settings icon
share icon
سوال

کلیسیا کے اندر ایک ڈیکن (خدمتگار ) کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟

جواب


: نئے عہد نامے کے اندر جس لفظ کا ترجمہ "خدمت" کیا جاتا ہے اُس کے لیے یونانی متن کے اندر لفظ "diakoneo"استعمال ہوا ہےجس کے لفظی معنی "مکمل طور پر مٹی" کے ہیں۔ یہ لفظ یا اصطلاح خدمتگار ملازم، ویٹر یا ایسے شخص کی طرف اشارہ کرتا ہے جو کسی دوسرے کی خدمت کرے۔ اِس لفظ سے ہمیں انگریزی لفظ "ڈیکن " حاصل ہوتا ہے۔ ہم سب سے پہلے اعمال کی کتاب کے اندر لفظ ڈیکن کا استعمال کچھ اِس طرح سے دیکھتے ہیں "اور اُن بارہ نے شاگردوں کی جماعت کو اپنے پاس بلاکر کہا مناسب نہیں کہ ہم خُدا کے کلام کو چھوڑ کر کھانے پینے کا اِنتظام کریں " (اعمال 6 باب 2 آیت)۔ وہ لوگ جو تعلیم اور منادی کے ذریعے سے خُداوند کے گلّے کی نشوونما اور تربیت کر رہے تھے اُنہیں احساس ہوا کہ اُن کے لیے یہ بات درست نہیں کہ وہ اپنی اُن اہم سرگرمیوں کو چھوڑ کر کلیسیا کے اندر کھانے پینے کا انتظام کریں، پس اُنہوں نے کچھ ایسے لوگوں کو ڈھونڈا جو اِس طرح کی خدمت کرنے کے لیے تیار تھے، اور اُنہوں نے اِن نئے لوگوں کو یہ ذمہ داری دی کہ وہ کلیسیا کی انتظامی ضروریات میں مدد کریں جبکہ بزرگ اور خادم کلیسیا کی رُوحانی ضروریات کو پورا کریں۔ اِس عمل کے ذریعے سے تمام وسائل کا بھی بہتر استعمال ہونے لگا اور اُن کو ملی ہوئی رُوح کی نعمتوں کا بھی درست طور پر استعمال ہونے لگا۔ اور اِس کی وجہ سے اور زیادہ لوگوں نے اِس خدمت میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کے کام میں حصہ لینا شروع کر دیا۔

آج کے دور میں بھی بائبل کی بنیاد پر قائم کلیسیاؤں کے اندر یہ کردار اور ذمہ داریاں بالکل ویسی ہی ہیں۔ بزرگوں اور پاسبانوں کو ذمہ داری اور حکم ملا ہے کہ " کلام کی منادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعد رہ۔ ہر طرح کے تحمل اور تعلیم کے ساتھ سمجھا دے اور ملامت اور نصیحت کر " (2 تیمتھیس 4 باب 2آیت)، اور خدمتگاروں یعنی ڈیکنوں کو مقرر کیا گیا ہے کہ وہ کلیسیا کے باقی سبھی انتظامات کا خیال رکھیں۔ ایک جدید کلیسیا کے اندر اِس میں انتظامی امور کی مکمل ذمہ داری یا تنظیمی نوعیت کے کام کرنا، کلیسیا کی عمارت کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کو نبھاہنا یا کلیسیا کا خزانچی ہونے کے لیے اپنی رضاکارانہ خدمت کو پیش کرنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔ اِن سب باتوں کا انحصار کلیسیا کی ضرورت اور کلیسیا میں موجود لوگوں کی نعمتوں پر ہو سکتا ہے۔

کلامِ مُقدس کے اندر ایک ڈیکن کی ذمہ داریوں کی کوئی خاص فہرست نہیں دی گئی؛ خیال کیا جاتا ہے کہ اُن کی ذمہ داریوں میں پاسبان اور بزرگوں کے فرائض کے علاوہ سبھی فرائض شامل ہیں اور بزرگوں اور پاسبانوں کے فرائض کلام کی منادی کرنا، تعلیم دینا اور ملامت اور نصیحت کرنا ہیں۔ لیکن ڈیکن یعنی خدمتگار کے کردار کے حوالے سے اہلیت کو کلامِ مُقدس کے اندر واضح طور پر بیان کیا گیا ہے ۔وہ سنجیدہ ہوں، بے الزام ہوں، دو زبان اور شرابی اور ناجائز نفع کے لالچی نہ ہوں، ایک بیوی کے شوہر ہوں، نیک نام ہوں، ایماندار ہوں ، اور اپنےبچّوں اور گھر کا بخوبی انتظام کرنے والے ہوں(1 تیمتھیس 3باب8-12آیات)۔کلامِ مُقدس کے مطابق ایک ڈیکن کا عہدہ ایک بہت بڑی برکت اور عزت کی بات ہے۔ " کیونکہ جو خدمت کا کام بخوبی انجام دیتے ہیں وہ اپنے لئے اچھّا مرتبہ اور اُس اِیمان میں جو مسیح یسوع پر ہے بڑی دِلیری حاصل کرتے ہیں " (1 تیمتھیس 3باب13آیت)

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیا کے اندر ایک ڈیکن (خدمتگار ) کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries