔ وہ سارے دھوکا دینے والے جھوٹے اُستاد اُسی مخالفِ مسیح اور جھوٹے نبی کی راہ تیار کر رہے ہیں اور ہمیں اُن سے کبھی دھوکا نہیں کھانا چاہیے۔ جھوٹے اُستاد بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور وہ ہمیں شیطان کی حتمی بادشاہت کی طرف لے کر جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں پوری ایمانداری کے ساتھ خُداوند یسوع مسیح کی نجات بخش خوشخبری کی منادی کرنی چاہیے تاکہ ہم بہت سارے مردوں اور عورتوں کی رُوحوں کو آنے والے اُس عذاب سے بچا سکیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اخیر زمانے کا جھوٹا نبی کون ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries