settings icon
share icon
سوال

مَیں اخیر زمانے کے دنوں کے خوف پر کیسے قابو پا سکتا ہوں ؟

جواب


اخیر زمانے کے دِنوں کے خوف پر قابو پانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اُن دِنوں کے لیے رُوحانی طور پر تیار ہوا جائے۔ سب سے پہلے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ابدی زندگی حاصل کرنے کے لیے آپکو مسیح یسوع کے ساتھ شخصی تعلق رکھنے کی ضرورت ہے (یوحنا 3باب16آیت؛ رومیوں 10 باب9-10آیات)۔ صرف اُسی کے وسیلے سے آپ اپنے گناہوں کی معافی حاصل کر کے خُدا کے ساتھ ابدیت گزار سکتے ہیں۔ اگر خُدا آپ کا رُوحانی باپ ہے تو پھر آپ کو واقعی ہی کسی چیز کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے (لوقا 12باب32آیت)۔

دوسری بات یہ ہے کہ ہر ایک مسیحی کو یسوع مسیح میں اپنی بلاہٹ کے مطابق زندگی گزارنے کی ضرورت ہے۔ افسیوں 4باب1-3 آیات ہمیں سکھاتی ہیں کہ " جس بُلاوے سے تم بُلائے گئے تھے اُس کے لائِق چال چلو۔یعنی کمال فروتنی اور حلم کے ساتھ تحمل کر کے مُحبّت سے ایک دُوسرے کی برداشت کرو۔اور اِسی کوشش میں رہو کہ رُوح کی یگانگی صلح کے بند سے بندھی رہے ۔" یسوع مسیح کا جاننا اور اُس کی پاک مرضی کے مطابق چلنا کسی بھی طرح کے خوف کو دور کرنے کے لیے بہت زیادہ کردار ادا کرے گا۔

تیسرے نمبر پر مسیحیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ آخر میں کیا ہوگا، اور جو کچھ بھی ہوگا وہ اُن کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ 1 تھسلنیکیوں 4باب13-18آیات بیان کرتی ہیں کہ ، ‏ ‏

اے بھائیو ! ہم نہیں چاہتے کہ جو سوتے ہیں اُن کی بابت تم ناواقف رہو تاکہ اوروں کی مانند جو نااُمّید ہیں غم نہ کرو۔کیونکہ جب ہمیں یہ یقین ہے کہ یسُوع مر گیا اور جی اُٹھا تو اُسی طرح خُدا اُن کو بھی جو سو گئے ہیں یسُوع کے وسیلہ سے اُسی کے ساتھ لے آئے گا۔چُنانچہ ہم تم سے خُداوند کے کلام کے مُطابق کہتے ہیں کہ ہم جو زندہ ہیں اور خُداوند کے آنے تک باقی رہیں گے سوئے ہُوؤں سے ہرگز آگے نہ بڑھیں گے۔کیونکہ خُداوند خُود آسمان سے للکار اور مُقرّب فرشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے۔پھرہم جو زندہ باقی ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خُداوند کا استقبال کریں اور اس طرح ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔پس تُم ان باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دیا کرو۔

مستقبل کی باتوں کے بارے میں خوف کھانے کے برعکس ہمیں مستقبل کی باتوں کا خوشی کے ساتھ انتظار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ کیوں؟ مسیح میں ہم سب "اُٹھا لیے" جائیں گے تاکہ اُس کے ساتھ مل سکیں اور ہم "ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔"

مزید برآں کلامِ مُقدس بیان کرتا ہے کہ ہمیں خُدا کی عدالت سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے: "اِسی سبب سے مُحبّت ہم میں کامِل ہو گئی ہے تاکہ ہمیں عدالت کے دِن دِلیری ہو کیونکہ جیسا وہ ہے وَیسے ہی دُنیا میں ہم بھی ہیں۔مُحبّت میں خَوف نہیں ہوتا بلکہ کامِل مُحبّت خوف کو دُور کر دیتی ہے کیونکہ خوف سے عذاب ہوتا ہے اور کوئی خوف کرنے والا مُحبّت میں کامِل نہیں ہُوا " (1 یوحنا 4باب17-18آیات)۔

پطرس رسول بیان کرتا ہے کہ اگر ہمارے مستقبل میں ہمیں مشکلات اور دُکھوں کا بھی سامنا ہوتو بھی ہمیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے: "اور اگر راست بازی کی خاطر دُکھ سہو بھی تو تم مُبارک ہو ۔ نہ اُن کے ڈرانے سے ڈرو اور نہ گھبراؤ " (1پطرس 3باب14آیت)۔ پطرس اور دیگر بہت سارے مسیحیوں نے ابتدائی مسیحیت کے دور میں مسیح یسوع پر اپنے ایمان کی وجہ سے بہت زیادہ دُکھوں اور تکالیف اور حتیٰ کہ موت تک کا سامنا کیا۔ دُکھوں اور تکلیفوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، جب کوئی اِنہیں یسوع کے نام میں قبول اور برداشت کرتا ہے تو یہ اُس کی لیے برکت ہوتی ہیں۔

وہ سب جو مسیح کو نہیں جانتے اُن کے لیے مستقبل میں امن اور سلامتی کا وعدہ نہیں ہے۔ اُنہیں حقیقت میں فکرمند ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ اُنہوں نے ابھی تک اِس معاملے کو حل نہیں کیا کہ وہ اپنی ابدیت کہاں پر گزاریں گے۔ وہ جو مسیح کو جانتے ہیں و ہ اخیر زمانے سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ اِس کی بجائے، ہم مسیحی اپنے بلاوے کے موافق زندگی گزارنے کی کوشش کرتے،اعتماد سے زندگی گزارتے، صبر کے ساتھ دُکھ برداشت کرتے، یسوع کی آمدِ ثانی کا انتظار کرتے اور اِس علم پر تکیہ کرتے ہیں کہ ہماری زندگی کا تمام وقت اور حالات ہمارے خُداوند کے ہاتھ میں ہیں (31 زبور 15آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں اخیر زمانے کے دنوں کے خوف پر کیسے قابو پا سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries