settings icon
share icon
سوال

بائبل میں مذکور فلپس کون تھا؟

جواب


بائبل میں فلپس نامی چار مختلف آدمیوں کا ذکر پایا جاتا ہے۔ ہیرودیسِ اعظم کے دو بیٹوں کا نام فلپس تھا جو اُس کی دو الگ الگ بیویوں سےپیدا ہوئے تھے (لوقا 3باب 1آیت اور متی 14باب 3آیت )۔ بائبل میں دیگر دو فلپس مسیح کے خادم اور ابتدائی کلیسیا میں معاونین تھے: ایک فلپس جو مسیح کا شاگرد اور رسول تھا اوردوسرا فلپس جو مبشر تھا ۔

فلپس نامی شاگرد پطرس اور یعقوب رسول کے ساتھ گلیل کے شہر بیت صیدا سے تھا (یوحنا 1باب 44آیت ؛ 12باب 21آیت )۔ خداوند یسوع نے فلپس کو بلایا جو پہلے یوحنا بپتسمہ دینے والے کا شاگرد تھا(یوحنا 1باب 43آیت)اور پھر فلپس نے نتن ایل سے مل کر اُسے خداوند یسوع کے بارے میں بتایا۔ نتن ایل بھی خداوند یسوع کا شاگرد بن گیا۔ بائبل میں فلپس یا دوسرے شاگردوں میں سے کسی کے حالات ِ زندگی کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں ہیں لیکن یوحنا رسول اُن متعدد اوقات کا ذکرکرتا ہے جب فلپس نے خصوصی طور پرخداوند یسوع سے بات کی تھی۔


اپنے دوست کے پاس جا کر اُسے خداوند یسوع کے بارے میں بتانا بطور شاگرد فلپس کا پہلا درج شدہ عمل تھا۔ بعد میں کچھ غیر قوم کے لوگوں بالخصوص بیت صیدا کے یونانیوں نے فلپس سے رابطہ کیا جنہوں نے فلپس سے کہا کہ وہ اُنہیں خداوند یسوع سے ملوائے (یوحنا 12باب 20-21آیات )۔ فلپس وہ شاگرد تھا جس نے حساب لگایا کہ 5000 کو کھانا کھلانے کے لیے کتنی رقم درکار ہوگی (یوحنا 6باب 7آیت )۔ آخری فسح کے بعد فلپس نے خداوند یسوع سے درخواست کی کہ وہ باپ کو اُن پر ظاہر کرے جس پر خداوند یسوع نے فرمایا کہ "جس نے مجھے دیکھا اس نے باپ کو دیکھا " (یوحنا 14باب8-9 آیات)۔ بائبل فلپس شاگرد کا آخری بار ذکر اُن لوگوں میں سےایک کے طور پر کرتی ہے جو خداوند کے آسمان پر جانے کے بعد یروشلیم میں دعا کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے (اعمال 1باب 13آیت)۔ روایت بتاتی ہے کہ فلپس بطور مشنری فروگیہ (حالیہ ترکی) گیا اور وہاں ہیراپُلس میں شہید ہو ا تھا۔

دوسرے فلپس کا عام طور پر" فلپس مبشر " یا فلپس مددگار کہہ کر فلپس نامی شاگرد سے فرق کیا جاتا ہے۔ اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فلپس اُن 72 آدمیوں میں سے ایک تھا جنہیں خداوند یسوع نے لوقا 10باب 1آیت میں بھیجا تھاحالانکہ بائبل اس تعلق کا ذکر نہیں کرتی ۔ ہم جانتے ہیں کہ فلپس اُن اصل سات مددگاروں میں سے ایک تھا جو یروشلیم کی کلیسیا میں خدمت کرنے کے لیے چنے گئے تھے (اعمال 6باب 5آیت )۔ فلپس انجیلی بشارت کا خواہش مند تھا اور اعمال 8باب 1آیت کے مطابق جب کلیسیا پر "بڑا ظلم برپا ہوا" تو فلپس نے سامریہ میں انجیلی بشارت کا کام کرنے کے لیے یروشلیم کو چھوڑ دیا(اعمال 8باب5-12آیات )۔ سامریہ میں کلیسیا کی شروعات ہونے کے بعد فلپس کو رُوح القدس کے ذریعے استعمال کیا گیا کہ وہ ایک حبشی خوجے کے پاس خوشخبری کا پیغام پہنچائے جو حبشیوں کی ملکہ کندا کے کا ایک وزیر تھا ۔ فلپس نے خوجے کو اپنے رتھ پر بیٹھے ہوئے یسعیاہ کے صحیفے کو پڑھتے اور نبی کے الفاظ کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہوئے پایا۔ جب فلپس نے وضاحت کی پیشکش کی تو خوجے نے اُسے اپنے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی۔ آخر میں خوجے نے نجات پائی اور بپتسمہ لیا (اعمال 8باب26-39آیات )۔ خوجےکے بپتسمہ لینے کے فوراً بعدخُداوند کا رُوح فلپس کو اشدود لے گیا جہاں وہ قیصریہ پہنچنے تک شہروں میں خوشخبری کی منادی کرتا رہا (اعمال 8باب40آیات )۔

بیس سال بعد فلپس کا پھر سے ذکر کیا جاتا ہے جو اب بھی قیصریہ میں مقیم تھا (اعمال 21باب 8-9آیات )۔ پولس رسول اور لوقا اور دیگر لوگ یروشلیم کی طرف سفر کر تے ہوئے قیصریہ میں آئے اور اُنہوں نے فلپس کے گھر میں قیام کیا۔ وہ کئی دنوں تک فلپس کے پاس رہے۔ اُس وقت فلپس کی چار کنواری بیٹیاں تھیں جن میں سے سبھی کو نبوت کی نعمت ملی ہوئی تھی ۔ بائبل میں یہ آخری موقع ہے جب فلپس مبشر کا ذکر کیا جاتا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل میں مذکور فلپس کون تھا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries