settings icon
share icon
سوال

کیا کوئی مسیحی لعنت زدہ ہو سکتا ہے؟

جواب


بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ "جس طرح گوریّا آوارہ پھرتی اور ابابیل اُڑتی ہے اُسی طرح بے سبب لعنت بے محل ہے" (امثال26 باب 2 آیت)۔ اِس کا مطلب ہے کہ بیوقوفانہ قسم کی لعنتیں کوئی اثر نہیں رکھتی۔ خُدا اِس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ اُس کے فرزند لعنت زدہ ہوں۔ خُدا حاکمِ اعلیٰ ہے۔ کسی کے پاس قدرت نہیں کہ اُس شخص پر لعنت کر سکے جسے خُدا نے برکت دی ہو۔ صرف خُدا ہی کی ذات ہے جو عدالت کر سکتی ہے۔

"جادُو ٹونے" کو بائبل میں ہمیشہ منفی طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اِستثنا18باب 10-11 آیات اُن لوگوں کی فہرست بیان کرتی ہیں جو اُن لوگوں کے ساتھ جادُو ٹونے کرتے تھے جنہوں نے"خُداوند کی نظر میں مکرُوہ" کام کئے جیسے کہ بچوں کی قُربانی کرنا، فالگیری ، شگُون نکالنا ، افسُون گری، جادُوگری، جنات کےساتھ آشنائی (مُردوں سے مشاورت)۔ میکاہ5 باب 12 آیت فرماتی ہے کہ خُدا جادوگروں اور فالگیروں کو برباد کرے گا۔ مکاشفہ18 باب جادُوگری کو دھوکہ دہی کے طور پر بیان کرتا ہے جسے مخالفِ مسیح اور "اُس بڑے شہر بابُل" کی طرف سے استعمال کیا جائے گا (21-24آیات)۔ اگرچہ آخری دور کی دھوکہ دہی اتنی عروج پر ہو گی کہ اگر خُدا ہمیں محفوظ نہ رکھے تو ہم برگزیدہ لوگ بھی گمراہ ہو جائیں گے (متی 24باب 24 آیت) مگر خُدا بالآخر شیطان، مخالفِ مسیح، اور اُن کے پیروکاروں کو تباہ کر دے گا (مکاشفہ19- 20 ابواب)۔

مسیحی لوگ یسوع مسیح میں نئی مخلوق کے طور پر نئے سرے سے پیدا کئے گئے ہیں (2کرنتھیوں 5باب 17 آیت)، ہم رُوح القدس کی مسلسل حضوری میں رہتے ہیں جو ہم میں بسا ہوا ہے اور ہم اُس کی محافظت کے نیچے رہتے ہیں (رومیوں8 باب 11آیت)۔ ہمیں ایسے کسی بھی شخص سے فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو ہم پر کسی بھی قسم کا جادُو کرتا ہے۔ جادُو ٹونے، جھاڑ پھونک، سحر، اور لعنتوں کو ہم پر کوئی قدرت حاصل نہیں ہے کیونکہ یہ شیطان سے صادر ہوتی ہیں، اور ہم جانتے ہیں کہ کلامِ مُقدس میں مرقوم ہےکہ "جو(یسوع) تم میں ہے وہ اُس(شیطان) سے بڑا ہے جو دُنیا میں ہے"(1 یوحنا 4باب 4 آیت)۔ خُدا اُس پر غالب آیا ہے، اور ہم بغیر خوف کے خُدا کی پرستش کرنے کے لئے آزاد کئے گئے ہیں (یوحنا8 باب 36 آیت)۔ "خُداوند میری روشنی اور میری نجات ہے۔ مجھے کس کی دہشت؟ خُداوند میری زندگی کا پشتہ ہے۔ مجھے کس کی ہیبت؟" (27زبور 1 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا کوئی مسیحی لعنت زدہ ہو سکتا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries