settings icon
share icon
سوال

مسیحی مخلصی کے کیا معنی ہیں؟

جواب


ہر انسان کو مخلصی (چھٹکارے، رہائی) کی ضرورت ہے کیونکہ ہماری پیدایشی فطرت گناہ کی تصویر پیش کرتی ہے : " سب نے گناہ کیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں" (رومیوں 3باب 23آیت)۔ مسیح کے فدیے کی بدولت ہمیں گناہ اور اِسکی ملامت سے آزاد ی ملی ہے کیونکہ ہم " اُس کے فضل کے سبب سے اُس مخلصی کے وسیلہ سے جو مسیح یسوع میں ہے مُفت راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں" (رومیوں 3باب 24آیت)۔

مخلصی کے فوائد میں ہمیشہ کی زندگی ( مکاشفہ 5باب 9- 10آیات)، گناہوں کی معافی ( افسیوں 1باب 7آیت)، راستبازی ( رومیوں 5باب 17آیت)، شریعت کی لعنت سے آزادی (گلتیوں 3باب 13آیت)، خدا وند کے گھرانے میں شمولیت ( گلتیوں 4باب 5آیت)، گناہ کی قید سے خلاصی ( ططُس 2باب 14آیت؛ 1پطرس 1باب 14-18 آیات) ، خدا کے ساتھ صلح( کلسیوں 1باب 18- 20آیات) اور ایمانداروں کی زندگیوں میں رُوح القدس کی موجودگی ( 1کرنتھیوں 6باب 19- 20آیات) شامل ہیں ۔ لہذا مسیح کے وسیلے مخلصی (چھٹکارے ،رہائی) ملنے کی بدولت ہمیں گناہ سے معافی ،پاکیزگی ، راستبازی، آزادی، خدا کے گھرانے میں شمولیت اور اُس کے ساتھ رفاقت کی بحالی ملتی ہے۔ دیکھیں 130زبور 7- 8آیات؛ لوقا 2باب 38آیت اور اعمال 20باب 28آیت)۔

لفظ فدیے کا مطلب ہے " خرید لینا" ۔ یہ اصطلا ح خاص طور پر کسی غلام کی آزادی کےلیے ادا کی جانے والی قیمت کی جانب اشارہ کرتی تھی ۔ صلیب پر مسیح کی موت کے تعلق سے اِس اصطلاح کا اطلاق مسیحی مخلصی کے لیے کافی معقول ہے۔ اگر ہمارا " فدیہ " دیا گیا ہے تو اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہم پہلے غلامی کی حالت تھی ۔ خدا نے ہماری آزادی کی قیمت چکائی ہے اور اب ہم مزید گناہ اور پرانے عہد نامے کی شریعت کے پابند نہیں ہیں ۔ " فدیے" کا یہ مجازی استعمال گلتیوں 3باب 13 آیت اور 4باب 5آیت میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے ۔

لفظ "تاوان"مسیحی فدیے کے تصور سے کافی ملتا جلتا ہے ۔ یسوع نے ہمیں گناہ اور اِس کی سزا سے بچانے کےلیےایک قیمت ادا کی ہے ( متی 20 باب 28آیت)۔ ہماری زندگی کے بدلے میں اُس نے صلیبی موت برداشت کی تھی۔ یہ حقیقت کلامِ مقد س میں پوری طرح واضح ہے کہ مخلصی(گناہ سے ہماری رہائی/چھٹکارہ) صرف " اُس کے خون " یعنی اُس کی موت ہی کے وسیلہ سے ممکن ہوئی ہے ( کلسیوں 1باب 14آیت)۔

اب فردوس کی گلیاں اُن سابقہ گناہگاروں سے بھر ی ہونگی جن کی مخلصی ، معافی اور آزادی کےلیے قیمت چکائی جا چکی ہے ۔ یہ اُن کے اپنے اعمال کے وسیلہ سے ممکن نہیں ہوا بلکہ مسیح کی صلیبی موت کے وسیلے سے ممکن ہوا ہے۔ وہ جو گناہ کے غلام تھے اب مقدسین بن گئے ہیں ۔ اِس میں کچھ حیرانی یا تعجب نہیں کہ ہم اُس فدیہ دینے والے کی حمد میں جو ہمارے لیے قربان ہوا تھا ایک نیاگیت گائیں گے ( مکاشفہ 5باب 9آیت)۔ ہم گناہ کے غلام تھے اِس لیے ہم خدا سے ابدی جُدائی کی حالت میں تھے اور سزا کے مستحق تھے۔ یسوع نے ہماری مخلصی کےلیے قیمت ادا کی ہے جس کی وجہ سے ہمیں گناہ کی غلامی سے آزادی اور اُس گناہ کے ابدی نتائج سے خلاصی ملی ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیحی مخلصی کے کیا معنی ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries