settings icon
share icon
سوال

کلیسیا کے ایک خاندان جیسا ہونے کی کیا اہمیت ہے ؟

جواب


دوسرے ایمانداروں کے ساتھ ایک ہی خاندان کے افراد جیسا تعلق قائم کرنے کی کیا اہمیت ہے؟ اعمال 2باب42آیت کو کلیسیا کی اِس اہم سرگرمی کی بنیاد سمجھا جا سکتا ہے: "اور یہ رسُولوں سے تعلیم پانے اور رفاقت رکھنے میں اور روٹی توڑنے اور دُعا کرنے میں مشغول رہے۔ " بائبل مندرجہ ذیل وجوہات کی بنیاد پر کلیسیا کی خاندانی اکائی کو اہمیت دیتی ہے۔

ہم ملکر خُدا کے کلام کا مطالعہ کرتے ہیں –ایک کلیسیا بطورِ خاندان مسلسل طور پر بائبلی تعلیمات مہیا کرتی ہے۔ اکثر ایسا چھوٹے چھوٹے گروہوں کے ذریعے سے ہوتا ہے، بائبلی مطالعہ جات، پاسبانوں کے ذریعے سے تعلیمات، سنڈے سکول کے اسباق اور اِن کی مانند بہت کچھ اور۔ کلیسیائی خاندان کی بلاہٹ باہمی طور پر ملکر اکٹھے رُوحانی ترقی کرنے کے لیے ہوئی ہوتی ہے جس میں سبھی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ 2 تیمتھیس 3 باب16آیت بیان کرتی ہے کہ "ہر ایک صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربِیّت کرنے کے لئے فائدہ مند بھی ہے۔ "

ہم سب ملکر اپنی پرستش کے ذریعے سے خُدا کے نام کو جلال دیتے ہیں –جب سارے ایماندار ملکر خُدا کی پرستش کرتے ہیں تو اُس عمل میں ایک باہمی طور پر جوڑنے والا عنصر پایا جاتا ہے، چاہے یہ موسیقی کے ذریعے سے ہو یا کلام کی منادی کے ذریعے سے یا پھر خدمت کے ذریعے سے۔ 34زبور3آیت اکٹھے ملکر پرستش کرنے پر زور دیتی ہے"میرے ساتھ خُداوند کی بڑائی کرو ۔ ہم مل کر اُس کے نام کی تمجید کریں۔"

ہمیں جوابدہ ہونے کا ایک مقام میسر ہوتا ہے – کلیسیا ہمیں جوابدہی کا ایک عملی ڈھانچہ مہیا کرتی ہے۔ ایک بار جب ہمارے تعلقات اور دوستی دوسرے لوگوں کے ساتھ ہو جاتی ہے، تو اُن میں سے کچھ لوگ ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اگر ضرورت پڑے تو وہ ہمیں ڈانٹتے بھی ہیں اور پھر ہماری خوشیوں میں ہمارے ساتھ خوشی مناتے ہیں۔ امثال 24باب17آیت بیان کرتی ہے کہ "جس طرح لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے اُسی طرح آدمی کے دوست کے چہرہ کی آب اُسی سے ہے۔" گناہ پر غالب آنے کی جنگ کے اندر جوابدہی بہت ہی زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ اور کلیسیائی خاندان وہ سب سے بہترین جگہ ہے جہاں پر ایسے لوگوں ڈھونڈے جا سکتے ہیں جو ہمارے ساتھ ملکر دُعا کریں، ہمارے ساتھ بات چیت کریں اور جن پر ہم بھروسہ کر سکیں۔

ہم آزمائشوں کے دوران مدد حاصل کرتے ہیں –جب مشکلات اور آزمائشیں آتی ہیں، اُس وقت مدد کا ایک نظام بہت زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ جب آپ ضرورمند ہوتے ہیں تو یہ وہ وقت ہوتا ہے جب آپ چاہتے ہیں کہ مسیح میں آپ کے بہن بھائی آپ کو اپنی دُعاؤں میں رکھیں، حقیقی ضروریات جیسے کہ کھانے، دھونے اور بچّوں کی دیکھ بھال کے لیے آپ کی عملی طور پر مدد کریں۔ گلتیوں 6باب2 آیت ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بیان کرتی ہے کہ "تم ایک دُوسرے کا بار اُٹھاؤ اور یُوں مسیح کی شرِیعت کو پُورا کرو۔"

ہمیں خدمت کرنے کے مواقع ملتے ہیں–ہمیں نہ صرف کلیسیا کی طرف سے مدد ملتی ہے، ہم کلیسیا میں دوسرے لوگوں کی مدد بھی کرتے ہیں۔ کلیسیا کے اندر آپ کی بلاہٹ صرف دوسروں سے مدد لینے کے لیے ہی نہیں بلکہ دوسروں کی مدد میں حصہ ڈالنے کے لیے بھی ہے۔ جب آپ دوسرے ایمانداروں کے ساتھ قریبی رفاقت میں ہوتے ہیں تو اُس وقت ہمیں پتا چل جاتا ہے کہ کب کسی کو مدد اور ہماری دُعاؤں کی ضرورت ہے۔ اُس وقت ہم آگے بڑھ کر عملی طور پر دوسروں کی مدد کر سکتے ہیں۔ افسیوں 6باب7آیت بیان کرتی ہے کہ "اور اُس خدمت کو آدمیوں کی نہیں بلکہ خُداوند کی جان کر جی سے کرو۔"

ہم شاگرد بناتے ہیں–پھر ایک وقت آتا ہے جب ہمیں صرف خود کو سیر کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ ضرورت ہوتی ہے کہ دوسروں کو سیر کریں (عبرانیوں 5باب12آیت)۔ ہم بشارت کی خدمت سر انجام دے سکتے ہیں، تعلیم دے سکتے ہیں ، دوسروں کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں اور اپنےکلیسیائی خاندان کے اندر دوسروں کی "تربیت" کرتے ہوئے اُنہیں مسیح کا شاگرد بنا سکتے ہیں۔ " آسمان اور زمین کا کُل اِختیار مجھے دِیا گیا ہے۔پس تم جا کر سب قوموں کو شاگرد بناؤ اور اُن کوباپ اور بیٹے اور رُوحُ القدس کے نام سے بپتسمہ دو۔اور اُن کو یہ تعلیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جن کا مَیں نے تم کو حکم دِیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں" (متی 28باب18-20آیات)۔

ایک ایسے دور میں جہاں پر معاشرہ بڑی تیزی کے ساتھ لا دینیت کی طرف جا رہا ہے، ایک ذہن کے حامل لوگوں کے خاندان کا حصہ ہونا بہت زیادہ مفید ہے۔ یہ مسیحی بہن بھائی آپ کے مسیحی ایمان کے اندر آپ کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں، رُوحانی معاملات کے بارے میں آپ کے سوالات کے جوابات دے سکتے ہیں، اور مشکل اوقات میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ کلیسیائی خاندان آپ کو دوسرے لوگوں کی خدمت کرنے اور دوسروں کو مسیح کا شاگرد بنانے کے مواقع بھی مہیا کر سکتا ہے۔ "اور ایک دُوسرے کے ساتھ جمع ہونے سے باز نہ آئیں جیسا بعض لوگوں کا دستُور ہے بلکہ ایک دُوسرے کو نصیحت کریں اور جس قدر اُس دِن کو نزدِیک ہوتے ہوئے دیکھتے ہو اُسی قدر زِیادہ کِیا کرو" (عبرانیوں 10باب25آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیا کے ایک خاندان جیسا ہونے کی کیا اہمیت ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries