settings icon
share icon
سوال

کیا ہم سبھی خُدا کے فرزند ہیں یا پھر صرف مسیحی ہی خُدا کےفرزند ہیں؟

جواب


بائبل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ تمام لوگ خُدا کی تخلیق ہیں ( پیدایش1باب 16آیت )اور خُدا ساری دُنیا سے محبت کرتا ہے (یوحنا3باب 16آیت ) لیکن صرف وہی لوگ خدا کے فرزند ہیں جو نئے سرے سے پیدا ہوئے ہیں (یوحنا1باب 12آیت ؛ 11باب 52آیت ؛ رومیوں8باب 16آیت؛ 1یوحنا3باب 1- 10 آیات)۔

بائبل مُقدس میں غیر نجات یافتہ لوگوں کوکبھی بھی خُدا کے فرزندوں کے طور پر پیش نہیں کیا گیا ۔ افسیوں2باب 3آیت ہمیں بتاتی ہے کہ ہم نجات پانے سے پہلے "دوسروں کی مانند طبعی طور پر غضب کے فرزند تھے" (افسیوں2باب 1-3آیات)۔ رومیوں 9باب 8آیت بیان کرتی ہے کہ " جسمانی فرزند خُدا کے فرزند نہیں بلکہ وعدہ کے فرزند نسل گنے جاتے ہیں"۔ خُدا کے فرزندوں کے طور پر پیدا ہونے کی بجائے ہم گناہ کی حالت میں پیدا ہوتے ہیں اور یہ گناہ کی حالت ہمیں خُدا سے جُدا کرتی اور خُدا کے دشمن کی حیثیت سے ہمیں شیطان سے منسوب کرتی ہے (یعقوب 4باب 4آیت ؛1یوحنا3باب 8آیت)۔ یسوع نے فرمایا ہے کہ "اگر خُدا تمہارا باپ ہوتا تو تم مجھ سے محبت رکھتے اِس لئے کہ مَیں خُدا میں سے نکلا اور آیا ہوں کیونکہ مَیں آپ سے نہیں آیا بلکہ اُس نے مُجھے بھیجا" (یوحنا 8باب 42آیت )۔ پھر چند آیات کے بعد یوحنا 8باب 48آیت میں یسوع فریسیوں کو بتاتا ہے کہ "تم اپنے باپ ابلیس سے ہو اور اپنے باپ کی خواہشوں کو پورا کرنا چاہتے ہو۔ وہ شروع ہی سے خونی ہے اور سچائی پر قائم نہیں رہا کیونکہ اُس میں سچائی ہے نہیں"۔ یہ حقیقت1یوحنا3باب 10آیت میں بھی دیکھی جا سکتی ہے کہ غیر نجات یافتہ لوگ خُدا کے فرزند نہیں "اِسی سے خُدا کے فرزند اور ابلیس کے فرزند ظاہر ہوتے ہیں۔ جو کوئی راست بازی کے کام نہیں کرتا وہ خُدا سے نہیں اور وہ بھی نہیں جو اپنے بھائی سے محبت نہیں رکھتا"۔

جب ہم نجات پاتے ہیں توہم خُدا کے فرزند بنتے ہیں کیونکہ ہم خُداوند یسوع مسیح کی رفاقت کے وسیلہ سے خُدا کے خاندان میں لے پالک فرزند کی حیثیت سے شامل ہو جاتے ہیں (گلتیوں4باب 5- 6آیات ؛ افسیوں1باب 5آیت )۔ یہ تعلیم رومیوں8باب 14-17آیا ت میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، "اِس لئے کہ جتنے خُدا کے رُوح کی ہدایت سے چلتے ہیں وہی خُدا کے بیٹے ہیں۔ کیونکہ تم کو غلامی کی رُوح نہیں ملی جس سے پھر ڈر پیدا ہو بلکہ لے پالک ہونے کی رُوح ملی جس سے ہم ابّا یعنی اے باپ کہہ کر پکارتے ہیں۔ رُوح خود ہماری رُوح کے ساتھ مل کر گواہی دیتا ہے کہ ہم خُدا کے فرزند ہیں۔ اور اگر فرزند ہیں تو وارث بھی ہیں یعنی خُدا کے وارث اور مسیح کے ہم میراث بشرطیکہ ہم اُس کے ساتھ دُکھ اُٹھائیں تاکہ اُس کے ساتھ جلال بھی پائیں"۔ جو لوگ نجات یافتہ ہیں وہ "یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلہ سے خُدا کے فرزند ہیں" (گلتیوں3باب 26آیت ) کیونکہ خُدا نے "اپنی مرضی کے نیک ارادہ کے موافق ہمیں اپنے لئے پیشتر سے مقرر کیا کہ یسوع مسیح کے وسیلہ سے اُس کے لے پالک بیٹے ہوں" (افسیوں1باب 5آیت )۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا ہم سبھی خُدا کے فرزند ہیں یا پھر صرف مسیحی ہی خُدا کےفرزند ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries