سوال
'جیسا تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں تم بھی اُن کے ساتھ ویسا ہی کرو 'کیا یہ ایک بائبلی بیان ہے ؟
جواب
یہ بیان کہ " جیسا تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں تم بھی اُن کے ساتھ ویسا ہی کرو "جو عام طور پر ایک "سنہری اصول" کے نام سے جانا جاتا ہے بلاشبہ ایک بائبلی اصول ہے۔ لوقا 6باب 31آیت خُداوند یسوع کے اس قول کو قلمبند کرتی ہے کہ " جیسا تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں تم بھی اُن کے ساتھ ویسا ہی کرو "۔ یہ بیان اپنے دشمنوں سے محبت رکھنے کے بارے میں خُداوند یسوع کی طرف سے دئیے گئے ایک سبق کے تنا ظر میں دیا گیا ہے۔خُداوند یسوع نے لوگوں کے ساتھ پیش آنے کے روایتی ضابطہ ِ اخلاق کو لیا اور اُسے پوری طرح بدل دیا (دیکھیں متی 5باب 38-48آیات)۔ دوسروں کے ساتھ ویساہی سلوک کرنے کی بجائے جیسا انہوں نے ہمارے ساتھ کیا ہے یا انہیں وہ لوٹانے کی بجائے جس کے وہ مستحق ہو سکتے ہیں ہمیں اُن کے ساتھ ویسا سلوک کرنا ہے جو ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ کریں۔
متی 7باب 12آیت میں خداوند یسوع فرماتا ہے کہ "پس جو کچھ تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں وُہی تم بھی اُن کے ساتھ کرو کیونکہ تَورَیت اور نبیوں کی تعلیم یہی ہے "۔ اس طرح یہ سنہری اصول بائبل کے پیغام کا ہمیشہ سے بنیادی حصہ رہا ہے۔ متی کی انجیل میں جب بعد میں پوچھا گیا کہ سب سے بڑا حکم کون سا ہےتوخداوند یسوع نے جواب دیاکہ "خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے مُحبّت رکھ۔بڑا اور پہلا حکم یہی ہے۔اور دُوسرا اِس کی مانند یہ ہے کہ اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبّت رکھ۔اِنہی دو حکموں پر تمام تَورَیت اور انبیا کے صحیفوں کا مدار ہے" (متی 22باب 37-40آیات )۔ اپنی گرفتاری کی رات خداوند یسوع نے اپنے شاگردوں سے فرمایا کہ " مَیں تمہیں ایک نیا حکم دیتا ہُوں کہ ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّو کہ جیسے مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی تم بھی ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّو۔اگر آپس میں مُحبّت رکھّو گے تو اِس سے سب جانیں گے کہ تم میرے شاگرد ہو" (یوحنا 13باب 34-35آیات)۔ ہمارے لیے خداوند یسوع کی محبت کامل، لا تبدیل اور خود ایثارانہ ہے۔خُداوند یسوع کے حکم کے مطابق دوسروں سے محبت کرنے کی ہماری صلاحیت صرف اُس کی محبت کے ہمارے تجربے اور رُوح القدس کی قوت سے آتی ہے۔
دوسروں سے بہتر طور پر محبت رکھنے کا ایک عملی طریقہ یہ ہے کہ اپنے آپ کو اُن کی جگہ رکھ کر دیکھیں ۔ جب ہم اس بات پر غورو خوص کرنے کے لیے رک جاتے ہیں کہ کسی خاص صورت حال میں ہمارے ساتھ کیسا سلوک ہو سکتا ہے تو ہم اُن لوگوں کے لیے ہمدردی محسوس کرتے ہیں جو حقیقتاًاُس صورت حال کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں ۔ کیا ہم پسند کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آیا جائے ؟ پھر ہمیں بھی اِس تحفے کو دوسروں کو دینا چاہیے۔
English
'جیسا تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں تم بھی اُن کے ساتھ ویسا ہی کرو 'کیا یہ ایک بائبلی بیان ہے ؟