settings icon
share icon
سوال

علمِ نجوم اور منطقتہ البروج /راس چکر کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے؟

جواب


بائبل ستاروں کے بارے میں بہت کچھ کہتی ہے۔ ستاروں کے بارے میں ہماری بنیادی ترین سمجھ یہ ہے کہ خُدا نے ستاروں کو تخلیق کیا ہے۔ یہ اُس کی قدرت اور جاہ و جلال کو ظاہر کرتے ہیں۔سب آسمان خُدا کی "دستکاری" ہیں (8زبور3آیت؛ 19زبور1آیت)۔ اُس کو سبھی ستاروں کی تعداد اور اُن کے ناموں کے بارے میں معلوم ہے (147 زبور 4 آیت)۔

بائبل اِس بات کی بھی تعلیم دیتی ہے کہ خُدا نے ستاروں کو اِس انداز سے ترتیب دیا ہے کہ اُن کےجھڑمٹ بن جاتے ہیں۔ بائبل اِن میں سے تین کا ذکر کرتی ہے: بناتُ النعش اور جبار اور ثریا (ایوب 9باب9آیت؛ 26باب13آیت؛ 38باب 31-32آیات؛ اور عاموس 5باب8آیت)۔ یہی حوالہ جات سات ستاروں کے جھرمٹ کا بھی ذکر کرتے ہیں جنہیں اُردو میں خوشہ پروین اور انگریزی میں Pleiades کہا جاتا ہے۔ خُدا ہی وہ ذات ہے جس نے ستاروں کے جھرمٹوں کو باہمی طور پر باندھا ہوا ہے۔ وہ مِنطقتہ البروج کو "اُن کے وقتوں" پر نکالتا ہے ۔ بہت سارے لوگ خیال کرتے ہیں کہ یہ حوالہ مِنطقتہ البروج کے بارہ بُرجوں کے بارے میں ہے۔

مِنطقتہ البروج جسے راس چکر بھی کہا جاتا ہے کو لوگ صدیوں سے دیکھ کر سمجھنے اور اِس کا گہرا مطالعہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مصری اور یونانی منطقتہ البروج سے واقفیت رکھتے تھے اور کئی صدیاں قبل از مسیح موسمِ بہار کی آمد کا اندازہ اِن سے لگاتے تھے۔ منطقتہ البروج کے بُرجوں کے بارے میں بہت کچھ لکھا جا چکا ہے جن میں ایسے نظریات بھی شامل ہیں جو یہ بیان کرتے ہیں کہ یہ بُرج قدیم دور میں خُدا کی طرف سے انسانی نجات کے منصوبے کو ظاہر کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر Leo نامی بُرج کو جسے اُردو میں بُرج اسد کہا جاتا ہے یہوداہ کے ببر کی تصویر کشی کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے (مکاشفہ 5باب5آیت)، اور Virgo جسے اُردو میں سُنبلہ کہتے ہیں وہ ایک ایسی کنواری کی طرف اشارہ کرسکتا ہے جو مسیح کو جنم دے گی۔ بہرحال بائبل اِن بُرجوں یا دیگر بُرجوں کے کسی بھی طرح کے مخفی معنی ہونے کے بارے میں کہیں پر کچھ نہیں کہتی۔

بائبل بیان کرتی ہے کہ ستارے بشمول سورج اور چاند " نشانوں اور زمانوں اور دِنوں اور برسوں کے امتیاز" کے لیے بنائے گئے تھے (پیدایش 1باب 14آیت) اِس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ہمارے لیے وقت کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں۔ وہ ہمارے لیے نشان بھی ہیں کیونکہ یہ مختلف سمتوں میں رہنمائی کرتے تھے۔ اور تاریخ میں بہت سارے لوگوں نے اِس زمین کے گرد اپنے راستوں کی نشاندہی کے لیے ستاروں سے سمتیں معلوم کرنے کا کام لیا ہے۔

خُدا نے ستاروں کو ابرہام کی اولاد کے بے شمار ہونے کی تصویر کشی کرنے کے لیے استعمال کیا تھا (پیدایش 15باب5آیت)۔ پس جب بھی ابرہام اوپر آسمان کی طرف دیکھتا ہوتا اُسے خُدا کی وفاداری اور بھلائی کی یاد آتی ہوگی۔ اِس زمین کی آخری عدالت کے ساتھ بھی بہت سارے فلکیاتی واقعات جڑے ہوئے ہیں جن میں ستارے بھی شامل ہونگے (یسعیاہ 13باب9-10آیات؛ یوایل 3باب15آیت؛ متی 24باب29آیت)۔

علمِ نجوم در اصل اِس فرضی تصور کی"تشریح" ہے کہ ستاروں ( اور سیاروں) کا اثر انسان کی زندگی اور تقدیر پر ہوتا ہے۔ علمِ نجوم کے مطابق آپ جس بھی بُرج جیسے کہ دِلو، حوت، حمل، ثور، جوزا، سرطان، اسد، سنبلہ ، عقرب، قوس، میزان اور جدی کے اثر تلے پیدا ہوئے ہیں اُس کی بدولت آپکی زندگی اور آپکی قسمت متاثر ہوگی۔ یہ ایک جھوٹا عقیدہ ہے۔ بابل کے بادشاہ کے شاہی نجومیوں کو دانی ایل کے سامنے بہت زیادہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا (دانی ایل 1اب20آیت) اور وہ بادشاہ کے خواب کی تعبیر کرنے کے حوالے سے بالکل بے بس تھے۔ خُدا نجومیوں کو ایسے لوگوں میں شامل کرتا ہے جو اُس کے روزِ عدالت میں بھوسے کی مانند آگ میں جل جائیں گے (یسعیاہ 47باب13-14آیات)۔علمِ نجوم کی جو کہ فالگیری کا ایک طریقہ ہے بائبل مُقدس میں ممانعت کی گئی ہے (استثنا 18باب10-14آیات)۔ خُدا نے بنی اسرائیل کو اجرامِ فلک کی پرستش کرنے سے منع کیا تھا (استثنا 4باب19آیت)۔ بہرحال اپنی تاریخ کے اندر اسرائیلی بہت زیادہ دفعہ اِسی گناہ میں گرفتار ہوئے تھے(2 سلاطین 17باب16آیت اِس کی ایک مثال ہے)۔ اور ستاروں کی پرستش ہر دفعہ ہی خُدا کی طرف سے اُن کی عدالت کا سبب بنی۔

ستاروں کو دیکھ کر ہمیں خُدا کی قدرت، حکمت اور اُس کی ذات کی لا محدودیت کے بارے میں حیران ہونا چاہیے۔ ہمیں ستاروں کو اپنے وقت اور جگہ کا حساب لگانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور ستارے ہمارے لیے خُدا کی وفا داری اور اپنے عہد کو پورا کرنے کی یادگار بھی ہونے چاہییں۔ ہماری حکمت خُدا سے آتی ہے، ستاروں سے نہیں (یعقوب 1باب5آیت)۔ ہماری ساری زندگی کے دوران خُدا کا کلام یعنی بائبل ہی ہماری رہنما ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

علمِ نجوم اور منطقتہ البروج /راس چکر کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries