settings icon
share icon
سوال

ایک مسیحی کو نشے کی عادت/لت کو کس طرح سے دیکھنا چاہیے ؟

جواب


نشے کی لَت کے دو بنیادی مطلب ہیں۔ اِس کی پہلی تعریف جس سے ہم میں سے زیادہ تر لوگ واقف ہیں یہ ہے کہ "نفسیاتی یا جسمانی طور پر کسی ایسی شے پر انحصار کرنا شروع کر دینا جو ہماری عادت بن جاتی ہے۔"وہ جو نشے کے عادی (ططس 1باب7آیت؛ 2باب3 آیت)، "نشہ میں غل مچانے والے" (1 تیمتھیس 3 باب 3آیت) یا "شرابی" (1تیمتھیس 3باب8آیت) ہیں وہ کلیسیا کے اندر تعلیم دینے یا کسی بھی انتظامی عہدے پر فائز ہونے کے اہل نہیں ہیں۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ کلیسیائی کے قائدین کے لیے متقی، پرہیز گار اور خود پر قابو رکھنے والے ہونا ضروری ہے تاکہ اپنی ذات کی مثال سے وہ دوسروں کو بھی ایسا بننے کی تلقین کر سکیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ "شرابی ۔۔۔خُدا کی بادشاہی میں داخل نہ ہونگے"(1 کرنتھیوں 6 باب10آیت)۔ ایمانداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ شراب کے عادی نہ ہوں، اور اِس بات یا اصول کا اطلاق اِس چیز پر بھی ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی اور نشیلی چیز کے عادی نہ ہوں،اُنہیں کسی بھی نشے جیسے کہ منشیات، فحش نگاری، جُوا، بسیار خوری اور تمباکو وغیرہ کا بھی عادی نہیں ہونا چاہیے۔

نشے کی لَت کی دوسری تعریف یہ ہے کہ "کسی چیز کو اپنے آپ پر حاوی کر لینا، یا کسی چیز کے ساتھ یا کسی چیز میں اِس قدر ملوث ہونا کہ وہ پکی عادت کا حصہ یا مجبوری بن جائے۔" یہ چیز (کم از کم مسیحیوں کے لیے ) ایک غیر فطری بات ہے کہ وہ خُدا کی بجائے کسی اور چیز: کھیلوں، شاپنگ/ مال و متاع جمع کرنے اور حتیٰ کہ اپنے خاندان اور بچّوں کو اپنی زندگی کا مرکز بنائیں۔ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے سارے دلِ ، اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت کے ساتھ اپنے خُدا سے پیار کریں(استثنا6باب5آیت) جو کہ یسوع کی طرف سے دئیے گئے پہلے اور سب سے بڑے حکم کی تعلیم ہے (متی 22باب 37-38 آیات)۔ اِس بات کا ہم خلاصہ کرتے ہیں کہ خُدا کی ذات کے علاوہ کسی بھی اور چیز کا نشہ غلط ہے۔ خُدا ہی وہ واحد ذات ہے جسے ہمیں عادتاً اپنی ساری زندگی پر حاوی کئے رکھنا چاہیے۔ اوراگر ہم کسی بھی اور چیز کو اپنی زندگیوں پر حاوی کریں گے تو وہ چیز ہمیں خُدا سے دور لے جائے گی اور خُدا اُس سے ناخوش ہوگا۔ صر ف خُدا ہی کی ذات ہماری ساری توجہ، محبت اور خدمت کے لائق ہے۔ اِن چیزوں یا احساسات کو کسی بھی اور چیز کے سامنے پیش کرنا بُت پرستی کے مترادف ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ایک مسیحی کو نشے کی عادت/لت کو کس طرح سے دیکھنا چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries