settings icon
share icon
سوال

موڈل ازم / موڈلسٹک منارکِیئن ازم کیا ہے ؟

جواب


موڈل ازم اور منارکِیئن ازم خدا اور یسوع مسیح کی فطرت کے بارے میں دو غلط نظریات ہیں جو دوسری اور تیسری صدی بعد از مسیح میں منظرِعام پر آئے تھے ۔ موڈل ازم کا کوئی پیروکار قادرِ مطلق خدا کو تین اقانیم کی بجائے واحد شخصیت کے طور پر دیکھتا اور یہ مانتا ہے کہ باپ، بیٹا اور رُوح صرف ایک ہی الٰہی ہستی کے مختلف روپ یا شکلیں ہیں۔ موڈل ازم کے مطابق خدا بیک وقت تین مختلف مظاہر میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ منارکِیئن ازم کا کوئی حامی خدا کی وحدانیت کا(لاطینی لفظ monarchia کا مطلب "واحد حکمرانی"ہے) اِس حد تک یقین رکھتا ہے کہ وہ خدا کی ثالوث فطرت کا انکار کرتا ہے۔ موڈل ازم اور منارکِیئن ازم دونوں حتمی طور پر پیٹری پیسیئن ازم کے عقیدے پر قائم ہیں(جس کی یہ تعلیم ہے کہ خدا باپ نے بیٹے کے ساتھ یا بیٹےکے طور پر صلیب پر دکھ اٹھایا تھا) اور اِن کا سبیلیئن ازم سے گہرا تعلق ہے۔

منارکِیئن ازم نے دو بنیادی شکلیں ڈائنامک (یا ایڈوپشِنیسٹ) منارکِیئن ازم اور موڈلسٹک منارکِیئن ازم اختیار کیں ۔ ڈائنامک منارکِیئن ازم کا آغاز بالخصوص یسوع کی فطرت کے بارے میں اس غلط نظریےکے ساتھ ہوا کہ وہ خدا نہیں تھا بلکہ اپنے بپتسمہ کے وقت اُس نے خدا کی طرف سے اُن معجزات کی طاقت پائی تھی جو اُس نے کئے تھے۔ دوسری طرف موڈلسٹک منارکِیئن ازم نے موڈلسٹک نظریہ اپنایا کہ یسوع ا س حقیقت کی بنا ءپر خدا تھا کہ وہ خدا کے "مظاہر " میں سے ایک تھا۔ منارکِیئن ازم کے مطابق خدا کے کلام کا اپنا کوئی الگ، شخصی وجود نہیں ہے۔ منارکِیئن ازم کے مطابق باپ، بیٹا، اور رُوح جیسی بائبلی اصطلاحات محض ایک ہی ذات کے مختلف نام ہیں۔

موڈلسٹک منارکِیئن ازم یہ سکھاتاہے کہ خدا کی وحدانیت قادرِ مطلق خدا کی ذات کے اندر موجود اقنوم کے امتیاز سے مناسبت نہیں رکھتی۔ موڈل ازم کے مطابق خدا نے اپنے آپ کو باپ کے طور پر (خاص طور پر پرانے عہد نامے میں)، بیٹے کے طور پر (بالخصوص یسوع کے رحم میں پڑنے سے لے کر اُس کے آسمان پر اُٹھائے جانے تک) اور رُوح القدس کے طور پر (بنیادی طور پر یسوع کے آسمان پر جانے کے بعد) ظاہر کیا ہے۔ موڈلسٹک منارکِیئن ازم کی جڑیں قریباً190 بعد از مسیح میں سمرنا کے نوئٹس/ Noetus کی جھوٹی تعلیم میں پائی جاتی ہیں۔ نو ئٹس نے اپنے آپ کو موسیٰ اور اپنے بھائی کو ہارون کہا اور اُس نے سکھایا کہ اگر یسوع خدا تھا تو اُسے باپ جیسا ہی ہونا چاہیے۔ روم کے ہپولیٹس نے اپنی کتاب " Contra Noetum /کونٹرا نوئٹم" میں اِس جھوٹی تعلیم کی مخالفت کی تھی ۔ موڈلسٹک منارکِیئن ازم کی ابتدائی شکل کے بارے میں ایشیائے کوچک کے پرَاکسیئیس/ Praxeas نامی اُس کاہن کی طرف سے بھی سکھایا گیا تھا جس نے 206 بعد از مسیح کے قریب روم اور کارتھیج کا سفر کیا تھا۔ ٹرٹولئین نے قریباً 213 بعد از مسیح میں اپنی تصنیف "Adversus Praxean /ایڈورسس پراکسیئن" میں پرَاکسیئیس کی تعلیم کی مخالفت کی ۔ اوریجن، اسکندریہ کے ڈائیونیسئس اور 325 میں نقائیہ کی مجلس نے موڈلسٹک منارکِیئن ازم اور اس سے متعلقہ بدعات کی تردید کی تھی ۔

منارکِیئن ازم کی ایک شکل آج کل وَن نیس پینٹی کاسٹل ازم /Oneness Pentecostalism کی صورت موجود ہے۔ وَن نیس علم ِ الٰہیات میں جو کہ عقیدہِ تثلیث کے خلاف ہے قادرِ مطلق خدا کے تین اقانیم کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ یسوع خدا ہے لیکن وہ باپ اور رُوح بھی ہے۔ قدیم موڈل ازم سے تھوڑے سے فرق کے ساتھ وَن نیس پینٹی کاسٹل ازم کے پیروکار سکھاتے ہیں کہ خُدا اپنے آپ کو بیک وقت تینوں "مظاہر/روپ" میں ظاہر کرنے کے قابل ہے جیسا کہ اُس نے لوقا 3باب 22آیت میں یسوع کے بپتسمہ کے موقع پر کیا تھا۔

بائبل خدا کو ایک خدا کے طور پر پیش کرتی ہے (استثنا 6باب 4آیت ) مگر پھر تین شخصیات/اقنوم - باپ، بیٹے اور رُوح القدس کا ذکر کرتی ہے (متی 28باب 19آیت )۔ یہ دونوں سچائیاں کس طرح سے ہم آہنگ ہوتی ہیں یہ بات انسانی ذہن کے لیے ناقابل فہم ہے۔ ہم جب بھی اس بھید کو سمجھنے کی کوشش کریں گے ہم ہمیشہ کسی نہ کسی حد تک ناکام رہیں گے۔ لیکن کلامِ مقدس پوری طرح واضح ہے : خدا تین ابدی اور ہم مرتبہ اقانیم کی صورت میں ہے ۔ یسوع نے خدا باپ سے دعا کی (لوقا 22باب 42آیت ) اور اب آسمان پر باپ کے دہنے ہاتھ بیٹھا ہے (عبرانیوں 1باب 3آیت )۔ باپ اور بیٹے نے رُوح القدس کو دنیا میں بھیجا (یوحنا 14باب 26آیت ؛ 15باب 26آیت)۔ موڈل ازم اور خاص طور پر موڈلسٹک منارکِیئن ازم عقائدی لحاظ سے اس وجہ سے خطرناک ہیں کہ یہ خدا کی فطرت پر حملہ کرتے ہیں۔ کوئی بھی تعلیم جو خدا کو تین الگ الگ اقانیم کے طور پر تسلیم نہیں کرتی غیر بائبلی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

موڈل ازم / موڈلسٹک منارکِیئن ازم کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries