settings icon
share icon
سوال

کلیسیا کی بنیاد رکھنے سے کیا مُراد ہے؟

جواب


کسی کلیسیا کی بنیاد رکھنے سے مُراد ہے کہ کسی نئی جگہ پر ایمانداروں کی ایک منظم جماعت قائم کرنا ۔ کلیسیا کی بنیاد رکھنے کے عمل میں بشارت، نئے ایمانداروں کی تعلیم و تربیت، کلیسیائی قیادت کی تربیت اور نئے عہد نامے کے نمونے پر کلیسیا کے ڈھانچے کو ترتیب دینا شامل ہے۔ عام طور پر اِس میں یہ بھی شامل ہوتا ہے کہ کلیسیا کا ایک عقائدی بیان تحریر کیا جائے، لوگوں کی رفاقت کے لیے ایک مخصوص جگہ کا انتظام کیا جائے یا کسی جگہ کو خریدا جائے اور وہاں پر کلیسیا کے لیے عمارت کی تعمیر کی جائے۔

مختلف مقامات پر نئی کلیسیاؤں کی بنیاد رکھنا مشن کے بڑے ترین کاموں میں خاص اہمیت کا حامل عمل ہے۔ کلیسیاؤں کی بنیاد رکھنے والے مشنری کہلاتے ہیں جو اپنی پوری کوششوں کو کلامِ مُقدس کی تعلیم دینے اور منادی کرنے پر لگاتے ہیں۔ دیگر مشنری جنہوں نے مخصوص کاموں میں مہارت حاصل کی ہوتی ہے عام طور پر اُن کو "کلیسیا کی بنیاد رکھنے والے" تصور نہیں کیا جاتا، وہ دیگر بہت سارے اہم کاموں میں خاطر خواہ مدد فراہم کرتے ہیں۔ ایسے معاون مشنریوں میں ریڈیو براڈکاسٹرز، ہواباز، طابع، بائبل کے مترجم اور طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوتے ہیں۔

نئی کلیسیا کی بنیاد رکھنے والے لوگوں کا حتمی مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ کسی خاص علاقے یا قومیت کے اندر خودمختار، خود پھلنے پھولنے والی کلیسیائی جماعت کی بنیاد رکھیں۔ ایک بار جب یہ مقصد حاصل ہو جاتا ہے اور کلیسیا اپنے قدموں پر کھڑی ہو جاتی ہے تو اُس صورت میں کلیسیا کی بنیاد رکھنے والے لوگ کسی دوسری جگہ پر دوسرے لوگوں میں چلے جاتے ہیں اور وہاں جا کہ اِسی خدمت کو نئے سرے سے شروع کر دیتے ہیں۔

کلیسیا کی بنیاد رکھنے کا عمل مکمل طور پر بائبلی ہے۔ جب پولس رسول اپنی خدمت کے دوران مختلف علاقوں میں سفر کرتا تھا تو اُس کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ ہر شہر میں ایک خاص مدت تک وقت گزار کر وہاں کے مقامی ایمانداروں کی ایک چھوٹی سی جماعت کی بنیاد رکھے اور اُن کی قیادت کی تعلیم و تربیت کرے (اعمال 14باب 21-23آیات)۔ بعد میں وہ اکثر اُن کلیسیاؤں کے پاس دوبارہ جایا کرتا تھا تاکہ وہاں پر کلیسیا کے درست طور پر چلنے کی تصدیق کر تے ہوئے وہاں کی کلیسیائی جماعت کی حوصلہ افزائی کر ے (اعمال 15باب 41آیت؛ 1 تھسلنیکیوں 3باب 2آیت)۔ وہ کلیسیائیں جن کی اُس نے بنیاد رکھی تھی وہ پھر اپنے مشنری خود دوسرے علاقوں میں بھیجنا شروع کر دیتی تھیں اور اِس طرح سے نئی کلیسیاؤں کی بنیاد رکھنے کا سلسلہ جاری رہتا تھا (1 تھسلنیکیوں1باب 8آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیا کی بنیاد رکھنے سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries