settings icon
share icon
سوال

موسوی شریعت کا مقصد کیا ہے ؟

جواب


موسوی شریعت بالخصوص بنی اسرائیل کو دی گئی تھی (خروج 19باب ؛ احبار 26باب 46آیت ؛ رومیوں 9باب 4آیت )۔ یہ تین حصوں پر مشتمل تھی: دس احکام، اُصول و ضوابط اور عبادتی نظام ،جس میں کہانتی خدمات ،خیمہ ِ اجتماع ، قربانیاں اور عیدیں شامل تھی (خروج 20-40ابواب ؛ احبار 1-7اور23ابواب)۔ موسوی شریعت کا مقصد درج ذیل باتوں کی تکمیل تھی :

1) اسرائیل قوم پر ابدی خدا کے مُقدس کردار کو ظاہر کرنا (احبار 19باب 2آیت ؛ 20باب 7-8آیات )۔
2) اسرائیل قوم کو دیگر تمام اقوام سے ممتاز کرنا (خروج 19باب 5آیت )۔
3) انسان کے گناہ کو ظاہر کرنا (بالموازنہ گلتیوں 3باب 19آیت )۔ اگرچہ شریعت اچھی اور مُقدس تھی (رومیوں 7باب 12آیت )مگر یہ اسرائیل قوم کے لیے نجات نہیں فراہم کر سکتی تھی۔ "کیونکہ شرِیعت کے اَعمال سے کوئی بشر اُس کے حضُور راست باز نہیں ٹھہرے گا۔ اِس لئے کہ شریعت کے وسیلہ سے تو گُناہ کی پہچان ہی ہوتی ہے"(رومیوں 3باب 20آیت ؛ بالموازنہ اعمال 13باب 38-39آیات)۔
4) اسرائیل قوم میں خداوند پر ایمان رکھنے والوں کو قربانیوں/نذروں کے وسیلہ سےمعافی فراہم کرنا (احبار 1-7ابواب ) ۔
5) سالانہ عیدوں کے ذریعہ سے جماعت کے لیے عبادت کا طریقہ فراہم کرنا (احبار 23باب)۔
6) قوم کی جسمانی اور رُوحانی صحت کے لیے خدا کی ہدایت فراہم کرنا (خروج 21-23ابواب ؛ استثنا 6باب 4-19ابواب ؛ 119زبور97-104آیات)۔
7) بنی نو ع انسان پر اس بات کو عیاں کرنا کہ کوئی بھی شخص شریعت کی مکمل پیروی نہیں کرسکتا بلکہ ہر کوئی خدا کے تقدس کے معیار سے کم تر ثابت ہوتاہے۔ یہ احساس ہمارے لیے خدا کے رحم اور فضل پر بھروسہ کرنے کا باعث بنتا ہے۔ جب خُداوند یسوع مسیح آیا تو اُس نے نہ صرف شریعت کو پورا کیا بلکہ اُس نے شریعت کی خلاف ورزی کے باعث ہماری سزا کو بھی برداشت کیا (گلتیوں 3باب 24آیت ؛ رومیوں 10باب 4آیت)۔ اُس پر ایمان لانے سے مسیح کی راستبازی ایماندارسے منسوب ہو جاتی ہے۔

موسوی شریعت کا مقصد اِن سوالات کو اجاگر کرتا ہے: "کیا آپ زندگی بھر تمام دس احکام کی پیروی کرنے کے لیے (جو آپ نہیں کر سکتے)اپنے آپ پر بھروسہ کر رہے ہیں ؟" یا "کیا آپ نے یہ سمجھتے ہوئے خداوند یسوع کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ اُس نے آپ کی خاطر تمام احکام کی تکمیل کرنے کے ساتھ اِن احکام کی خلاف ورزی کے باعث آپ کی سزا کی قیمت کو بھی ادا کیا ہے؟" فیصلہ آپ کا ہے ۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

موسوی شریعت کا مقصد کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries