سوال
دس احکام کیا ہیں؟
جواب
دس احکام بائبل میں موجود وہ دس قوانین ہیں جو خدا نے بنی اسرائیل کو ملکِ مصر سے نکلنے کے فوراً بعد دئیے تھے ۔ دس احکام بنیاد ی طور پر پرانے عہد نامے کی شریعت میں پائے جانے والے 613احکام کا خلاصہ ہیں ۔ پہلے چار احکام خدا کے ساتھ ہمارے تعلق کے بارے میں ہیں ۔ جبکہ آخری چھ احکام ہمارے ایک دوسرےکیساتھ تعلقات کے متعلق ہیں ۔ دس احکام بائبل میں خروج 20باب 1- 17آیات اور استثنا 5باب 6-21آیات میں درج ہیں ۔ ذیل میں ہم اِن احکام اور اِن کے معنی کو دیکھ سکتے ہیں۔
1) " میرے حضُور تُو غیر معبودوں کو نہ ماننا"۔یہ حکم سچے اور واحد خدا کے سوا کسی اور معبود کی عبادت کرنےسے منع کرتا ہے ۔ دیگر تمام معبود جھوٹے معبود ہیں ۔
2) " تُو اپنے لئے کوئی تراشی ہُوئی مُورت نہ بنانا ۔ نہ کسی چیز کی صورت بنانا جو اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا زمین کے نیچے پانی میں ہے۔ تُو اُن کے آگے سجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عبادت کرنا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا غیور خُدا ہُوں اور جو مجھ سے عداوت رکھتے ہیں اُن کی اَولاد کو تیسری اور چوتھی پُشت تک باپ دادا کی بدکاری کی سزا دیتا ہوں۔ اور ہزاروں پر جو مجھ سے مُحبّت رکھتے اور میرےحکموں کو مانتے ہیں رحم کرتا ہوں "۔ یہ حکم بُت بنانے یعنی کہ ظاہری طور پر خدا کو پیش کرنے کے خلاف ہے ۔ ہماری طرف سے بنائی گئی کوئی بھی صورت اِس قابل نہیں ہو سکتی کہ وہ مکمل طور پر خدا کی تصویر کشی کر سکے ۔ خدا کی نمائندگی کےلیے کوئی بُت بنانا جھوٹے معبود کی عبادت کرنے کے برابر ہے ۔
3) " تُو خُداوند اپنے خُدا کا نام بے فائدہ نہ لینا کیونکہ جو اُس کا نام بے فائدہ لیتا ہے خُداوند اُسے بے گُناہ نہ ٹھہرائے گا "۔یہ حکم بے مقصد خداوند کا نام لینے کے خلاف ہے۔ہمیں خدا کا نام لینے میں بے احتیاط نہیں ہونا چاہیے ۔ ہمیں خدا کے نام کا ذکر صرف عزت و احترام سے کرتے ہوئے اُس کے نام کی تعظیم کرنی چاہیے ۔
4) " یاد کر کے تُو سبت کا دِن پاک ماننا۔ چھ دِن تک تُو محنت کر کے اپنا سارا کام کاج کرنا۔ لیکن ساتواں دِن خُداوند تیرے خُدا کا سبت ہے اُس میں نہ تُو کوئی کام کرے نہ تیرا بیٹا نہ تیری بیٹی نہ تیرا غُلام نہ تیری لَونڈی نہ تیرا چوپایہ نہ کوئی مُسافر جو تیرے ہاں تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو۔ کیونکہ خُداوند نے چھ دِن میں آسمان اور زمین اور سمندر اور جو کچھ اُن میں ہے وہ سب بنایا اور ساتویں دِن آرام کیا ۔ اِس لئے خُداوند نے سبت کے دِن کو برکت دی اور اُسے مُقدّس ٹھہرایا"۔ یہ خداوند کی خاطر سبت (ہفتے کا آخری دن ،ہفتہ )کے دن کو آرام کے دن کے طور پر مخصوص کرنے کا حکم ہے ۔
5) " تُو اپنے باپ اور اپنی ماں کی عزّت کرنا تاکہ تیری عمر اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دیتا ہے دراز ہو "۔یہ حکم اپنے والدین کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے کے بارے میں ہے ۔
6) " تُو خون نہ کرنا"۔ یہ حکم کسی انسان کو جان بوجھ کر قتل کرنے کے خلاف ہے ۔
7) "تُو زنا نہ کرنا"۔یہ حکم اپنے جیون ساتھی کے علاوہ کسی اور شخص کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنےجیسے عمل کے خلاف ہے ۔
8) "تُو چوری نہ کرنا"۔یہ حکم کسی دوسرے شخص کی کسی چیز کو بغیر اجازت لے لینے کے خلاف ہے ۔
9) " تُو اپنے پڑوسی کے خِلاف جھوٹی گواہی نہ دینا۔"۔یہ ایک ایسا حکم ہے جو کسی دوسرے شخص کے خلاف جھوٹی گواہی دینے سے منع کرتاہے ۔ بنیادی طور پر یہ جھوٹے بولنے کے خلاف حکم ہے ۔
10) " تُو اپنے پڑوسی کے گھر کا لالچ نہ کرنا ۔ تُو اپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اور نہ اُس کے غلام اور اُس کی لَونڈی اور اُس کے بَیل اور اُس کے گدھے کا اور نہ اپنے پڑوسی کی کسی اَور چیز کا لالچ کرنا "۔ یہ حکم ایک ایسی چیز کے بارے میں خواہش کرنے کے خلاف ہے جو آپ کی اپنی نہیں ہے۔ لالچ اُوپر بیان کردہ کسی بھی حکم کو توڑنے کا باعث ہو سکتاہے جیسے کہ قتل، زنا اور چوری۔ اگر کوئی کام کرنا غلط ہے تو ایسا کام کرنے کی خواہش کرنا بھی غلط ہے ۔
بہت سے لوگ غلطی سے دس احکام کو اُصولوں کے ایک ایسے مجموعے کے طور پر دیکھتے ہیں جن پر اگر عمل کیا جائے تو یہ موت کے بعد فردوس میں داخلے کی ضمانت ہوگا ۔ اِس کے برعکس دس احکام کا مقصد لوگوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ مکمل طور پر شریعت کی پیروی نہیں کر سکتے (رومیوں 7باب 7-11آیات) اور اِس لیے اُن کو خدا کے رحم و فضل کی ضرورت ہے ۔ متی 19باب 16آیت میں ہم دیکھتے ہیں کہ اُس مالدار جوان سردار کے دعوؤں کے باوجودوہ اور کوئی بھی اورشخص مکمل طور پر دس احکام کی پیروی نہیں کر سکتا (واعظ 7باب 20آیت)۔ دس احکام اِس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ ہم سب گنہگار ہیں ( رومیوں 3باب 23آیت ) اور اِس لیے ہمیں خدا کے رحم و فضل کی ضرورت ہے جو صرف یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے میسر ہیں ۔
English
دس احکام کیا ہیں؟