settings icon
share icon
سوال

کیا شیطان کو اب بھی آسمان تک رسائی حاصل ہے ؟

جواب


شیطان اصل میں خدا کے مُقدس فرشتوں میں سے ایک تھا لیکن اُس نے خدا کے خلاف بغاوت کی اور آسمان سے نکال ڈالا گیا (لوقا 10باب 18آیت)۔ یہ اُس کی عدالت کا محض پہلا مرحلہ تھا۔ شیطان کی بادشاہی کو صلیب پرشکست دے کر یسوع کے کفارے کے وسیلے فتح کر لیا گیا تھا (یوحنا 12باب 31-32آیات)۔ بعد میں اُسے ایک ہزار سال تک پاتال میں قید کر دیا جائے گا (مکاشفہ 20باب 1-3آیات) اور پھر اُسے آگ کی جھیل میں ہمیشہ کے لیے ڈال دیا جائے گا (مکاشفہ 20باب 10آیت)۔

اُس کی آخری عدالت تک شیطان "دُنیا کا سردار " ہے ( یوحنا 14باب 30آیت)؛لیکن ایسا لگتا ہے کہ اُسے اب بھی آسمانی دائروں تک محدود رسائی حاصل ہے۔ ایوب 1باب 6آیت میں شیطان خُدا کے حضور حاضر ہوتا ہے۔ 2 تواریخ 18باب 18-21آیات میں ایک ایسی ہی صورتحال ہے جس میں "جھوٹ بولنے والی رُوح" شامل ہے ۔

چونکہ خُدا پاک اور گناہ سے بالکل مُبّرا ہے (یسعیاہ6باب 3آیت) اور جبکہ وہ بدی کو دیکھ نہیں سکتا (حبقوق 1باب 13آیت) تو شیطان آسمان پر کیسے جا سکتا ہے؟اِس کا جواب گناہ پر خُدا کی خود مختار پابندی پر مشتمل ہے۔ ایوب 1باب میں شیطان اپنا حساب دینے کے لیے خُدا کے سامنے کھڑا ہوا۔ خدا نے اجلاس شروع کیا، کارروائی کی قیادت کی اِس دوران وہ خود مکمل طور پر سبھی اختیارات کا مالک ہے (7آیت)۔ اِس سے ظاہر یہ ہوا کہ شیطان کی طاقت محدود تھی (12آیت) اوراِس سارے معاملے میں خدا نے ہی جلال پایا۔

یہاں قابلِ غور کچھ اور حقائق بھی ہیں : (1) شیطان کو خدا کی حضوری تک کھلی رسائی حاصل نہیں ہے۔ اُسے خدا کی طرف سے طلب کیا جاتا ہے۔( 2) یہ دَورے عارضی ہوتے ہیں۔ خدا کے تخت کے سامنے اس کا وقت محدود ہے۔( 3) کسی گنہگار اورعلیٰحدہ کی ہوئے ہستی کی مختصر اور خدا کی طرف سے مقرر کردہ موجودگی سے آسمان کی پاکیزگی کسی بھی لحاظ سے متاثر نہیں ہوتی کیونکہ یہ سب کچھ خدا کی انتظامی قوت کے پیشِ نظر ہوتا ہے اور( 4) شیطان کو یہ رسائی صرف حتمی عدالت سے پہلے تک حاصل ہے۔ عدالت کے بعد خدا ایک نیا آسمان اور نئی زمین تخلیق کرے گا(مکاشفہ 21باب 1آیت) ہماری آنکھوں کےسب آنسو پونچھ دے گا (4آیت)،نئے یروشلیم (10آیت) کو ظاہر کرےگااور گناہ کی موجودگی کو پوری طرح مٹا دے گا (27آیت) ۔

جب ہم کہتے ہیں کہ "خدا آسمان پر گناہ کی اجازت نہیں دے سکتا" تو ہمارا کہنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ خُدا اُن انسانوں کو اپنی حضوری میں رہنے کی اجازت نہیں دے سکتا جو ابھی تک اپنے گناہ میں ہیں ۔ لیکن یہ ممکن ہے کہ اپنی پاکیزگی پر سمجھوتہ کیے بغیر خُدا کسی گنہگار شخصیت کو ذمہ داری سونپنے کے لیے(یسعیاہ 6باب )، اُس سے حساب لینے کے لیے(ایوب 1-2ابواب) یا اُس کی عدالت کرنے کے لیے حکم دے کہ وہ (مختصر وقت کے لیے ) اُس کی موجودگی میں حاضر ہو ۔

خُدا کی پاکیزگی بالآخر تمام گناہوں کو بھسم کر دے گی۔ اُس دن تک اُس کی پاکیزگی گناہ کو اعتدال میں رکھتی ہے اور اِس کا مطلب یہ ہے کہ شیطان کوبعض مواقع پرمختصر وقت کے لیے اپنے خالق کے حضور اپنے اعمال کا حساب دینے کے لیے طلب کیا جاتا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا شیطان کو اب بھی آسمان تک رسائی حاصل ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries