سوال
بائبل میں مذکورمتؔی رسول کون تھا ؟
جواب
بائبل میں مذکور متؔی رسول خداوند یسوع کے شاگردوں میں سے ایک تھا۔ مرقس، لوقااور یوحنا کی اناجیل کے ساتھ ساتھ متؔی کی انجیل مسیح کی زندگی کی ایک الہامی- اور اِسی لیے درست اور سچی -تاریخ ہے۔ چاروں اناجیل میں سے متؔی کی انجیل سب سے طویل ہے اور کچھ علماء کا خیال ہے کہ یہ سب سے پہلے قلمبند کی گئی تھی۔
مسیح کا شاگرد بننے سے پہلے متؔی رسول کفرنحُوم کے قصبے میں ایک " محصول "لینے والاتھا (متؔی 9باب 9آیت ؛ 10باب 3آیت )۔ لوقا اور مرقس کی جانب سے متؔی کو لاوی ، حلفئی کا بیٹا بھی کہا گیا ہے (مرقس 2باب 14آیت ؛ لوقا 5باب 27آیت )۔ اگرچہ لوقا اور مرقس واضح طور پر یہ نہیں کہتے کہ "لاوی اور متؔی ایک ہی شخص ہے " لیکن ہم سیاق و سباق کی بنا ءپریہ نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ یہ نام ایک ہی شخص کا حوالہ دیتےہیں۔ اپنی بلاہٹ کے بارے میں متؔی رسول کا بیان زبان اور واقعاتی ترتیب کے لحاظ سے دونوں لوقا اور مرقس کی اناجیل میں درج لاوی کی بلاہٹ کے بیانات سے پوری طرح میل کھاتا ہے۔ نیز، خدا سے آمنا سامنا ہونے کے بعد کسی شخص کو ایک مختلف نام دیا جا نا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے ۔ ابرام ابرہام بن گیا، یعقوب اسرائیل بن گیا، شمعون پطرس بن گیا اور ساؤل پولس بن گیا۔ ممکن ہے کہ متؔی (جس کا مطلب "خدا کا تحفہ"ہے) وہ نام تھا جو خداوند یسوع نے لاوی کو اُس کی تبدیلی کے وقت دیا تھا ۔
چونکہ محصول لینے والے رومی حکومت کے لیے کام کرتے اور اپنے ہی لوگوں سے محصول- اکثر بے ایمانی سے ضرورت سے زیادہ رقم لے لےکر خود کو مالا مال کر لیتے تھے (دیکھیں لوقا 19باب 8آیت ) اِس لیے اُن کی اپنی ثقافت میں اُنہیں پوری طرح حقیر سمجھا جاتا تھا ۔ متؔی ممکنہ طور پرایک دولتمند شخص تھا کیونکہ لوقا بیان کرتا ہے کہ لاوی نے خداوند یسوع کے لیے ایک " بڑی ضیافت" کی جس میں "بڑا مجمع" موجود تھا (لوقا 5باب 29آیت )۔
متؔی جیسے محصول لینے والوں کو اُس وقت کی ممتاز مذہبی شخصیات کی طرف سے بڑے گنہگار خیال کیا جاتا، جو اِس قدر گنہگار تھے کہ اُن کے ساتھ وقت گزارنا بھی کسی نیک شخص کی ساکھ کو فوراً داغدار کر سکتا تھا (متؔی 9باب 10-11آیات )۔ جب خداوند یسوع متؔی کے گھر میں بہت سے دیگر محصول لینے والوں اور گنہگاروں کے ساتھ شام کا کھانا کھا رہا تھا تو فریسیوں نے شاگردوں سے خداوند یسوع کے ساتھیوں کے چناؤ کے بارے میں سوال کیا۔ خداوند یسوع کا جواب خدا کی مرضی اور انسان کے لیے اُس کی خوشخبری کی سب سے واضح ترین وضاحتوں میں سے ایک ہے: " تندرُستوں کو طبِیب درکار نہیں بلکہ بیماروں کو۔۔۔۔۔۔۔مَیں راستبازوں کو نہیں بلکہ گنہگاروں کو بُلانے آیا ہُوں "(متؔی 9باب 12-13آیات )۔ خداوند یسوع "اچھے"، اپنی نظر میں راست لوگوں کو نہیں بلکہ اُن لوگوں کو بچانے آیا تھا جو جانتے ہیں کہ وہ اچھے نہیں- وہ لوگ جنہوں نے آزادانہ طور پر اقرار کیا کہ انہیں نجات کی ضرورت ہے (بالموازنہ متؔی 5باب 3آیت )۔
ایسے شخص کو بچانا ممکن نہیں جو یہ دعویٰ کرتا ہے کہ اُسے بچانے کی ضرورت نہیں ہے۔ خداوند یسوع کے بہت سے پیروکار غریب، رَد کیے ہوئے ، بیمار، گنہگار اور خستہ حال تھے (متؔی 11باب 28آیت )۔ اُس نے اُن لوگوں کی کبھی مذمت نہیں کی تھی بلکہ اُس نے اُنہیں معاف کیا اور اُن کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔ خداوند یسوع کی سخت ترین مذمت فریسیوں، شریعت کے استادوں اور فقیہوں کے لیے تھی جو اپنے آپ کو اُن کے اردگرد کے "محصول لینے والوں اور گنہگاروں"سے اچھے، لائق اور بہتر سمجھتے تھے (متؔی 9باب 10آیت ؛ 23باب 13-15آیات )۔
متؔی اُن محصول لینے والوں میں سے ایک تھا جنہیں خداوند یسوع نے نجات دی تھی ۔ جب خداوند یسوع نے اُسے بلایا تومتؔی نے فوراً ہی محصول کی اپنی چوکی چھوڑی اور خداوند کے پیچھے ہو لیا (متؔی 9باب 9 آیت )۔ اُس نے اپنی دولت کے ذرائع کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اُس نے سفر، مشکلات اور بالآخر شہادت کی خاطر اپنا محفوظ اور اطمینان بھرا مقام چھوڑ دیا۔ اُس نے اپنی پرانی زندگی کو خداوند یسوع کے ساتھ نئی زندگی کی خاطر ترک کر دیا۔
English
بائبل میں مذکورمتؔی رسول کون تھا ؟