settings icon
share icon
سوال

ڈیٹنگ اور کورٹنگ میں سے کیا بہتر ہے؟

جواب


ڈیٹنگ اور کورٹنگ مخالف جنس کے ساتھ تعلقات شروع کرنے کے دو طریقے ہیں۔دُنیا میں ایسے بے شمار غیر مسیحی ہیں جو جنسی تعلقات پر مبنی ایک تسلسل کو قائم کرنے کی نیت سے ڈیٹنگ کرتے ہیں مگر مسیحیوں کے لیے یہ بات نا قابل قبول ہے اور نہ ہی اِسے کبھی ڈیٹنگ کی وجہ یا مقصد ہونا چاہیے۔ بہت سے مسیحی ڈیٹنگ کو دوستی سے تھوڑا زیادہ اہم خیال کرتے ہیں اور اپنی ڈیٹنگ کے دوستانہ پہلو کو اُس وقت تک برقرار رکھتے ہیں جب تک کہ دونوں لوگ شادی کےلیے ممکنہ ساتھی کی حیثیت سے ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہو جاتے ۔ سب سے پہلی اور اہم بات یہ ہے کہ ڈیٹنگ ایک ایسا وقت ہے جب ایک مسیحی اس بات کو معلوم کرتاہے کہ اس کا ہونے والا شریک حیات بھی مسیحی ایماندارہے۔ بائبل ہمیں خبر دار کرتی ہے کہ ایمانداروں اور غیر ایمانداروں کو ایک دوسرے سے شادی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ( مسیح کی ) روشنی میں بسنے والے لوگ اور تاریکی میں بسنے والے لوگ باہمی طور پر ہم آہنگ ازدواجی زندگی بسر نہیں کر سکتے ( 2کرنتھیوں 6باب 14-15آیات)۔ جیسا کہ پہلے بیان کیا گیا ہے اس عرصہ کے دوران جسمانی رابطہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایسا عمل ہے جس کا شادی تک انتظار کیا جانا چاہیے (1کرنتھیوں 6باب 18-20آیات)۔

کورٹنگ اس موقف پر مبنی ہوتی ہے کہ دونوں افراد شادی تک کوئی جسمانی رابطہ( نہ چُھونا ، نہ ہاتھ پکڑنا، نہ بوسہ لینا وغیرہ) نہیں رکھتے ۔ کورٹنگ کرنے والے بہت سے لوگوں کو اُس وقت تک اکٹھے وقت گزرنے کی بالکل اجازت نہیں ہوتی جب تک خاندارن کےلوگ یا لازمی طور پر والدین اُس تمام وقت کے دوران وہاں موجود نہ ہوں ۔ اس کے علاوہ کورٹنگ کرنے والے جوڑے ایک دوسرے کے سامنے یہ واضح کرتے ہیں کہ اُن کا ارادہ اس بات کامشاہد ہ کرنا ہے کہ آیا دوسرا شخص ممکنہ شریک حیات کے طور پر مناسب ہے یا نہیں ۔ کورٹشپ کے حامی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ عمل دو لوگوں کو ایک الفت بھرا ماحول مہیا کرتا ہے تاکہ وہ جسمانی نزدیکی کے دباؤ یا جذبات کا شکار ہوئے بغیر حقیقی طور پر ایک دوسرے کو جان سکیں ۔

بنیادی طور پر اِن دونوں طریقہ کارمیں مسائل پائے جاتے ہیں ۔ ڈیٹ کرنے والوں کےلیے کسی ایسے مخالف جنس کے ساتھ جس میں وہ دلچسپی رکھتے ہیں تنہا وقت گزارنا ایسی آزمایشوں کو پیداکر سکتا ہے جن کی مزاحمت کرنا بہت مشکل کام ہو سکتا ہے ۔ مسیحی ڈیٹ کرنے والے جوڑوں کو اس لحاظ سے حدود مقرر کرنا اور اس بات کا عزم کرنا چاہیے کہ وہ اُن حدود کو عبور نہیں کریں گے ۔ اگر ایسا کرنے میں اُن کو مشکل درپیش آتی ہے تو اُنہیں اس با ت کو یقینی بنانے کےلیے اقدامات کرنے چاہییں کہ اُن کی ملاقات کے دوران مسیح عزت و جلال پائے گا اور یہ بھی کہ اُن کےرشتے پر اثر انداز ہونے کےلیے گناہ کو کبھی موقع نہیں دیا جائے گا ۔ کورٹنگ کرنے والے جوڑے کی طرح ڈیٹ کرنے والے جوڑے کے والدین کو بھی اس رشتے میں شامل ہونا چاہیے تاکہ وہ اپنے بچّے کے ساتھی کو جان سکیں اور اُن دونوں کےلیے دانشمندانہ اور سمجھدار نصیحت اور رہنمائی کا وسیلہ ثابت ہوں۔

یقیناً کورٹنگ کا طریقہ کار اپنے لحاظ سے کئی طرح کی مشکلات پیش کرتا ہے ۔ کورٹنگ کے حامی بہت سے لوگ اِسے شریک حیات کی تلاش کے واحد طریقے کے طور پر دیکھتے ہیں جبکہ دیگر لوگ اسے دشوار اور حد سے زیادہ نگرانی کے حامل عمل کے طور پر لیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ پورے خاندان کی موجودگی میں سامنے آنے والے ایک عام چہرے کے پیچھے چھپے " حقیقی" شخص کو جان پاناقدرے مشکل ہو سکتا ہے ۔ ایک اجتماعی ماحول میں کوئی انسان ویسا نہیں ہوتا جیسا وہ دو مخالف جنس کے لوگوں کی رُوبرو ملاقات میں ہوتا ہے ۔ اگر کوئی جوڑا کبھی تنہا نہیں رہا تو اُن کے پاس انفرادی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ جذباتی اور رُوحانی قربت میں تعلق قائم کرنے اور ایک دوسرے کو جاننے کا موقع کبھی نہیں ہوتا ۔ اس کے علاوہ کورٹشپ کی کچھ صورتِ حال ایسی ہیں جن میں والدین کے اثرو رسوخ کی وجہ سے یہ " طے شدہ شادیوں " کی صورت اختیار کر جاتی ہیں اور جس کا نتیجہ ایک یا دونوں جوان لوگوں کی ناراضگی کی صورت میں نکلتا ہے ۔

اس بات کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ کتابِ مقدس میں نہ تو ڈیٹنگ اور نہ ہی کورٹشپ کے بارے میں حکم دیا گیا ہے ۔ جوڑے کا مسیحی کردار اور رُوحانی پختگی با لآخر اس سے کہیں زیادہ اہم ہیں کہ حقیقت میں وہ کیسے اور کب اکٹھے وقت گزرتے ہیں ۔ بائبل کے لحاظ سے بات کی جائے تو اس عمل یعنی دیندار مسیحی مردوں اور خواتین کا شادی کرنے اور خدا کے جلال کےلیے خاندانوں کی پرورش کرنے کا نتیجہ زیادہ اہمیت کا حامل ہے برعکس اس کے کہ وہ اِس نتیجے کے حصول کےلیے کون سے طریقے کا استعمال کرتے ہیں ۔ "پس تم کھاؤ یا پیو یا جو کچھ کرو سب خُدا کے جلال کے لئے کرو " ( 1کرنتھیوں 10باب 31 آیت)۔

آخری بات، ڈیٹنگ یا کورٹنگ ہر کسی شخص کی ذاتی ترجیح ہو سکتی ہے، یہ خیال نہیں کرنا چاہیے کہ جو آپ کی ترجیح ہے وہی بہترین ہے اور ایسے لوگوں کو حقارت کی نظر سے دیکھنے کے خطرے سے بچنا چاہیے جو آپ کے تجویز کردہ طریقے کو درست نہیں مانتے۔ہر طرح کی باتو ں میں مسیح کے بدن کا اتحاد ہمارے ذہنوں میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہونا چاہیے اور اُن سب باتوں کے بارے لوگوں کے ذاتی انتخابات اور ترجیحات کو غالب نہیں آنا چاہیے جن کے بارے میں بائبل مُقدس خاموش ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ڈیٹنگ اور کورٹنگ میں سے کیا بہتر ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries