سوال
کسی چرچ کو خیر باد کہنا کس صورت میں درست ہے ؟
جواب
اِس بات کا تعین کرنے کے لیے کہ آیا کسی شخص کے پاس کسی چرچ کو خیر باد کہنے کے درست دلائل ہیں یا نہیں ، بہترین طریقہ بنیادی باتوں کی طرف لوٹ کر آنا ہے ۔ آخر کار کلیسیا کا مقصد کیا ہے؟ بائبل اس بارے میں واضح ہے کہ کلیسیا کو "حق کا ستون اور بنیاد" ہونا چاہیے (1 تیمتھیس 3باب 15آیت )۔ کلیسیا ئی ڈھانچے کی ہر چیز یعنی تعلیم، عبادت، پروگراموں اور سرگرمیوں کو اس حقیقت پر مبنی ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ کلیسیا کے لیے ضروری ہے کہ وہ یسوع مسیح کو اپنے واحد سرکے طور پر تسلیم کرے (افسیوں 1باب 22آیت؛ 4باب 15آیت؛ کلسیوں 1باب 18آیت) اور ہر بات میں اس کے تابع رہے۔ واضح رہے کہ یہ باتیں صرف اُس وقت سر انجام دی جا سکتی ہیں جب کلیسیا بائبل یعنی خُدا کے کلام کو اپنے ہر کام کے معیار اور اختیار کے طور پر تھامے رکھتی ہے۔ اس بات کا تعین کرنا مشکل ہے کہ کوئی شخص کیوں کسی چرچ کو چھوڑنا چاہے گا جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے لیکن آج کل کچھ کلیسیاؤں کے حال ایسے ہیں کہ اُنہیں چھوڑنا پڑتا ہے۔
وہ ایماندار جو کسی چرچ کو چھوڑنے کی خواہش محسوس کرتے ہیں اُنہیں اپنے دلائل میں واضح ہونا چاہیے۔ اگر چرچ سچائی کا اعلان یا بائبل کی تعلیم نہیں دیتا اور مسیح کی تعظیم نہیں کرتا جبکہ اُسی علاقے میں موجود کوئی اور چرچ ایسا کرتا ہے تو اُس صورت میں اُسے چھوڑنے کی وجوہات موجود ہیں۔ تاہم بہتری اور تبدیلیاں لانے کے لیے کلیسیا کا حصہ رہتے ہوئے کام کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں "اُس اِیمان کے واسطے جانفشانی "کرنے کی نصیحت کی گئی ہے جو "مُقدّسوں کو ایک ہی بار سَونپا گیا تھا" (یہوداہ 1باب 3آیت)۔ اگر کوئی شخص کلیسیا کو اور زیادہ مضبوط بائبلی بنیادوں پر قائم کرنے اور مسیح کی تعظیم میں بڑھنے کی ضرورت کے لیے گہرا عزم رکھتاہے اور وہ اس عمل کو محبت بھرے انداز میں سر انجام دے سکتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ اُس کا اُس کلیسیا میں بنے رہنا بہتر فیصلہ ہو گا۔
بائبل کسی چرچ کو چھوڑنے کے طریقہ کار کی وضاحت نہیں کرتی ۔ کلیسیا کے ابتدائی دنوں میں کسی ایماندار کو کسی اور چرچ کی تلاش کے لیے دوسرے شہر جانا پڑتا تھا۔ کچھ علاقوں میں آج کل بظاہر ہر کونے پر چرچ موجو ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ بہت سے ایماندار کسی بھی در پیش پریشانی کا سامنا کرنے کی بجائے ایک چرچ کو چھوڑ کر گلی کے دوسرےچرچ میں چلے جاتے ہیں۔ ایمانداروں کو معافی، محبت اور یگانگت کی خصوصیات کے حامل ہو نا چاہیے (یوحنا 13باب 34-35آیات؛ کلسیوں 3باب 13آیت ؛ یوحنا 17باب 21-23 آیات)نہ کہ تلخ مزاجی اور فرقہ بازی کے حامل (افسیوں 4باب 31-32آیات)۔
اگر کسی ایماندار کو کسی چرچ کو چھوڑنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو اُس کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ یہ کام اُ س انداز میں جو غیر ضروری فرقہ بازی یا تنازعے کا باعث نہ ہو (امثال 6باب 19آیت ؛ 1 کرنتھیوں 1باب 10آیت)۔ اگر کسی کو بائبلی تعلیم کی کمی کا سامنا ہے تو پھر فیصلہ طے ہے اور ایک نئے چرچ کی تلاش کی جانی چاہیے ۔ تاہم بہت سے لوگوں کی چرچ کے بارے میں بے اطمینانی کی وجہ یہ ہے کہ اُنہیں چرچ کی خدمات میں مناسب شمولیت کا موقع نہیں دیا جاتا ۔ جب کوئی شخص دوسروں کو " سیر" کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے تو چرچ کی طرف سے اُس کا رُوحانی طور پر سیر ہونا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ افسیوں 4باب 11-14آیات میں کلیسیا کے مقصد کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ کسی چرچ کے انتخاب اور تلاش کے عمل میں اِس حوالے کو رہنما اُصول کے طور قبول کریں۔
English
کسی چرچ کو خیر باد کہنا کس صورت میں درست ہے ؟