سوال
مسیح کے خون کے کیا معنی ہیں؟
جواب
یہ الفاظ "مسیح کا خون " نئے عہد نامے میں بہت سے حوالہ جات میں استعمال کئے گئے ہیں اور یہ الفاظ ہماری خاطر یسوع کی طرف سے فدیہ دینے اور اپنی جان دیکر ہماری نجات کے کام کو مکمل کرنے کا اظہار کرتے ہیں۔ نجات دہندہ کے خون کے بارےمیں حوالہ جات میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ اُس نے صلیب پرحقیقی طور پر خون بہایا تھا لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اُس نے گنہگاروں کی خاطر اپنا خون بہایا اور اُن کےلیے اپنی جان دی تھی ۔ مسیح کا خون ہر ایک زمانے سے تعلق رکھنے والے لامحدود لوگوں کے لاتعداد گناہوں کا کفارہ دینے کی قدرت رکھتا ہے اورجو لوگ اُس کے کفارہ بخش خون پر ایمان رکھتے ہیں نجات پائیں گے۔
یہ حقیقت کہ مسیح کا خون انسانوں کے گناہوں کا کفارہ ہے اپنی بنیاد کی جڑیں موسیٰ کی شریعت کے اندر رکھتی ہے۔ کاہن کو سال میں ایک بار ہیکل کی قربان گاہ پر لوگوں کے گناہوں کی قربانی کے طور پر جانوروں کے خون کو پیش کرنا ہوتا تھا ، "اور تقرِیباً سب چیزیں شرِیعت کےمطابق خُون سے پاک کی جاتی ہیں اور بغیر خُون بہائے معافی نہیں ہوتی" ( عبرانیوں 9باب 22آیت)۔ لیکن خون کی یہ قربانی اپنے اثر کے لحاظ سے محدود تھی اور یہی وجہ تھی کہ اُسے سال بہ سال پیش کرنا پڑھتا تھا۔ یہ اُس " ایک ہی بار " قربانی کی جانب اشارہ تھا جو یسوع نے صلیب پر پیش کی تھی ( عبرانیوں 7باب 27 آیت)۔ ایک بار جب یہ قربانی پیش کر دی گئی تو بیلوں اور بکروں کے خون کی مزید ضرورت نہ رہی تھی۔
مسیح کا خون نئے عہد کی بنیاد ہے ۔ مصلوبیت سے ایک رات قبل یسوع نے اپنے شاگردوں کو مے کا پیالہ دیا اور کہا " یہ پیالہ میرے اُس خُون میں نیا عہد ہے جو تمہارے واسطے بہایا جاتا ہے"۔ مے کا پیالے میں اُنڈیلا جانا مسیح کے اُس خون کی علامت ہے جو اُن سب کےلیے بہایا گیا ہے جو اُس پر ایمان لائیں گے ۔ جب یسوع نے صلیب پر اپنا خون بہایا تو اُس نے پرانے عہد میں جانوروں کی لگا تار قربانیوں کے تقاضے کو ختم کر دیا تھا ۔ جانوروں کا خون جو عارضی وقت کےلیے تھا لوگوں کے گناہوں کو مٹانے کےلیے کافی نہیں تھا کیونکہ ایک پاک اور لامحدود خدا کے خلاف کیا گیا گناہ ایک پاک اور لامحدود قربانی کا تقاضا کرتا ہے ۔ " بلکہ وہ قربانِیاں سال بہ سال گناہوں کو یاد دِلاتی ہیں کیونکہ ممکن نہیں کہ بیلوں اور بکروں کا خون گناہوں کو دور کرے" (عبرانیوں 10باب 3-4آیات )۔ چونکہ بیلوں اور بکروں کا خون گناہ کی "یاد" دلاتا تھا مگر " بے عیب اور بے داغ برّے یعنی مسیح کے بیش قیمت خون " نے خدا کے خلاف ہمارے گناہ کے قرض کو پوری طرح ادا کردیا تھا اور اب ہمیں گناہ کے لیے مزید قربانی کی ضرورت نہیں ۔ اپنی جان دینے سے پہلے یسوع نے کہا " تمام ہوا" اور اُس کا صرف یہی مطلب تھا کہ "ہماری ابدی خلاصی " کراتے ہوئے ( عبرانیوں 9باب 12آیت) نجات کا تمام کام ہمیشہ کےلیے مکمل کر دیا گیا ہے۔
یسوع کا خون نہ صرف ایمانداروں کو گناہ اور ابدی سزا سے بچاتا ہے ، بلکہ یہ " مسیح کا خون جس نے اپنے آپ کو ازلی رُوح کے وسیلہ سے خُدا کے سامنے بے عیب قربان کر دِیا تمہارے دِلوں کو مُردہ کاموں سے کیوں نہ پاک کرے گاتاکہ زِندہ خُدا کی عبادت کریں" (عبرانیوں9باب 14آیت)۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ہمیں نہ صرف اُن قربانیوں کو پیش کرنے سے آزادی ملی ہے جو نجات کے حصول کے لئے "بے معنی" ہیں بلکہ ہمیں خدا کو خوش کرنے کے لئے جسم کے گھٹیا اور بے پھل افعال پر انحصار کرنے سے بھی آزاد ی مل گئی ہے ۔ کیونکہ مسیح کے خون نے ہمیں نجات دلائی ہے لہذا اب ہم مسیح میں ایک نیا مخلوق ہیں ( 2کرنتھیوں 5باب 17آیت) اور اُس کے خون کے وسیلہ سے ہم زندہ خدا کی خدمت کرنے ، اُس کے نام کو جلال دینے اور ہمیشہ اُس کی حضوری میں رہنے کےلیے گناہ سے آزاد کیے گئے ہیں ۔
English
مسیح کے خون کے کیا معنی ہیں؟