settings icon
share icon
سوال

کیا سابقہ مسیحی جیسی کوئی چیز ہوتی ہے ؟

جواب


یہ ایک ایسا سوال ہے جس کے لیے ایک بہت ہی واضح اور مفصل بائبلی جواب موجود ہے۔ 1 یوحنا 2باب19 آیت بیان کرتی ہے کہ " وہ نکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہیں ۔ اِس لئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکن نکل اِس لئے گئے کہ یہ ظاہر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔ " کلامِ مُقدس کا یہ حوالہ اِس بات کو کافی حد تک واضح کر دیتا ہے کہ سابقہ مسیحی جیسی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ اگر کوئی شخص حقیقی طور پر مسیحی ہے تو پھر وہ کبھی بھی اپنے عقیدے سے علیحدہ نہیں ہوگا۔"۔۔۔ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے۔ "اگر کوئی شخص مسیحی ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اور پھر بعد میں اپنے ایمان کا منکر ہو جاتا ہے تو پھر وہ حقیقت میں کبھی مسیحی تھا ہی نہیں۔ " لیکن نکل اِس لئے گئے کہ یہ ظاہر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہیں ہیں۔"نہیں یقینی طور پر سابقہ مسیحیوں جیسی کوئی چیز اپنا وجود نہیں رکھتی۔

ایک حقیقی مسیحی اور ایک "نام نہاد مسیحی " کے درمیان فرق کرنا بہت زیادہ ضروری ہے۔ ایک سچا مسیحی وہ شخص ہے جس نے حقیقت میں اپنی نجات کے لیے صرف اور صرف یسوع مسیح کی ذات پر مکمل طور پر بھروسہ کیا ہے۔ ایک سچا مسیحی وہ ہے جو اچھی طرح سمجھتا ہے کہ بائبل گناہ، گناہ کی سزا، یسوع مسیح کی ذات ، یسوع مسیح کے کفارہ بخش کام ، اور گناہوں کی معافی کے حصول کے بارے میں کیا کہتی ہے۔ ایک حقیقی مسیحی ایسا شخص ہے جس نے خُداوند یسوع مسیح کو قبول کیا ہے۔ ایک حقیقی مسیحی وہ شخص ہوتا ہے جسے رُوح القدس کی قدرت ہمیشہ مسیحی رکھتی ہے (افسیوں 4باب13، 30 آیات؛ 2 کرنتھیوں 1باب22 آیت)۔ یہ حقیقی مسیحی کبھی بھی سابقہ مسیحی نہیں بن سکتا۔ کوئی بھی شخص جس نے مسیح پر نجات دہندہ کے طور پر صحیح معنوں میں اور مکمل طور پر بھروسہ کیا ہے وہ کبھی بھی اُس کا انکار نہیں کر سکتا۔ کوئی بھی شخص جو گناہ کی بدی، گناہ کے نتائج کی دہشت، مسیح کی محبت اور خُداکے فضل و کرم کو صحیح معنوں میں سمجھتا ہے کبھی بھی مسیحی عقیدے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

اِس دُنیا کے اندر ایسے بہت سارے لوگ ہیں جو مسیحی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن وہ اصل میں مسیحی ہیں نہیں۔ مسیحی ہونے کا مطلب امریکی ہونا یا سفید فام ہونا نہیں ہے۔ مسیحی ہونے کا مطلب اِس بات کو تسلیم کرنا بھی نہیں ہے کہ یسوع مسیح ایک عظیم اُستاد تھا یا پھر یسوع کی کچھ تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کرنے کا مطلب بھی مسیحی ہونا نہیں ہے۔ مسیحی ہونے کا مطلب مسیحا کا نمائندہ/گواہ اور اُس کا پیروکار/خادم ہونا ہے۔ ایسے لوگ ہیں جن کا کسی دور میں کسی مسیحی کلیسیا کے ساتھ تعلق ہوتا ہے اور پھر وہ اُس تعلق کو ترک کر دیتے ہیں۔ ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے کبھی بھی خُداوند یسوع مسیح کو نجات دہندہ کے طور پر قبول کئے بغیر اُس کی ذات کا "ذائقہ" چکھا ہوتا ہے اور اُس کے "نمونے" کو اپنے لیے لیا ہوتا ہے۔ تاہم ایک حقیقی سابقہ مسیحی جیسی کوئی چیز اِس دُنیا میں موجود نہیں ہے۔ ایک سچا مسیحی کبھی بھی اپنے مسیحی عقیدے کو ترک نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ کبھی ایسا کر سکتا ہے۔ کوئی بھی ایسا شخص جو مسیحی ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن بعد میں مسیحی عقیدے کو رَد کر دیتا ہے وہ کبھی بھی حقیقی معنوں میں مسیحی نہیں تھا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا سابقہ مسیحی جیسی کوئی چیز ہوتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries