settings icon
share icon
سوال

حیا دار لباس پہننے سے کیا مُراد ہے؟

جواب


کلیسیا /چرچ کے اندر عورتوں کے لیے مناسب لباس کے بارے میں بیان کرتے ہوئے پولس رسول اُنہیں یہ نصیحت کرتا ہے کہ وہ "حیادار لباس " سے "شرم اور پرہیز گاری" کے ساتھ خود کو سنواریں۔ اِس کے بعد وہ غیر مناسب یا غیر حیا دار لباس کا نیک کاموں کے ساتھ موازنہ کرتا ہے جنہیں کرنا اُن لوگوں کے لیے ضروری ہے جو خُداکے سچے پرستار ہونے کے دعویدار ہیں (1 تیمتھیس 2باب9-10آیات)۔ اگرچہ بائبل صرف خواتین کے حیادار لباس پہننے کے بارے میں بات کرتی ہے لیکن اِس کا اطلاق بالکل اِسی طرح مردوں پر بھی ہوتا ہے۔ مرد اور خواتین دونوں کو ہی اپنے لباس کے ذریعے سے خُدا کے نام کو جلال دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔

حیادار لباس پہننے کا تعلق صرف چرچ کی حد تک ہی نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ سبھی مسیحیوں کے لیے سبھی اوقات میں اپنانے کے لیے ایک معیار ہے۔ لباس میں اِس چیز کو سمجھنے کے لیے کہ کونسی بات لباس کو حیادار بناتی ہے، اُسے پہننے والے کے دِل کے ارادے اور رویے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ وہ سب لوگ جن کے دل خُدا کی طرف رجوع لا چکے ہیں وہ ہمیشہ ہی حیادار لباس، شرم اور پرہیز گاری کے معیار کے مطابق ہی پہنیں گے۔ لیکن وہ لوگ جن کے دِلوں کے رجحان اپنی مرضی کو پورا کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں اِس طرح سے لباس پہنتے ہیں کہ وہ لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں ، ابھی اُن کے اِس طرح کے لباس پہننے کی بدولت اُنکی ذات پر یا دوسرے لوگوں کی ذات پر کیا اثرات ہونگے وہ اِس کی پرواہ نہیں کرتے۔

ایک خُدا پرست عورت اپنے ہر ایک کام کو خُدا کے کلام کے نقطہ نظر کے ساتھ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ وہ اِس بات سے باخبر ہے کہ خُدا یہ چاہتا ہے کہ اُس کے فرزند اُس کے نام کو جلال دینے اور مسیح میں اپنے بہن بھائیوں کی رُوحانی حالت کے بارے میں فکرمند رہیں۔ اگر کوئی خاتون مسیحی ہونے کی دعویدار ہے لیکن وہ اِس طرح کا لباس پہنتی ہے جو غیر مناسب طور پر دوسروں کی توجہ اُس کے جسم کی طرف کھینچتا ہے تو پھر وہ اُس خُداوند کی کمزور گواہی ہے جس نے صلیب پر اپنی جان دینے کے وسیلے سے اُسکی رُوح کو خریدا تھا۔ وہ اِس بات کو بھول رہی ہے کہ اُس کا بدن مسیح کے وسیلے سے نجات پا چکا ہے اور اب اُس کا بدن رُوح القدس کا مسکن ہے (1 کرنتھیوں 6باب19-20آیات)۔ وہ دُنیا کو بتا رہی ہے کہ وہ اپنی ذات کی قدر کا تعین خالص جسمانی بنیادوں پر کرتی ہے اور اُس کی ذات کی کشش کا انحصار اِس بات پر ہے کہ وہ اپنے بدن کے کتنے حصے کو دوسروں پر ظاہر کرتی ہے۔ مزید برآں دانستہ طور پر ایک غیر مناسب لباس زیبِ تن کرتے اور مردوں کی ہوس کے لیے اپنے جسم کی نمائش کرتے ہوئے وہ مسیح میں اپنے بھائیوں کوایسا گناہ کرنے کی ترغیب دے رہی ہے جس کی خُدا نے مذمت کی ہے (متی 5باب27-29آیات)۔ امثال 7باب10آیت ایک ایسی عورت کا ذکر کرتی ہے جو"دل کی چالاک اور ایک کسبی کا لباس" پہنے ہوئے تھی۔ یہاں پر عورت کے دل کی حالت اُس کے پہناوے سے بالکل عیاں ہے۔

کلامِ مُقدس ہمیں بتاتا ہے کہ ہمیں حیا دار لباس پہننا چاہیے، لیکن جدید دور کے معاشرے میں اِس کا حقیقی مطلب ہے کیا؟کیا ایک عورت کو اپنے سر سے لیکر پاؤں کی انگلیوں تک خود کو ڈھانپ کر رکھنا چاہیے؟دُنیا کے اندر ایسی بدعات اور ایسے مذاہب ہیں جو عورت سے اِسی بات کا تقاضا کرتے ہیں۔ لیکن کیا بائبل کی رُو سے حیادار اور مہذب لباس کے یہی معنی ہیں؟ایک بار پھر ہمیں اپنے دِلوں کے رویوں کی طرف واپس آنا پڑے گا۔ اگر تو کسی عورت کا دل خُدا خوفی سے بھرا ہوا ہے تو پھر وہ ایسا لباس پہنے گی جو نہ تو دوسروں کے جذبات کو اُبھارنے والا ہو اور نہ ہی عوامی حلقوں میں اُس کے جسم کی نمائش کرنے والا اور غیر مناسب ہو۔ اُس کے کپڑوں کے انتخاب میں ہمیں تکبر اور دکھاوے، بھڑکاوے کا تاثر نہیں ملتا اور نہ ہی اُس کے لباس کا انتخاب خُدا کی بیٹی ہونے کے ناطے اُس کی شخصی گواہی پر منفی طریقے سے اثر انداز ہوگا۔ ہو سکتا ہے کہ اُس کے سارے حلقے میں سبھی لوگ غیر مناسب لباس پہنے ہوئے ہوں لیکن وہ ہجوم کی پیروی کرنے کا انتخاب نہیں کرتی۔ وہ ایسے کپڑے پہننے سے گریز کرتی ہے جو دوسروں کی توجہ اُس کے بدن کی طرف مبذول کرواتے اور مردوں کو شہوت انگیز کا شکار ہونے کا موقع دیتے ہیں کیونکہ وہ دانشمند ہے اور یہ جانتی ہے کہ اِس قسم کی توجہ اُس کی اپنی ذات کو سستا کر دیتی ہے۔ مردوں کو اپنے لباس کی وجہ سے خُدا کے خلاف گناہ کرنے پر اکسانا اُس کے نزدیک بہت زیادہ گھناؤنا ہے۔ کیونکہ وہ خُدا کے نام کو عزت اور جلال دینے کی خواہشمند ہے اور چاہتی ہے کہ دوسرے بھی ایسا ہی کریں۔

لباس میں حیاداری اور تہذیب دِل کی اچھائی ، حیاداری اور تہذیب کو ظاہر کرتی ہے، اور اِس اچھائی ، حیاداری اور تہذیب کا حصول ہی اُن سب مردوں اور عورتوں کے دِل کی خواہش ہونی چاہیے جو اپنی زندگیاں خُدا کی خوشنودی اور اُس کے نام کو جلال دینے کے لیے گزارتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

حیا دار لباس پہننے سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries