settings icon
share icon
سوال

بائبل مذکور لعزؔرکون تھا؟

جواب


بائبل میں لعزؔر نامی دو آدمی پائے جاتے ہیں ہیں۔ پہلا لعزؔر یسوع کی طرف سے بیان کی گئی کہانی کا موضوع ہے (لوقا 16باب 19-31 آیات )۔ لعزؔر بہت غریب تھا، شاید بے گھر اور بلاشبہ ایک بھکاری تھا (لوقا 16باب 20آیت )۔ کسی دولت مند کی میز سے بچےکھچے کھانے کے ٹکڑے ملنے کی اُمید میں وہ اکثر اُس امیر کے دروازے پر بیٹھا رہتا ۔دولت مند شخص اور غریب لعزؔر دونوں مر گئے اور خداوند یسوع بتاتا ہے کہ کس طرح لعزؔر کو "ابرہام کی گود" ایک پُر سکون اور آرام دہ مقام میں پہنچایا گیا جبکہ امیر آدمی "عاِ لم ارواح کے درمیان عذاب " کی جگہ میں گیا (لوقا 16باب 22-23آیات )۔ بائبل کے بعض عالمین کا خیال ہے کہ خداوند یسوع ایک تمثیل یعنی ایک فرضی کہانی سُنا رہا تھا جس سے ایک حقیقی بیان مراد نہیں تھا۔ تاہم خُداوند یسوع کہانی میں اصل ناموں کا استعمال کرتا ہے وہ کہانی کی تشریح نہیں کرتا اور نہ ہی وہ آخر میں اخلاقی سبق کا اضافہ کرتا ہے۔ وہ کہانی کو اُسی طرح رہنے دیتاہے جیسی کہ وہ ہے۔ اِن تفصیلات کی وجہ سے لعزؔر اور امیر آدمی کی کہانی لعزؔر اور بے ایمان دولت مند کی حقیقی ابدی حالت کو بیان کرنے والا ایک سچا بیان ہو سکتاہے۔ بہر حال فردوس اور جہنم کی حقیقت پر خداوند یسوع کی تعلیم واضح ہے۔ یسوع کی کہانی میں درج کردہ لعزؔر بائبل میں کہیں اور نظر نہیں آتا اور ہم نہیں جانتے کہ اگر وہ ایک حقیقی شخص تھا تو اُس نے تاریخ کے دوران کب زندگی بسر کی تھی ۔


دوسرا لعزؔر، جسے بیت عنیاہ کا لعزؔر بھی کہا جاتا ہے مریم اور مرتھا کا بھائی تھا۔ یہ تینوں بہن بھائی خُداوند یسوع کے دوست اور شاگرد تھے اور اُن لوگوں سے خداوند یسوع محبت رکھتا تھا (یوحنا 11باب 5آیت )۔ ایک بار ،بیت عنیاہ سے خُداوند یسوع کے پاس ایک فوری پیغام آیا کہ اُس کا دوست لعزؔر بیمار ہو گیا ہے اور مریم اور مرتھا چاہتی ہیں کہ خداوند یسوع آئے اور اُسے شفا دے کیونکہ وہ قریب الموت ہے ۔تب خُداوند یسوع نے اپنے شاگردوں اور دوستوں کو الجھادیا۔ اُس نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات کی شروعات کی کہ یہ بیماری موت کا باعث نہیں ہو گی بلکہ یہ خدا کے جلال کا باعث ہو گی (یوحنا 11 باب 4آیت)۔ پھر خُداوند یسوع اُسی علاقے میں مزید دو دن ٹھہرا رہا ، اور لعزر کے علاقے میں نہ گیا جہاں یسوع کے دشمنوں نے حال ہی میں اُسے سنگسار کرنے کی کوشش بھی کی تھی (یوحنا 11باب 5-8آیات )۔خُداوند یسوع کےقیام کے دوران لعزؔر مر گیالیکن اُس نے اپنے شاگردوں سے فرمایا کہ لعزؔر "سوگیا ہے " اور مَیں اسے جگانے والا ہے (یوحنا 11باب 11آیت )۔ شاگردوں نے واضح طور پر جسمانی نیند کے بارے میں خیال کرتے ہوئے جواب دیا"اے خداوند! اگر سو گیا ہے تو بچ جائے گا" (یوحنا 11باب 12آیت )۔ تب یسوع نے انہیں صاف صاف بتایا کہ لعزؔر مر گیا ہے لیکن وہ پھر بھی اُسے ملنے جا رہے ہیں (یوحنا 11باب 14آیت )۔ توما نے یہ کہتے ہوئے شاگردوں کی الجھن بھری مایوسی کا بالکل درست اظہار کیاکہ "آؤ ہم بھی چلیں تاکہ اُس کے ساتھ مریں" (یوحنا 11باب 16آیت ) اُس نے دیکھا کہ یسوع پُرعزم تھا لیکن اُس طرح کے سفر کے خطرات کو جانتا تھا (یوحنا 11باب 8 آیت )۔

جب وہ بیت عنیاہ میں لعزؔر کے گھر پہنچے تو انہوں نے مریم اور مرتھا کو غم کی حالت میں پایا۔ انہوں نے چار دن پہلے اپنے بھائی کو دفن کیا تھا۔خداوند یسوع اُس وقت مدد کے لیے نہیں آیا تھا۔ وہ پریشان اور مایوس تھے لیکن خُداوند یسوع پر اُن کا ایمان برقرار تھا (یوحنا 11باب 17-36آیات )۔ جب خُداوند یسوع نے غیر متوقع طور پر عمل کیا تو سب کچھ واضح ہو گیا: وہ لعزؔر کی قبر پر گیا اور اُسے مُردوں میں سے زندہ کیا (یوحنا 11باب 43-44 آیات)۔

لعزؔر کی بیماری، موت اور زندگی میں بحالی کے تمام واقعہ نے خدا کو جلال دینے اورخداوند یسوع کے پیروکاروں کے ایمان کو بڑھانے کا کام کیا، جیسا کہ خُداوند یسوع نے لعزؔر کی بیماری کی خبر ملنے پر کہا تھا ۔ لعزؔر کو زندہ کرنے سے پہلےخُداوند یسوع نے دعا کی کہ "اَے باپ مَیں تیرا شکر کرتا ہُوں کہ تُو نے میری سُن لی۔اور مُجھے تو معلُوم تھا کہ تُو ہمیشہ میری سُنتاہے مگر اِن لوگوں کے باعِث جو آس پاس کھڑے ہیں مَیں نے یہ کہا تاکہ وہ اِیمان لائیں کہ تُو ہی نے مُجھے بھیجا ہے " (یوحنا 11باب 41-42آیات)۔ یسوع کی دعا کا جواب دیا گیا: لعزؔر زندہ ہو گیا اور "بہتیرے یہُودی جو مر یم کے پاس آئے تھے اور جنہوں نے یسُو ع کا یہ کام دیکھا اُس پر اِیمان لائے "(یوحنا 11باب 45آیت )۔

جب خُداوند یسوع نے لعزؔر کو آواز دی تو کوئی زومبی یا نیم مردہ یا حرکت کرتی لاش نہیں بلکہ لعزؔر ہی قبر سے نکل آیا تھاجو پوری طرح زندہ اور ٹھیک تھا۔ یہ مسیح کی قدرت ہی سے ہے۔ کلامِ مقدس اس بارے میں کبھی بات نہیں کرتا کہ لعزؔر نے قبر میں اپنے چار دنوں کے دوران کیا تجربہ کیا تھا ۔ ہم فرض کرتے ہیں کہ اُس کی رُوح فردوس میں تھی جہاں دوسرا لعزؔر بھی تھا۔

لعزؔر کے مُردوں میں سے جی اٹھنے کے بعد سردار کاہنوں اور فریسیوں نے اُسے قتل کرنے کی سازش کی کیونکہ معجزے کے بہت سے گواہ یسوع پر ایمان لے آئے تھے (یوحنا 12باب 9-11آیات )۔ مسیح کے دشمن معجزے سے انکار نہیں کر سکتے تھے؛ اُن کےخیال میں ثبوت کو ختم کر دینا اگلاسب سے بہتر عمل تھا-اور اس معاملے میں ثبوت ایک زندہ، سانس لیتا شخص تھا۔ لیکن وہ سچائی کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے تھے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مذکور لعزؔرکون تھا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries