settings icon
share icon
سوال

کلیسیائی رکنیت کیوں ضروری ہے ؟

جواب


عالمگیر کلیسیا – مسیح کا بدن (رومیوں 12باب5آیت) – مسیح پر ایمان رکھنے والے سارے ایمانداروں پر مشتمل جماعت ہے ، اور مقامی کلیسیائیں ایک طرح سے عالمگیر کلیسیا کے عالمِ اصغر/microcosm ہیں ۔ ایمانداروں کے طور پر ہمارے نام برّے کی زندگی کی کتاب کے اندر لکھے ہوئے ہیں (مکاشفہ 20باب12آیت)، اور یہی وہ چیز ہے جو سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ بہرحال کسی بھی مقامی کلیسیا کا حصہ ہونا بھی بہت زیادہ اہم ہے جہاں پر ہم اپنے وسائل کوپیش کر سکتے ہیں، دوسروں کی خدمت کر سکتے ہیں اور جس کے اندر ہم جوابدہ ہو سکتے ہیں۔

بائبل براہِ راست کسی کلیسیا کی با ضابطہ رکنیت کے معاملے پر بات نہیں کرتی، لیکن بائبل کے اندر ایسے بہت سارے حوالہ جات ہیں جو بڑی سختی کے ساتھ ابتدائی کلیسیا کے اندر اِس کے وجود کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ "اور خُدا کی حمد کرتے اور سب لوگوں کو عزیز تھے اور جو نجات پاتے تھے اُن کو خُداوند ہر روز اُن میں مِلا دیتا تھا " (اعمال 2باب47آیت)۔ یہ آیت اِس حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ کلیسیا میں "ملائے جانے" کے لیے نجات کا تقاضا کیا جاتا ہے۔ اعمال 2باب41آیت کے اندر ایسا محسوس ہوتا ہے کوئی شخص نجات پا کر کلیسیا میں شامل ہونے والے اُن سارے لوگوں کا عددی ریکارڈ رکھ رہا تھا۔ وہ تمام کلیسیائیں جو رکنیت دینے سے پہلے نجات یافتہ ہونے کے اقرار کا تقاضا کرتی ہیں وہ بائبلی نمونے کی پیروی کر رہی ہیں۔ دیکھئے 2 کرنتھیوں 6باب14-18آیات۔

نئے عہد نامے کے اندر دیگر حوالہ جات بھی ہیں جو مقامی کلیسیا کو ایک واضح گروہ کے طور پر دکھاتے ہیں: اعمال 6باب3آیت کے اندر یروشلیم کی کلیسیا کے اندر ایک خاص انتخاب/چناؤ کے بارے میں بیان کیا جا رہا ہے: "پس اَے بھائیو!اپنے میں سے سات نیک نام شخصوں کو چُن لو جو رُوح اور دانائی سے بھرے ہوئے ہوں کہ ہم اُن کو اِس کام پر مُقرّر کریں۔ " سادہ انداز میں کہا جائے تو خادموں /مددگاروں کے لیے کلیسیا کے رکن ہونا ضروری تھا۔

کلیسیائی رکنیت بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ پاسبان کی ذمہ داری کی وضاحت کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ عبرانیوں 13باب17آیت ہمیں ہدایت دیتی ہے کہ "اپنے پیشواؤں کے فرمانبردار اور تابع رہو کیونکہ وہ تمہاری رُوحوں کے فائدہ کے لئے اُن کی طرح جاگتے رہتے ہیں جنہیں حِساب دینا پڑے گا ۔ " ایک پاسبان اپنی کلیسیا کے اراکین کے علاوہ کس کے لیے حساب دے گا؟وہ دُنیا میں موجود تمام مسیحیوں کے لیے ذمہ دار نہیں ہے، بلکہ وہ صرف اور صرف اُن ایمانداروں کے لیے ذمہ دار ہے جو اُس کی قیادت میں چل رہے ہیں – یعنی اُس کی کلیسیا کے اراکین۔ کسی مقامی کلیسیا کی رکنیت اختیار کرنا دراصل اپنے آپ کو ایک پاسبان کے رُوحانی اختیار کے تابع کرنا ہے۔

کلیسیائی رکنیت اِس لیے بھی اہم ہے کیونکہ اِس کے بغیر کلیسیا کے اندر کسی طرح کی ترتیب یا جوابدہی نہیں ہو سکتی۔ 1 کرنتھیوں 5باب1-13آیات ایک کلیسیا کو یہ تعلیم دیتی ہیں کہ وہ اپنے اندر کھلم کھلا اور غیر توبہ شُدہ گناہ کا کس طرح سے سدِ باب کرے۔12 اور 13 آیات میں "باہر والوں" اور "اندر والوں" جیسے الفاظ کا استعمال ہوا ہے جو کلیسیائی ڈھانچے کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ہم صرف "اندر والوں" –کلیسیا کے اراکین کو ہی جوابدہی کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ کلیسیا کی باقاعدہ رکنیت کے بغیر ہم کس طرح سے جان سکتے ہیں کہ کون "اندروالا" ہے اور کون "باہر والا"۔ متی 18 باب17آیت بھی دیکھئے۔

اگرچہ کلیسیا کی باقاعدہ رکنیت حاصل کرنے کے لیے کلام میں سے کوئی بھی خاص حوالہ یا ہدایت نہیں ملتی، لیکن اِس سے منع کرنے کے لیے بھی کلام میں کوئی بات نہیں کی گئی، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ابتدائی کلیسیا کی ساخت ایسی تھی کہ لوگ با آسانی یہ جان پاتے تھے کہ کون کلیسیا کے "اندر والا" ہے اور کون "باہر والا۔"کلیسیائی رکنیت ایک ایسا طریقہ ہے جس کے ذریعے سے کوئی شخص مقامی سطح پر ایمانداروں کے ساتھ اپنے تعلق کی نشاندہی کرتا ہے اور اپنے آپ کو باقاعدہ رُوحانی قیادت کے سامنے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے پیش کرتا ہے۔ کلیسیائی رکنیت ہم خیال لوگوں کے ساتھ یکجہتی میں شمولیت ہے (دیکھئے فلپیوں 2باب2آیت)۔ کلیسیائی رکنیت تنظیمی مقاصد کے لیے بھی بہت زیادہ اہم ہے۔ یہ اِس بات کا تعین کرنے کا بھی اچھا طریقہ ہے کہ کسی کلیسیائی فیصلے کے اندر کون ووٹ دے سکتا ہے اور کون کلیسیائی عہدوں پر فائز ہونے کی اہلیت رکھتا ہے۔ مسیحیوں سے کلیسیائی رکنیت کا تقاضا نہیں کیا جاتا۔ رکنیت تو محض یہ کہنے کا ایک طریقہ ہے کہ "مَیں ایک مسیحی ہوں اور ایمان رکھتا ہوں کہ یہ کلیسیا ایک اچھی کلیسیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیائی رکنیت کیوں ضروری ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries