settings icon
share icon
سوال

کیا بائبل میں کسی سیاہ فام شخص کا ذکرکیا گیا ہے ؟

جواب


اگرچہ بائبل کسی بھی شخص کے سیاہ فام ہونے کی واضح انداز میں نشاندہی نہیں کرتی لیکن ہم بڑے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہاں بائبل سیاہ فام لوگوں کا ذکر کرتی ہے ۔ ہاں اگرچہ بائبل کسی شخص کی سیاہ فام ہونے کے طور پر شناخت نہیں کرتی ۔ بائبل میں کسی شخص کی جلد کی رنگت کا شاذو نادر ہی ذکر کیا گیا ہے؛ بائبل کے بنیادی پیغام کے لیے کسی شخص کی جلد کی رنگت کچھ معنی نہیں رکھتی ۔

بائبل کی کہانی کے بڑے حصے کے واقعات مشرق وسطیٰ اسرائیل میں اور اس کے گرد و نواح میں واقع ہوئے۔ ان علاقہ جات میں نہ تو "سیاہ فام" اور نہ ہی "سفیدفام " لوگ عام ہیں۔ بائبل میں سامی لوگوں کی اکثریت ہے اور رنگت کے لحاظ سے یہ ہلکے سے گہرے بھورے رنگ کے ہوتے ہوں گے ۔ بنیادی طور پر اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ بائبل میں لوگوں کی جلد کی رنگت کیا تھی ۔

کچھ عالمین کا اندازہ ہے کہ موسیٰ کی بیوی صفورہ سیاہ فام تھی کیونکہ وہ کوشی تھی (گنتی 12باب 1آیت)۔ کوش افریقہ کے ایک علاقے کا قدیم نام ہے۔ شولمیت کالی رنگت کی ہو سکتی ہے (غزل الغزلات 1باب 5آیت ) حالانکہ سیاق و سباق سے اِس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ اِس کی جلد دھوپ میں کام کرنے کے سبب سے سیاہ تھی۔ کچھ لوگ تجویز کرتے ہیں کہ بت سبع (2سموئیل 11باب 3آیت) سیاہ فام تھی۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ سَبا کی ملکہ جس نے سلیمان (1سلاطین 10باب 1آیت) کے ملک کا دورہ کیا کالی رنگت کی تھی ۔ شمعون کرینی ( متی 27باب 32آیت ) سیاہ فام ہو سکتا ہے اور اعمال 13باب 1آیت میں اسے " شمعون جو کالا ہے " پکارا جاتا ہے۔ اعمال 8باب 37آیت میں مذکور حبشی خوجہ یقینی طور پر قریباً سیاہ فام تھا ۔ بائبل میں حبشی لوگوں کا لگ بھگ 40 بار ذکر کیا جاتا ہے اور ہم فرض کر سکتے ہیں کہ یہ سیاہ فام لوگوں کے بارے میں حوالہ جات ہیں کیونکہ حبشی لوگ سیاہ فام ہوتے ہیں ۔ یرمیاہ نبی نے اپنی کتاب کے 13باب 23آیت میں پوچھا ہے کہ کیا " حبشی اپنے چمڑے " کو بدل سکتا ہے- اور عام اندازہ یہی ہے کہ یرمیاہ یہاں سیاہ رنگت کا ذکر کرتا ہے ۔

بائبل کے زیادہ تر اساتذہ کا خیال ہے کہ سیاہ فام لوگ نوح کے بیٹے حام کی اولاد ہیں (پیدایش 10باب 6-20آیات) لیکن ہم اِس حوالے سے پُر یقین نہیں ہو سکتے کیونکہ بائبل بالخصوص طور پر اس بارے میں بیان نہیں کرتی ۔ جب بھی جلد کی رنگت کی بات ہوتی ہے تو بائبل اس لحاظ سے مستقل خاموش نظر آتی ہے۔ خدا کے نزدیک جلد کی رنگت اتنی اہم نہیں جتنی دل کی حالت اہم ہے ۔ انجیل عالمگیر خوشخبری ہے۔ سیاہ فام ، سفید فام اور درمیانی رنگت کے تمام لوگوں کو نجات کے لیے مسیح کے پاس آنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ خدا کے فضل سے ہم اپنی توجہ جلد کی رنگت سے ہٹا کر رُوح پر مرکوز کر سکتے ہیں۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا بائبل میں کسی سیاہ فام شخص کا ذکرکیا گیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries