settings icon
share icon
سوال

وِکا کیا ہے؟ کیا وِکا جادو ٹونا/افسوں گری ہے ؟

جواب


وِکا ایک نیا ء ملحدانہ مذہب ہے جو امریکہ اور یورپ میں اپنی مقبولیت اور قبولیت میں ترقی کر رہا ہے۔ ایسی بہت سی ویب سائٹس اور کتابیں ہیں جو "حقیقی" وِکا سکھانے کا دعویٰ کرتی ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ وِکا کے پیروکاروں کے درمیان اس بات پر کوئی اتفاقِ رائے نہیں ہے کہ یہ مذہب کس کے بارے میں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جس وِکامذہب کی آج کل مشق کی جاتی ہے وہ محض 50 سال پرانا ہے۔ وِکا ایک عقائدی نظام ہے جسے برِٹن جیرالڈ گارڈنر نے 1940 اور 1950 کی دہائیوں میں مختلف مذہبی روایات اور عقائد کے ساتھ ساتھ فری میسن رسومات کو ملا کر تشکیل دیا تھا ۔ چونکہ گارڈنر نے اپنی عبادت کے نظام کی حمایت کرتے ہوئے کئی کتابیں شائع کیں لہذا وِکا مذہب کی بہت سی شاخیں اور مختلف اشکال سامنے آ چکی ہیں۔ وِکا کے کچھ پیروکار اصنام پرست ہیں اور ایک سے زیادہ دیوتاؤں کی پوجا کرتے ہیں جبکہ دوسرے لوگ صرف ایک "خدا" یا "دیوی" کی عبادت کرتے ہیں۔ اس کے باوجود وکاِ کے کچھ ماننے والے فطرت کے مظاہر کی عبادت کرتے ہیں اور اُسے یونانی زمین کی دیوی کے نام پر گایا(Gaea) کا نام دیتے ہیں ۔ وِکا کے کچھ پیروکار مسیحی عقیدے کے کچھ عقائد کا انتخاب کرتے ہیں تاکہ اُنہیں اختیار کر لیں جبکہ دیگر تمام مسیحی عقائد کی مکمل تردید کرتے ہیں۔ وِکا کے بیشتر پیروکار دوبارہ جنم لینے پر یقین رکھتے ہیں۔

وِکا مذہب کے زیادہ تر پیروکار اپنے اور شیطان کے ماننے والوں کے مابین بڑے نظریاتی اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی سختی سے تردید کریں گے کہ شیطان اُن کے دیوتاؤں کے گروہ کا حصہ نہیں ہے ۔ وِکا کے ماننے والے عام طور پر " اچھے " اور " بُرے " اور " صحیح " اور " غلط" جیسے نظریات کو حقارت سے رد کرتے اور اخلاقی نسبتیت کو فروغ دیتے ہیں ۔ وِکا مذہب کا ایک قانون یا اُصول ہے جو رِیڈ(Rede) کہلاتا ہے :" کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچاؤ لیکن جو چاہو کرتے رہو۔ " بظاہر رِیڈ(Rede) مکمل طور شخصی آزاد ی کے لائسنس کی طرف لگتا ہے ۔ آپ اُس وقت تک جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں جب تک اس سے کسی کو ٹھیس نہیں پہنچتی ؛ تاہم وِکا کے پیروکار اس بات کی فوری نشاندہی کرتے ہیں کہ کسی شخص کے اعمال کا اثر دور رس نتائج کا باعث ہو سکتا ہے۔ وہ اس اصول کو تین گناقانون کے طور پر بیان کرتے ہیں " ایک شخص دوسرے لوگوں کے ساتھ جتنی بھی بھلائی کرتا ہے وہ تین گناہو کر اُس کی زندگی میں واپس آتی ہے اور تکلیف بھی تین گناہو کر آتی ہے "۔

ایک اہم عنصر جو وِکا مذہب میں مستقل دلچسپی کا باعث بنتا ہے وہ منتر اور جادو(spells and magick) کا مبینہ استعمال ہے(وِکا کے ماننے والوں کو جادو گروں اور غیب بینوں سے الگ ظاہر کرنے کے لیے انگری ہجوں کو دانستہ طور پر غلط انداز سے لکھا گیا ہے۔ ) ۔ تجسس کے متلاشیوں کے ساتھ ساتھ روحانی نو مرید سب سے زیادہ اِن بھیدوں کو جاننے کے شوقین ہوتے ہیں۔ وِکا کے ماننے والے سبھی جادو کی مشق نہیں کرتے لیکن جو لوگ جادو کی مشق کرتے ہیں اُن کا دعوی ہے کہ جادو اُن کے لیے ایسے ہی ہے جیسے ایک مسیحی کے لیے دعا ہے۔ دونوں کے درمیان فرق یہ ہے کہ وِکا کے ماننے والوں کا دعویٰ ہے کہ جادو محض معاملات پر قابوپانے کےلیے ذہن کو استعمال کرنا ہے یا وہ اپنے پسندیدہ دیوتا سے التجا کر رہے ہوتے ہیں کہ وہ اُن پر احسان کرے جبکہ مسیحی لوگوں کو شفا دینے اور اُن کی زندگی میں مداخلت اور کام کرنے کے لیے ایک قادر مطلق اور ہر جگہ حاظر و ناظر خدا کو پکار تے ہیں ۔ چونکہ ریڈ(Rede) جادوگرنیوں کو دوسروں کو تکلیف پہنچانے سے روکتا اور تین گنا قانون ریڈ کے خلاف جانے والوں کے نتائج کا اعلان کرتا ہے لہذا وہ جادو گرنیاں جو جادو کی مشق کرتی ہیں وہ شیطان کے پیرو کاروں سے مزید دوری اختیار کرنے کے لیے اپنے آپ کو "قدرتی جادو گرنیاں" یا "نوری جادو گرنیاں " کہنا پسند کرتی ہیں۔

وِکا بنیادی طور پر ایک ایسا مذہب ہے جو اپنے کام سے کام رکھنے اور اپنے پڑوسیوں اور ماحول کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنے کے بارے میں تعلیم دیتا ہے۔ وِکا کے ماننے والے اپنی صداقت کی خاطر اپنے اور بائبلی مسیحیت کے درمیان مماثلت قائم کرنے کے خواہشمند ہیں لیکن بائبل اس مذہب کے بارے میں کیا کہتی ہے؟ آپ کو "وِکا" لفظ بائبل میں نہیں ملے گا پس آئیے اُن عقائد کا اُن الفاظ کی روشنی میں جائزہ لیں جو خدا خود اُن کے بارے میں فرماتاہے۔

وِکا مذہب کے جادو منتر بُت پرستی ہیں – رومیوں 1باب 25آیت فرماتی ہے کہ " اُنہوں نے خُدا کی سچّائی کو بدل کر جھوٹ بنا ڈالا اور مخلوقات کی زیادہ پرستش اور عبادت کی بہ نسبت اُس خالق کے جو ابد تک محمود ہے۔۔۔۔۔"۔ کون ساانسان ثانوی درجے کی بہترین چیز کو قبول کرنا چاہتا ہے ؟ یسعیاہ 40باب میں خدا اس بات کی تصویر پیش کرتا ہے کہ خالق اپنی مخلوق کے مقابلے میں کتنا عظیم ہے ۔ اگر آپ خالق کے علاوہ کسی بھی اور چیز کی عبادت کر رہے ہیں تو آپ نہ صرف بے پھل ہیں بلکہ آپ بت پرستی کے مرتکب بھی ہیں۔

وِکا مذہب کے جادو منتر جھوٹی اُمید دیتے ہیں ۔ عبرانیوں 9باب 27آیت فرماتی ہے کہ "جس طرح آدمیوں کے لئے ایک بار مرنا اور اُس کے بعد عدالت کا ہونا مُقرّر ہے"۔ خدا فرماتا ہے ہمیں زندگی میں صرف ایک ہی موقع ملتا ہے اور بس یہی ہے ۔ اس کے بعد کوئی موقع نہیں ۔ اگر ہم اپنی زندگی میں یسوع کی صورت میں خدا کے تحفے کو قبول نہیں کرتے ہیں تو وہ اپنے حضور ہمیں ناپسندیدہ قرار دیتاہے اور ہمیں جہنم میں بھیج دیا جاتا ہے۔

وِکا مذہب کے جادو منتر مایوسی کا باعث بنتے ہیں ۔ مرقس 7باب 8آیت فرماتی ہے کہ "تم خُدا کے حکم کو ترک کر کے آدمیوں کی روایت کو قائم رکھتے ہو"۔ خدا ہی خدا ہے اور ہم خدا نہیں ہیں۔ ہمارے پاس لینے کےلیے صرف ایک ہی فیصلہ ہے ۔ آیا ہم خدا کے کلام کو قبول کرنے اور اُس کے نظریہ حیات کو اپنانے جار ہے یا نہیں؟ خدا کو جاننے میں بہت زیادہ نظم و ضبط درکار ہوتا ہے۔ وِکا ایک ایسا مذہب ہے جو جھوٹوں کے ایک پلندے کو لیتا ، اسے ایک خوبصورت ڈوری میں باندھتا اور اپنے کھوکھلے عقائد کو بیچنے کے لیے ایک نیک نیت مگر کاہل اور سادہ لوح انسان کی تلاش کرتا ہے۔

استثنا 18باب 10-12آیات فرماتی ہیں "تجھ میں ہرگز کوئی ۔۔۔۔ فالگیر یا شگون نکالنے والا یا افسون گر یا جادُوگر۔ یا منتری یا جنّات کا آشنا یا رمّال یا ساحِر نہ ہو۔ کیونکہ وہ سب جو اَیسے کام کرتے ہیں خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہیں "۔وِکا مذہب میں شامل جادو گری ایک گناہ ہے اور خدا اس سے نفرت کرتا ہے۔ مگر ایسا کیوں ہے ؟ کیونکہ یہ خدا پر ہمارے انحصار کو ختم کرنے اور خُدا کے علاوہ کہیں اور سے جوابات حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔

گناہ صرف گھناؤنا اور معاشرتی طور پر ناپسندیدہ عمل نہیں ہے۔ گناہ خدا سے کسی بھی موضوع پر اختلاف – اُس کے خلاف بغاوت کرنے کا ہمارا فیصلہ ہے۔ گناہ سے مراد اس بات کا اعتراف کرنا ہے کہ " اےخدا، مَیں اپنے زندگی اپنے طریقے سے گزارنا چاہتا ہوں ۔ رومیوں 3باب 23آیت فرماتی ہے کہ " سب نے گناہ کِیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں"۔ اور رومیوں 6باب 23آیت درج ہے کہ " گناہ کی مزدوری موت ہے "۔ یہ جسمانی نہیں بلکہ رُوحانی موت ہے: گناہ خدا اوراُس کی تمام برکات سے جو اُس کی موجودگی کے باعث ہیں ابدی جدائی ہے ۔ یہی جہنم کی تعریف ہے یعنی خدا کی حضوری کی عدم موجودگی۔ ہمارا گناہ ہمارے لیے یہی کماتا ہے۔

شکر ہے کہ رومیوں 6باب 23آیت یہیں ختم نہیں ہوتی ۔ یہ مزید بیان کرتی ہے کہ " مگر خُدا کی بخشش ہمارے خُداوند مسیح یسوعؔ میں ہمیشہ کی زِندگی ہے"۔ خدا جانتا تھا کہ ہم سب کسی نہ کسی طرح سے اُس سے بغاوت کریں گے اور اُس نے یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے ہمیں ایک راہ فراہم کی ہے تاکہ ہم اُس کی جدائی سے بچ سکیں ۔ وِکا مذہب کا جادو ہماری رُوحوں کے دشمن شیطان کی طرف سے ایک اور جھوٹ کے علاوہ اور کچھ نہیں جو " گرجنے والے شیرِ بَبر کی طرح ڈھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے " (1پطرس 5باب 8آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

وِکا کیا ہے؟ کیا وِکا جادو ٹونا/افسوں گری ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries