settings icon
share icon
سوال

مُقرب فرشتے کیا ہوتے ہیں؟

جواب


لفظ "مقرب" بائبل کی صرف دو آیات میں ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ 1تھسلنیکیوں4 باب 16 آیت بیان کرتی ہے، "کیونکہ خُداوند خود آسمان سے للکار اور مقرب فرشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے"۔ یہوداہ 9آیت بیان کرتی ہے، "لیکن مقرب فرشتہ میکائیل نے مُوسیٰ کی لاش کی بابت ابلیس سے بحث وتکرار کرتے وقت لعن طعن کے ساتھ اُس پر نالش کرنے کی جُرات نہ کی بلکہ یہ کہا کہ خُداوند تجھے ملامت کرے۔"میکائیل وہ واحد مقرب فرشتہ ہے جسے اُس کے نام کے ساتھ کلام ِ مُقدس میں بیان کیا گیا ہے۔

مقرب کے لئے استعمال ہونے والا انگریزی لفظ "archangel" یونانی لفظ "archangelos"سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں "بڑا فرشتہ"۔ یہ لفظ یونانی کے دو الفاظ کا مرکب ہے "archon"(یعنی "بڑا" یا "سردار") اور "aggelos" ("فرشتہ" یا "پیامبر")۔ بائبل اپنے بہت سارے حوالہ جات میں ہم پر یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ فرشتوں کے درمیان قیادت کا ایک تنظیمی ڈھانچہ اور سرداری پائی جاتی ہے، اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ "مُقرب فرشتہ" دوسرے سبھی فرشتوں کا سردار ہوتا ہے۔

دیگر سبھی فرشتوں کی طرح مقرب فرشتے بھی خُدا کی تخلیق ہیں اور اپنا شخصی وجود رکھتے ہیں۔ وہ حکمت، طاقت اور جلال کے مالک ہوتے ہیں۔ وہ اپنی فطرت کے لحاظ سے جسمانی نہیں بلکہ رُوحانی مخلوق ہیں۔ مقرب فرشتے خُدا کی خدمت کرتے اور اُس کے مقاصد کی انجام دہی کا کام کرتے ہیں۔

یہوداہ 9 باب میں جہاں پر مقرب فرشتے میکائیل کا ذکر کیا گیا ہے وہاں پر مقرب کے لیے انگریزی لفظ "archangel"سے پہلے انگریزی آرٹیکل(حرفِ تنکیر"the"کا استعمال کیا گیا ہے جس سے شاید یہ تاثر ملے کہ میکائیل اکیلا ہی مُقرب فرشتہ ہے ۔ بہرحال ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ دانی ایل 10 باب 13 آیت میکائیل کو مقرب فرشتوں میں سے ایک کے طور پر بیان کرتی ہے۔ یہ بات غالباً اِس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ایک سے زیادہ مقرب فرشتے موجود ہیں کیونکہ یہ آیت میکائیل کو اُسی سطح پر رکھتی ہے جہاں پر دوسرے "مقرب فرشتوں یا سرداروں"کو رکھتی ہے۔ لہذا، اگرچہ یہ ممکن ہے کہ ایک سے زیادہ مقرب فرشتے ہوں، لیکن یہ بہتر ہے کہ خُدا کے کلام پراپنے مفروضات کا اطلاق نہ کریں اور دوسرے فرشتوں کو مقرب فرشتوں کی حثییت سے بیان نہ کریں۔

دانی ایل10باب 21 آیت میکائیل کو دانی ایل کا "موکل" بیان کرتی ہے اب چونکہ اِس آیت میں ایک فرشتہ دانی ایل سے بات کر رہا ہے اور دانی ایل ایک یہودی ہے ، پس ہم اُس فرشتے کے بیان سے یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ میکائیل فرشتے کو بنی اسرائیل قوم کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دانی ایل12 باب 1 آیت اِس بیان سے اخذ کردہ نتیجے کی تصدیق کرتی ہے کیونکہ یہ آیت مقرب فرشتے میکائیل کے بارے میں کہتی ہے کہ "میکائیل مقرب فرشتہ جو تیری قوم کے فرزندوں کی حمایت کے لیے کھڑا ہے "۔یہ ممکن ہے کہ دوسرے مقرب فرشتوں کو دوسری قوموں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہو لیکن کلامِ مُقدس اِس حوالے سے کچھ بھی بیان نہیں کرتا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ گرائے گئے فرشتوں کے بھی اپنے اپنے علاقے اور ذمہ داریاں ہیں کیونکہ دانی ایل اپنی کتاب میں "فارس کے موکل" اور "یونان کے موکل" کا ذکر کرتا ہے (دانی ایل 10 باب 20 آیت)۔

دانی ایل 10 باب کی روشنی میں مقرب فرشتوں کی ذمہ داریوں میں سے ایک ذمہ داری رُوحانی جنگیں لڑنا بھی ہے ۔ 1 تھسلنیکیوں 4 باب میں مقرب فرشتے کو خُداوند یسوع مسیح کی آمدِ ثانی کے واقعے کے ساتھ بھی منسلک دیکھا جا سکتا ہے۔ ہم یہوداہ 9 آیت میں مُقرب فرشتے میکائیل کو ابلیس کے ساتھ ایک مباحثے میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اگرچہ میکائیل کے پاس مقرب فرشتے کی طاقت اور جلال موجود تھا پھر بھی اُس نے ابلیس کے ساتھ بحث و مباحثہ میں لعن طعن کے ساتھ اُس پر نالش کرنے کی بجائے اُسے کہا کہ خُداوند ہی تجھے ملامت کرے۔ جب ایک مقرب فرشتہ بھی مدد کے لیے خُدا کی طرف دیکھتا ہے کیا ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیے؟

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مُقرب فرشتے کیا ہوتے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries