سوال
کانٹوں کے تاج کا مطلب اور اہمیت کیا ہے ؟
جواب
یسوع کے خلاف جعلی عدالتی کاروائیوں اوراُسے کوڑے لگانے کے بعد رومی سپاہیوں نے مصلوب کرنے سے پہلے کانٹوں کا تاج بنا کر اُس کے سر پر رکھّا اور ایک سرکنڈا اُس کے دہنے ہاتھ میں دِیا اور اُس کے آگے گُھٹنے ٹیک کر اُسے ٹھٹھوں میں اُڑانے لگے کہ اَے یہودِیوں کے بادشاہ آداب! (متی 27باب 29آیت؛ یوحنا 19باب 2-5آیات بھی دیکھیں )۔ اگرچہ کانٹوں کا تاج بہت تکلیف دہ ہو گالیکن کانٹوں کا تاج تکلیف دینے سے زیادہ مذاق اُڑانے کے لیے پہنایا گیا تھا۔ یہاں یہودیوں کے بادشاہ کو ممکنہ طور پرچھوٹے درجے کے رومی سپاہیوں کی طرف سے مارا پیٹاجا رہا تھا، اُس کے منہ پر تھوکا جا رہا تھا اور اُس کی توہین کی جا رہی تھی ۔ کانٹوں کا تاج تضحیک کی انتہا تھی، تاج جو خودمختار ی اور عظمت کی علامت سمجھا جاتا ہے اُسے اُنہوں نے کانٹوں کے تاج یعنی تکلیف دہ اور ذلت آمیز چیز میں تبدیل کردیا تھا۔
مسیحیوں کے لیے کانٹوں کا تاج دو باتوں کی یاد دہانی ہے (1) خُداوند یسوع واقعی بادشاہ تھا، اور ہے۔ ایک دن پوری کائنات خُداوند یسوع کے سامنے سجدہ ریز ہوگی جو کہ بادشاہوں کا بادشاہ اور خُداوندوں کا خُداوند ہے (مکاشفہ 19باب 16آیت) ۔جو چیز رومی سپاہیوں کےنزدیک خُداوند یسوع کی تضحیک اور ٹھٹھہ بازی کی علامت تھی، وہ اصل میں مسیح کے دو کرداروں : اولاً دُکھ اُٹھانے والے خادم (یسعیاہ 53باب) اور دوئم فتح مند مسیحا بادشاہ (مکاشفہ 19باب) کی تصویر کشی تھی ۔ (2) یسوع ہماری خاطر دُکھ ، بے عزتی اور شرمندگی کو برداشت کرنے کے لیے تیار تھا۔ کانٹوں کا تاج اور اُس سے ملنے والی تکلیف بہت پہلے ختم ہو چکی ہے اور یسوع کو اب وہ تاج مل چکا ہے جس کے وہ لائق ہے۔" البتہ اُس کو دیکھتے ہیں جو فرِشتوں سے کچھ ہی کم کِیا گیا یعنی یسُوع کو کہ موت کا دُکھ سہنے کے سبب سے جلال اور عِزت کا تاج اُسے پہنایا گیا ہے تاکہ خُدا کے فضل سے وہ ہر ایک آدمی کے لئے مَوت کا مزہ چکھے"(عبرانیوں 2باب 9آیت)۔
کانٹوں کے تاج میں ایک اور بھی علامتی مفہوم پایا جاتا ہے۔ جب آدم اور حوّا نے گناہ کیا اور اِس طرح دنیا میں بُرائی اور لعنت کو لائے تو بنی نو ع انسان پر اس لعنت کا ایک حصہ یہ بھی تھا کہ" زمین تیرے سبب سے لعنتی ہُوئی۔ مشقّت کے ساتھ تُو اپنی عُمر بھر اُس کی پَیداوار کھائے گا۔ اور وہ تیرے لئے کانٹے اور اُونٹ کٹارے اُگائے گی اور تُو کھیت کی سبزی کھائے گا"( پیدایش 3باب 17-18آیات)۔ رومی سپاہیوں نے نادانستہ طور پر لعنت کی ایک چیز کو لیا اور اُسے تاج کی صورت میں اُس شخص کو پہنا دیا جو ہمیں اس لعنت سے نجات دے گا یعنی " مسیح جو ہمارے لئے لعنتی بنا اُس نے ہمیں مول لے کر شرِیعت کی لعنت سے چھڑایا کیونکہ لکھا ہے کہ جو کوئی لکڑی پر لٹکایا گیا وہ لعنتی ہے(گلتیوں 3باب 13آیت)۔مسیح نے اپنی کامل کفارہ بخش موت سے ہمیں گناہ کی لعنت سے ، جس کی کانٹا ایک علامت ہے نجات بخشی ہے ۔ تاج جس کے استعمال کا اصل مقصد تمسخر اڑانا تھا درحقیقت اِس بات کی شاندارعلامت تھا کہ یسوع کون ہے اور وہ کس کام کی تکمیل کے لیے آیا تھا۔
English
کانٹوں کے تاج کا مطلب اور اہمیت کیا ہے ؟