settings icon
share icon
سوال

ایک مسیحی بیوی/شوہر کو اپنے ساتھی کےکسی ایسے معاشقے سے کیسے نپٹنا چاہیے جس کے نتیجے میں بچّہ پیدا ہو گیا ہو ؟

جواب


شادی ایک ایسا عہد ہے جو ایک جوڑے کو رُوحانی اور جسمانی طور پر اکٹھا کرتا ہے۔ بیوفائی اِس رشتے پر لگنے والی ایسی زبردست اور خوفناک ضرب ہے جو اِس شادی میں ایک ہونے کے بندھن کو بُری طرح توڑتی اور بکھیر دیتی ہے، اور اکثر بیوفائی سے شادی شُدہ زندگی کو ایسے نقصانات اُٹھانے پڑتے ہیں جن کا کسی طور پر ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہی بات اُس معاملے میں بھی سچی ثابت ہوتی ہے جب کسی زناکاری یا حرامکاری کے تعلق کے دوران حمل ٹھہر جائے۔

ابھی کسی بچّے کے حوالے سے والدین کی ذمہ داریوں کا تعین اُس صورتحال کی بناء پر نہیں ہوتا جن کی بدولت وہ پیدا ہوا تھا۔ حرامکاری کے تعلق کے ذریعے سے کسی بچّے کو اِس دُنیا میں لانا اِس معاملے میں ملوث کسی بھی فرد کے لیے بہتر نہیں ہوتالیکن اِس سب میں اِس بات کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ وہ بچّہ بالکل معصوم ہے اور اُس کا یہ حق ہے کہ اُس کے دونوں والدین اُس کی زندگی میں اُس کے ساتھ ہوں۔

حرامکاری کے نتیجے میں جنم لینے والے بچّے کا یہ بھی پورا پورا حق ہے کہ اُسے محبت کی جائے، اُس کی حفاظت کی جائےا ور اُس کی سبھی ضروریات کو بھی پورا کیا جائے۔ بچّے خُدا کی طرف سے خاص برکت ہوتے ہیں (127زبور 3آیت)۔ کبھی بھی کسی بچّے کو لعنت، گناہ کی نشانی یا کسی بھی طور پر کمتر انسان خیال نہیں کیا جانا چاہیے۔ حرامکاری کے معاملے کی بدولت بہت مختلف طرح کے جذبات جنم لیتے ہیں اور وہ جذبات مختلف طریقوں سے نکالے بھی جاتے ہیں لیکن کبھی بھی اُس بچّے کو ہمارے انتقام یا بُرے جذبات کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔

اگر کسی عورت کےشوہر کا کوئی معاشقہ ہوتا ہے اور اُس کی صورت میں اگر کوئی بچّہ پیدا ہو جاتا ہے تو اُس عورت کی اپنی مرضی ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہے یا نہ رہے، لیکن اگر وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے تو اُسے اپنے شوہر کو معاف کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اور اگر کوئی شوہر یہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ اپنی اُس بیوی کے ساتھ رہے گا جس کے پیٹ میں کسی اور شخص کا بچّہ پل رہا ہے تو اُسے بھی اپنی بیوی کے اُس گناہ کو معاف کرنے کی ضرورت ہے۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ جس طرح سے خُدا نے ہمیں معاف کیا ہے ہمیں بھی ایک دوسرے کو معاف کرنا چاہیے (متی 6باب14-15 آیات)۔ اِس کا مطلب ہے کہ اپنے غصے اور حسد کے احساسات کو ایک طرف رکھ دینے کا فیصلہ کرنا۔

ایک بہترین صورتحال وہ ہوگی جس میں کوئی عورت جس کے شوہر نے کسی دوسرے عورت کے ساتھ جسمانی تعلقات استوار کر کے ایک بچّے کو پید اکیا ہو اُسے چاہیے کہ چاہے وہ بچّہ اُس کے اپنے گھر میں نہیں بھی رہتا تو بھی اپنے شوہر کے اُس بچّے کو بھی اپنے سوتیلے بیٹے یا بیٹی کےطور پر قبول کرے ۔ جب اُس کا شوہر اُس بچّے کے ساتھ بطور باپ ایک تعلق قائم کرتا ہے تو اُس بیوی کو اُس تعلق کی راہ میں دیوار نہیں بننا چاہیے اگرچہ یہ سب اُس کے لیے بہت زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔ اُس بچّے کی پیدایش کی وجہ بننے والے شخص پر اُس بچّے کی مالی، رُوحانی اور جذباتی ضروریات کو پورا کرنے کی ذمہ داریاں ہیں (افسیوں 6باب4آیت)۔

اِسی طرح ایک ایسا شخص جس کی بیوی کسی دوسرے مرد کے ساتھ تعلقات کی صورت میں حاملہ ہوئی ہو ، اگر وہ اپنی بیوی کو طلاق نہیں دیتا اور اُس کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرتا ہے تو پھر اُسے اپنے آپ کو اُس بچّے کو اپنے ہی سوتیلے بیٹے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے، یا پھر ایک ایسے باپ کے طور پر جس نے بچّے کو گود لیا ہو، یعنی اُس صورتحال میں جیسا بھی دونوں نے ملکر فیصلہ کیا ہو۔ اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہر ایک انسان کی صورتحال مختلف ہے اور ہر ایک انسان کی زندگی میں کچھ قانونی، اخلاقی، خاندانی اور ذاتی پیچیدگیاں پائی جاتی ہیں۔ لیکن جیسے ایماندار خُداوند یسوع مسیح کی پیروی کرنے کے خواہش مند ہیں تو اُن کےاندر اپنے اُس ساتھی کے لیے بھی معافی، محبت، فضل اور اطمینان کے جذبات ہونے چاہییں جس نے شادی کے بندھن کے ہوتے ہوئے بھی بیوفائی کی ۔

حرامکاری ایک ایسا گناہ ہے جس میں خاندانوں کو توڑنے کی طاقت موجود ہے، لیکن ضروری نہیں ہے کہ یہ گناہ شادی جیسے بندھن کا خاتمہ کر دے۔ اِس کے برعکس ایک شادی شُدہ جوڑے کو چاہیے کہ وہ اپنے ازدواجی رشتے کو زیادہ مضبوط بنانے کے لیے اُس کی بنیاد ایمان اور خُداوند یسوع مسیح کی تابعداری پر رکھیں۔ ایسی مشکل صورتحال کے اندر صرف خُدا کا فضل، رحم اور خُداوند یسوع مسیح پر پختہ ایمان ہی ایک جوڑے کو دوبارہ ایک کرتا اور اُنہیں اکٹھے رہنے میں مدد کرتا ہے۔ لیکن فضل، رحم اور پختہ ایمان سبھی خُدا کی طرف سے تحفے ہیں جو رُوح القدس کے وسیلے سے ہمیں ملتے ہیں اور یہ اُن سب لوگوں کے لیے خُدا کی طرف سے میسر ہیں جو سچے طور پر اُسکے نام کو جلال دینے کی کوشش میں رہتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ایک مسیحی بیوی/شوہر کو اپنے ساتھی کےکسی ایسے معاشقے سے کیسے نپٹنا چاہیے جس کے نتیجے میں بچّہ پیدا ہو گیا ہو ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries