سوال
کیا بد ارواح گرائے گئے فرشتے ہیں؟
جواب
حقیقت میں خُدا نے فرشتوں کو کب تخلیق کیا تھایہ ایک قابلِ بحث سوال ہے تاہم یہ بات یقینی ہے کہ خُدا نے ہر چیز کو اچھا تخلیق کیا تھا کیونکہ خُدا اپنی پاکیزگی میں ایسی کوئی چیز تخلیق نہیں کر سکتا جو گناہ آلودہ ہو۔ پس جب ابلیس نے جو پہلے لُوسیفر تھا خُدا کے خلاف بغاوت کی تو اُسے آسمان سے گرا دیا گیا (یسعیاہ 14باب ؛ حزقی ایل 28 باب)۔ ابلیس کے ساتھ ایک تہائی اور فرشتوں نے بھی بغاوت میں اُس کا ساتھ دیا (مکاشفہ 12باب 3-4اور 9آیات)۔ اِس میں کوئی شک نہیں کہ گرائے گئے فرشتے ہی اب بدارواح کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ متی 25باب 41آیت کے مطابق جہنم ابلیس اوراُس کے فرشتوں کے لئے تیار کی گئی تھی "پھر وہ بائیں طرف والوں سےکہے گا اے ملعونو میرے سامنے سے اُس ہمیشہ کی آگ میں چلے جاؤ جو ابلیس اور اُس کے فرشتوں کے لئے تیار کی گئی ہے"۔ اس آیت میں یسوع مسیح نے ان الفاظ"اُس کے فرشتوں" کا استعمال کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ یہ فرشتے ابلیس سے تعلق رکھتے ہیں ۔ مکاشفہ 12باب 7- 9آیات اخیرایام میں ہونے والی فرشتوں کی لڑائی کے بارے میں بیان کرتی ہیں جو میکائیل اور "اُس کے فرشتوں" اور ابلیس اور "اُس کے فرشتوں" کے درمیان لڑی جائے گی۔ اِن جیسی بہت سی اور آیات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بدارواح اور گرائے گئے فرشتے دونوں ایک ہی ہیں۔
کچھ لوگ اِس تصور کو یہوداہ 6آیت کی بنیاد پر رَد کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ گرائے گئے فرشتے ہی بد ارواح نہیں ہیں کیونکہ یہ آیت بیان کرتی ہے کہ گناہ کرنے والے فرشتوں کو "دائمی قید میں تاریکِی کے اندر روزِ عظیم کی عدالت تک رکھا" گیا ہے۔ تاہم یہ بات واضح ہے کہ گناہ کرنے والوں سب فرشتوں کو "قید" نہیں کیا گیا کیونکہ شیطان ابھی بھی آزاد ہے (1پطرس5باب 8آیت )۔ بغاوت کرنے والے رہنما کو آزاد چھوڑ کر خُدا نے صرف باقی فرشتوں کو قید میں کیوں ڈالنا تھا ؟ ایسا لگتا ہے کہ یہوداہ6 آیت خُدا کی طرف سے اُن گرائے گئے فرشتوں کے قید کیے جانے کا حوالہ دیتی ہے جنہوں نے اس کے علاوہ بھی بغاوت کی تھی ممکن ہے کہ پیدا یش 6با ب میں درج " خدا کے بیٹوں " کا واقعہ اُنہی فرشتوں کے بارے میں ہو ۔
بدرُوحوں کی ابتدا کے بارے میں ان تصور ات کے علاوہ ایک مشہور ترین متبادل وضاحت یہ بھی ہے کہ جب پیدائش 6 باب میں بیان کردہ جباروں کو طوفان میں ہلاک کیا گیا تو اُن کے بدنوں سے جُدا ہونے والی رُوحیں بد ارواح میں تبدیل ہو گئیں تھیں ۔ اگرچہ بائبل واضح طو پر بیان نہیں کرتی کہ جب جباروں کو ہلاک کیا گیا تو اُن کی رُوحوں کے ساتھ کیا ہوا تھا مگریہ ممکن نہیں ہے کہ خُدا نے جباروں کو طوفان میں صرف اس لیے ہلاک کیا ہو کہ اُن کی رُوحیں بد ترین ارواح میں بدل جائیں۔ بد ارواح کی ابتدا کے بارے میں بائبل کی سب سے زیادہ منطقی وضاحت یہی ہے کہ وہ گرائے گئے فرشتے ہیں یعنی وہ فرشتے جنہوں نے شیطان کے ساتھ مل کر خُدا کے خلاف بغاوت کی۔
English
کیا بد ارواح گرائے گئے فرشتے ہیں؟