settings icon
share icon
سوال

کفارے کے بارے میں مختلف نظریات کیا ہیں؟

جواب


کلیسیائی تاریخ میں مختلف افراد یا فرقوں کی جانب سے کفارے کے بارے میں کئی طرح کے نظریات پیش کئے گئے ہیں جن میں سے بعض سچےاور بعض جھوٹے ہیں۔ مختلف نظریات کی ایک وجہ یہ ہے کہ پُرانا اور نیا دونوں عہد نامے مسیح کے کفارے کے بارے میں کئی ایک سچائیوں کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ چیز اگرچہ ناممکن نہیں تو اِس بات کو بہت زیادہ مشکل ضرور بنا دیتی ہے کہ ہم مسیح کے کفارے کی بھرپوری اور گہرائی کو کسی ایک نظریے کے تحت مناسب طور پر بیان کر سکیں۔ جب ہم بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں تودیکھتے ہیں کہ بائبل کفارے کے بارے میں بہت سی باہمی تعلق رکھنے والی سچائیاں پیش کرتی ہے جن کو مسیح نے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ پس اُن کی روشنی میں جو کچھ ہم دریافت کرتے ہیں وہ کفارے کی ایک سیر حاصل اور کثیر جہتی تصویر ہے۔ کفارے کے بارے میں بہت سے مختلف نظریات کے لئے ایک اور مدگار عنصر یہ ہے کہ جو کچھ ہم کفارے کے بارے میں سیکھتے ہیں اُس میں سے زیادہ ترباتوں کو ہمیں پُرانے عہد نامے کی قربانیوں کے نظام کے تحت خُدا کے لوگوں کےتجربے اور نقطہ نظر سے سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

مسیح کا کفارہ اپنے مقصد اور اپنی تکمیل میں اتنا زرخیزبھرپور اور گہرا مضمون ہے کہ اِس کے بارے میں لاتعداد کتابیں لکھی گئی ہیں۔ یہ آرٹیکل بہت سے نظریات کا صرف مختصر جائزہ پیش کرتا ہے جو مختلف اوقات میں سامنے آئے۔ کفارے کے مختلف نظریات پر غور کرتے ہوئے ہمیں یاد رکھنا ہو گا کہ ایسا کوئی بھی نظریہ جو انسان کے گنہگاریا کفارے کے عوضی ہونے کی فطرت کو آشکارہ نہیں کرتا وہ بالکل ناقص نظریہ اور بدترین بدعت ہے۔

شیطان کو تاوان (Ransom to Satan)

اِس نظریہ کے مطابق مسیح کا کفارہ تاوان کے طور پر انسان کی آزادی خریدنے اور اُسے شیطان کی غلامی سے آزاد کرانے کے لئے شیطان کو ادا کیا گیا۔ اِس کی بنیاد اِس عقیدے پر ہے کہ انسان روحانی طور پر شیطان کا غلام ہے اور مسیح کےکفارے کا مقصد شیطان پر خُدا کی فتح کو یقینی بنانا تھا۔ اِس نظریے کو اگر بائبل میں سے کچھ حمایت حاصل ہےبھی تو وہ رُوحانی نوعیت کی ہے اور اِسے کلیسیا کی تاریخ میں بھی لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ یہ نظریہ غیر بائبلی ہے کیونکہ یہ خُدا کی بجائے شیطان کو ایسی ذات کے طور پر پیش کرتا ہے جس نے گناہ کےکفارے کے لئے ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اِس طرح یہ نظریہ بائبل مُقدس میں بیان کردہ خُدا کے انصاف کے تقاضوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرتا ہے ۔جیسا شیطان کا تصور ہونا چاہیے یہ نظریہ اُسے اُس تصور سے بہت زیادہ بلند بیان کرتا ہے اور جس قدر شیطان قوت رکھتا ہے یہ نظریہ اُسکو اُس سے بہت زیادہ دکھاتا ہے۔ اِس خیال کو بائبلی حمایت بالکل حاصل نہیں ہے کہ گنہگار ابلیس کے ہاں ہر چیز کے مقروض ہو جاتے ہیں، بلکہ پوری بائبل میں ہم دیکھتے ہیں کہ صرف خُدا ہی ہے جو گناہ کے لئے ادائیگی کا مطالبہ کرتا ہے۔

دہرائی کا نظریہ (Recapitulation Theory)

یہ نظریہ بیان کرتا ہے کہ مسیح کے کفارے نے انسان کی زندگی کے سارے سلسلے کو نافرمانی سے فرمانبرداری میں بدل دیا ہے۔ اِس نظریے کے پیروکار یہ ایمان رکھتے ہیں کہ مسیح کی زندگی کے اندر انسانی زندگی کے تمام مراحل کی دہرائی ہوئی ہے اور اِس عمل کے دوران یسوع نے نسلِ انسانی کی زندگی کے ماضی کے تمام مراحل میں واپس جاتے ہوئے آدم کی طرف سے شروع کی جانے والی نافرمانی کو فرمانبرداری میں بدل دیا ہے۔ بائبلی تعلیمات کے مطابق اِس نظریے کی حمایت نہیں کی جا سکتی ۔

ڈرامائی نظریہ (Dramatic Theory)

یہ نظریہ مسیح کے کفارے کو اچھائی اور بُرائی کے درمیان ہونے والی روحانی لڑائی اور شیطان کی غلامی سے انسان کی آزادی جیتنے کی فتح کو پیش کرتا ہے۔ اِس نظریے کے مطابق مسیح کی موت کا مقصد شیطان پر خُدا کی فتح کو یقینی بنانا اور دُنیا کو بُرائی کی غلامی سے چھڑانے کا راستہ مہیا کرنا تھا۔

مخفی نظریہ (Mystical Theory)

مخفی نظریے کے مطابق مسیح کا کفارہ اُس کی اپنی گناہ آلود فطرت پر فتح کا شادیانہ ہے جو اُسے رُوح القدس کی قدرت سے حاصل ہوئی۔ اِس نظریے کے حامیوں کا ایمان ہے کہ اِس بات کا علم خفیہ طور پر انسان پر اثر کرتا ہے اور اُس کے "اچھے/نیک شعور" کو بیدار کرتا ہے۔ وہ یہ بھی ایمان رکھتے ہیں کہ انسان کی رُوحانی حالت گناہ کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ صرف "اچھے/نیک شعور" کی کمی کا نتیجہ ہے۔ واضح طور پر نظرآتا ہے کہ یہ نظریہ غیر بائبلی ہے۔ اِس نظریے پر یقین کرنے کے لئے یہ ایمان رکھنا ضروری ہے کہ مسیح کے اندر گناہ آلودہ فطرت موجود تھی، جبکہ بائبل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ یسوع کامل مجسم خُدا ، اور اپنی فطرت کے ہر پہلو میں گناہ سے مبّرہ تھا (عبرانیوں4باب15آیت)۔

اخلاقی اثر کا نظریہ(Moral Influence Theory)

یہ نظریہ اِس عقیدے کو پیش کرتا ہے کہ مسیح کا کفارہ خُدا کی محبت کا مظاہرہ ہے جو انسان کے دل کو نرم کرنے اور پھر اُسکےتوبہ کرنے کا سبب بنا۔ اِس نظریے کے حامیوں کا ایمان ہے کہ انسان روحانی طور پر بیمار ہے اُسے مدد کی ضرورت ہے اور انسان خُدا کی محبت کو دیکھتے ہوئے خُدا کی معافی کو قبول کرنے کے لئے اُس کی طرف رجوع کرتا ہے۔ وہ ایمان رکھتے ہیں کہ مسیح کے کفارے کا اِرادہ اور مقصد انسان کے لئے خُدا کی محبت کا اظہار کرنا تھا۔ اگرچہ یہ سچ ہے کہ مسیح کا کفارہ خُدا کی محبت کی حتمی مثال ہے، لیکن یہ نظریہ غیر بائبلی ہے کیونکہ یہ انسان کے گناہوں اور قصوروں میں حقیقی رُوحانی حالت مردہ پن کو ردّ کرتا ہے (افسیوں2باب1آیت)، اور خُدا کی طرف سے گناہوں کی قیمت کی ادائیگی کے مطالبے کا انکار کرتا ہے۔ مسیح کے کفارے کا یہ نظریہ انسان کو اُس کے گناہ کے لیے حقیقی کفارے یا اُس کے گناہوں کی قیمت کی ادائیگی کے بغیر ہی چھوڑ دیتا ہے۔

مثالی نظریہ (Example Theory)

اِس نظریے کے مطابق مسیح کا کفارہ صرف ایمان اور فرمانبرداری کی مثال ہے اور اِس کا مقصد انسان کو خُدا کی فرمانبرداری کی تحریک دینا تھا۔ اِس نظریے کے حامیوں کا ایمان ہے کہ انسان رُوحانی طور پر زندہ ہے اور مسیح کی زندگی اور کفارہ حقیقی ایمان اور فرمانبرداری کے لئے صرف ایک مثال ہے، اِس لئے انسانوں کو چاہیے کہ وہ اِس نظریے کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ایمان اور فرمانبرداری کی زندگی گزار سکیں۔ یہ نظریہ اور اخلاقی اثر کا نظریہ دونوں اِس بات کا انکار کرنے میں متفق ہیں کہ خُدا کا عدل گناہ کے لئے ادائیگی کا تقاضا کرتا ہے اور مسیح کا صلیب پر کفارہ گناہوں کی ادائیگی تھی۔ اخلاقی اثر کے نظریے اور مثالی نظریے میں اہم فرق یہ ہے کہ اخلاقی اثر کا نظریہ کہتا ہے کہ مسیح کی موت ہمیں سکھاتی ہے کہ خدا ہم سے کتنا پیار کرتا ہے اور مثالی نظریہ کہتا ہے کہ مسیح کی موت ہمیں سکھاتی ہے کہ زندگی کیسے گزارنی ہے۔ بے شک یہ سچ ہے کہ مسیح ہمارے لئے ایک مثال ہے، یہاں تک کہ اُس کی موت بھی ہمارے لئے مثال ہے، لیکن مثالی نظریہ یہ پہچاننے میں ناکام ہو جاتا ہے کہ انسان کی حقیقی روحانی حالت کیا ہے اور خُدا کا عدل گناہ کی قیمت کی ادائیگی کا مطالبہ کرتا ہے جس کی ادائیگی کرنا انسان کے بس سے باہر ہے۔

تجارتی نظریہ (Commercial Theory)

تجارتی نظریہ مسیح کے کفارے کو خُدا کو لامحدود جلال بخشنے کے طور پر پیش کرتا ہے۔ اِس نظریے کے مطابق، خُدا نے مسیح کو ایک انعام دیا جس کی اُس کو ضرورت نہیں تھی، اور مسیح نے وہ انعام انسانوں کو دے دیا۔ اِس نظریے کے حامیوں کا ایمان ہے کہ انسان کی رُوحانی حالت خُدا کو رُسوا کرتی ہے اور لہذا مسیح کی موت کا اطلاق جس نے خُدا کو لامحدود جلال بخشا نجات کے لئے گنہگاروں پر ہو سکتا ہے۔ یہ نظریہ بہت سے دوسرے نظریات کی طرح گنہگاروں کی حقیقی روحانی حالت، اور اُن کی مکمل طور پر نئی فطرت کی ضرورت کو مسترد کرتا ہے جو صرف مسیح میں میسرہوتی ہے (2 کرنتھیوں5باب 17آیت)۔

حکومتی نظریہ (Governmental Theory)

یہ نظریہ بیان کرتاہے کہ مسیح کا کفارہ اِس بات کا اظہار ہے کہ خُدا اپنے قوانین اور گناہ کی طرف اپنے رویے کا احترام کرتا ہے۔ یہ صرف مسیح کی موت کے وسیلہ سے ممکن ہے کہ خُدا کے پاس اب اُن سب کے گناہوں کی معافی کی وجہ موجود ہے جو توبہ کرتے اور مسیح کی عوضی موت کو قبول کرتے ہیں۔ اِس نظریہ کے ماننے والوں کا ایمان ہے کہ انسان کی رُوحانی حالت ایسے شخص کی مانند ہے جس نے خُدا کے اخلاقی قانون کی خلاف ورزی کی اور مسیح کی موت کا مقصد گناہوں کی سزا کے لئے عوضی بننا تھا۔ کیونکہ مسیح نےگناہ کی قیمت ادا کر دی، اِس لئے قانونی طور پر خُدا کے لئے اُن لوگوں کو معاف کرنا ممکن ہو گیا جو مسیح کو اپنے عوضی کے طور پر قبول کرتے ہیں۔ یہ نظریہ تھوڑی سی کمزوری کی وجہ سے ناکام ہو جاتا ہے، کیونکہ یہ نہیں سکھاتا کہ مسیح نے اصل میں کسی بھی شخص کے حقیقی گناہوں کی قیمت ادا کر دی ہے، بلکہ اِس کی بجائے یہ سکھاتا ہے کہ مسیح کی ایذارسانیاں انسانوں پر صرف یہ ظاہر کرتی ہیں کہ خُدا کے قوانین ٹوٹے تھے اور اُن کی کچھ قیمت ادا کر دی گئی ہے۔

تعزیری عوضی نظریہ (Penal Substitution Theory)

یہ نظریہ مسیح کے کفارے کو متبادل، عوضی قربانی ہونے کے طور پر دیکھتا ہے جس نے گناہ پر خُدا کے عدل کے مطالبات کو مطمئن کیا۔ مسیح نے اپنی قربانی کے ساتھ، انسان کے گناہوں کی قیمت ادا کی، جس سے گناہوں کی معافی اور راستبازی حاصل ہوئی، اور انسان کی خُدا کے ساتھ صلح ہو گئی۔ اِس نظریے کے حامیوں کا ایمان ہے کہ گناہ کی وجہ سے انسان کے تمام پہلو، اُس کا ذہن، اُس کی مرضی، اور اُس کے جذبات متاثر ہوئے اور انسان مکمل طور پر بگاڑ کا شکار ہوگیااور رُوحانی طور پر مر گیا۔ اِس نظریے کے مطابق مسیح کی موت نے گناہوں کی قیمت ادا کر دی اور انسان ایمان کے وسیلہ سےمسیح کے کفارے کو اپنے گناہوں کی ادائیگی کے طور پرقبول کر سکتا ہے۔ کفارے کا یہ نظریہ بالکل بائبل کے مطابق ہے، اِس کے گناہ کے بارے میں تصورات ، انسان کی فطرت، اور صلیب پر مسیح کی موت کے نتائج کےمتعلق نظریات بالکل بائبل کے مطابق ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کفارے کے بارے میں مختلف نظریات کیا ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries