settings icon
share icon
سوال

جوزف سمتھ کون تھا؟

جواب


جوزف سمتھ کو بڑے پیمانے پر مورمن چرچ کے بانی کے طور پر جانا جاتا ہے، اِس کلیسیا کو کلیسیا ئے یسوع مسیح برائے مُقدسینِ آخری ایام کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ جوزف سمتھ کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ کم عمری سے ہی کچھ غیبی طاقتیں رکھتا تھا۔کہا جاتا ہے کہ اُسے کم عمری میں ایک غیب بین کے طور پر جانا جاتا تھا اور مبینہ طور پر اُس کے پاس ایک پتھر تھا جس کی مدد سے وہ یہ بتا سکتا تھا کہ قیمتی دھاتیں جیسے کہ چاندی وغیرہ کو کہاں پر ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ اُسے اور اُس کے باپ کو "خزانے ڈھونڈنے والوں" کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اور وہ دونوں ہی خزانے ڈھونڈنے کے لیے کُھدائی کے کام کے لیے فالگیری ، افسوں گری کو عمل میں لایا کرتے تھے۔ اِس وجہ سےلازمی طور پر اُس کا نام کافی مشہور ہو گیا اور اُس کی شہرت دور دور تک پھیل گئی تھی۔ آج کے دن تک بعض لوگوں کی طرف سے تو جوزف سمتھ کو ایک مُقدس شخصیت مانا جاتا ہے کہ جبکہ دوسرے اُسے فراڈیا اور ڈھونگی مانتے ہیں۔

جوزف سمتھ اُس دور میں پلا بڑھا جب امریکہ کے اندر ایک رُوحانی انقلاب برپا تھا جسے بحالیت/احیائے دین کے طور پر جانا جاتا ہے۔ 1820 کےاُس دور میں جوزف سمتھ نے یہ دعویٰ کیا کہ اُس نے ایک حیرت انگیز رویا دیکھی ہے جس میں خُدا باپ اور خُدا بیٹا جسم کی حالت میں اُس پر اُس وقت ظاہر ہوئے جب وہ درختوں کے ایک جھنڈ میں دُعا کر رہا تھا۔ رویا کے اِس بیان کو قریباً ایک درجن بار تبدیل کیا گیا ہے اور اِس بات کا تعین کرنا مشکل ہے کہ آیا اُسے یسوع ملا تھا، یا دو فرشتے ملے تھے، ایک فرشتہ ملا تھا یا خُدا باپ اور خُدا بیٹا دونوں ملے تھے۔ اُس نے بارہا یہ کہا ہے کہ "دو شخصیات" نے اُس کے ساتھ کلام کیا تھا اور مسیحیت کے بارے میں مایوسانہ تصورات کو پیش کرتے ہوئے اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ مسیحیت کو بحال کرنے کی ضرورت ہے اور جوزف سمتھ کو خُدا کی طرف سے چنا گیا ہے کہ وہ اِس نئے دور کا آغاز کرے۔ اِس کے آغاز سے لیکر آج کے دن تک مورمن کلیسیا یہ دعویٰ کرتی ہے کہ صرف وہی واحد سچی مسیحیت کی نمائندگی کرتی ہے (مورمن عقائد صفحہ نمبر 670)۔

مورمن ازم کی قیادت نے مسلسل طور پر یہ تعلیم دی ہے کہ اصل رسولوں کی وفات کے بعد مسیحیت مکمل طور پر برگشتگی کا شکار ہو گئی، جس کی وجہ سے مسیحیت کی "بحال" کا کام ضروری ہو گیا (1 نیفی 13باب28آیت؛ ایمان کے اراکین ، صفحہ نمبر 182-185)۔ لیکن اپنی اُس مبینہ رویا کے بعد بھی جس میں آسمانی شخصیات نے جوزف سمتھ سے کلام کیا تھا، وہ اور اُسکے دوست اُسی طریقے سے غیربائبلی سرگرمیوں کے ذریعے خزانوں کی تلاش میں سرگرداں رہے۔ وہ طریقہ کار جنہیں وہ استعمال کر رہے تھے اُس دور میں غیر قانونی تھے اور جوزف سمتھ پر 1826 میں بلّور بننی کا الزام لگا اور اُسے جرمانہ بھی کیا گیاتھا۔ لیکن شکاگو کے ضلعے نیویارک میں اِس الزام سے پہلے خُدا کی طرف سے ایک نیا نبی ہونے کا دعویٰ کرنے والے اِس شخص نے ایک اور متنازعہ بیان دیا تھا کہ اُس نے آسمان سے آنے والی ایک اور شخصیت کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ 1823 میں جوزف سمتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ مورونی نامی ایک فرشتے نے اُس کے ساتھ رابطہ کیا ہے، جس نے جوزف سمتھ پر یہ ظاہر کیا کہ نیویارک کے پاس پالمائرہ نامی ایک مقام پر سونے کے اوراق پر مشتمل ایک کتاب دفن ہے۔اُسے بتایا گیا تھا کہ اُن سونے کے اوراق کے اوپر ایک قدیم آدمی بنام مورمن اور اُس کے افسانوی عبرانی قبیلے کی داستان لکھی ہوئی تھی۔ اُسے بتایا گیا کہ اُن اوراق پر ایک نیا مکاشفہ ، مسیحی انجیل کی "ایک اور گواہی" درج تھی۔ مورمن ازم کی تاریخی دستاویزات میں یہ درج ہے کہ اُس خاص فرشتے کی طرف سے جوزف سمتھ کو ایک خاص آلہ بھی دیا گیا تھا جس کا مقصد اُن سونے کے اوراق پر لکھی ہوئی تحریر کا ترجمہ کرنے میں اُسکی مدد کرنا تھا۔ یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ ترجمے کے اِس سارے مرحلے کے دوران اُس شخص نے جو اُسکی مدد کر رہا تھا یوحنا اصطباغی، پطرس، یعقوب اور یوحنا رسول کو 15 مئی 1829 کو پنسلوانیا میں آئے ہوئے دیکھا جہاں پراُنکی طرف سے جوزف سمتھ کے سر پر ہاتھ رکھ کر اُسے "ہارونی کہانت" عطا کی گئی۔یہ سب اور ایسی بہت ساری حیرت انگیز کہانیاں جوزف سمتھ کی کتاب "بیش قیمت موتی" کے اندر درج ہیں۔

جوزف سمتھ نے بہت ساری حیرت انگیز رویائیں دیکھنے کا بھی دعویٰ کیا اور اُس نے کہا کہ ایک بار اُس کے لیے حیرت انگیز طور پر آسمان کُھل گیا تھا (جوزف سمتھ کی تاریخ 1باب17آیت)۔ لیکن پالمائرہ نیویارک کے باسٹھ لوگوں کے دستخطوں کے ساتھ ایک خاص دستاویز سامنے آئی جس کے ذریعے وہ دوسرے لوگوں کو بتانا چاہتے تھے کہ وہ جوزف سمتھ، اُس کے خاندان، اُس کے اعتقادات اور اُس کی بدعتی اور خزانے ڈھونڈنے کی مشکو ک سرگرمیوں کے بارے میں جانتے ہیں ، اور اُنہوں نے اُسے مکمل طورپر بُرے کردار کا حامل اور بُری عادات کی لت کا شکار قرار دیا۔اِس کے باوجود جوزف سمتھ نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ خُدا کا خاص ترجمان ہے اور جب وہ بات کرتا ہے تو دراصل خُدا کلام کر رہا ہوتا ہے۔جوزف سمتھ کی طرف سے اختیار کیا گیا یہ موقف بہت سارے لوگوں کی طرف سے بڑی سنجیدگی کے ساتھ قبول کیا گیا اور جب کبھی بھی جوزف سمتھ نے کوئی رویا دیکھنے کا دعویٰ کیا تو اُسے بھی سنجیدگی سے لیا گیا چاہے وہ رویا مسیحی تعلیمات کی روشنی میں دی گئی اخلاقی تعلیمات کے خلاف ہی کیوں نہ تھی۔ اِس کی ایک مثال اُس کی طرف سے پیش کردہ "کثرتِ ازدواج" کا نیا مکاشفہ ہے۔

چاہے جوزف سمتھ مقبول تھا یا نہیں لیکن جن باتوں کا اُس نے خُدا کی طرف سے نئے مکاشفے کے طور پر ملنے کا دعویٰ کیا وہ کافی سالوں تک اُس کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوئیں۔ اُس کی طرف سے بیان کی جانے والی بڑے پیمانے پر تصوراتی کہانیاں سائنسی افسانوں کی طرح معلوم ہوتی ہیں جن میں اُس نے بائبلی سچائیوں کو اپنے تصورات کے ساتھ ملا کر جوڑ توڑ کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ ہمیشہ ہی بائبلی سچائیوں کی نقالی کرنے میں بہت زیادہ ہوشیار تھا اور بہت دفعہ تو اُس نے بائبل کے کئی ایک حصوں کو اپنے طریقے سے لکھنے کی کوشش بھی کی ہے۔ بہت سارے لوگوں کے لیے جوزف سمتھ کی طرف سے پیش کی جانے والی الہیاتی تعلیمات اصل مسیحی علمِ الہیات کا ایک ٹیڑھا عکس پیش کرتی ہیں ۔ وہ بائبلی چیزیں جن کی سچائی کو لوگ جانتے ہیں جوزف سمتھ اُن کے سطحی علم کو استعمال کرتے ہوئے ایک نئی تعلیم دیتا ہے۔

جوزف سمتھ کی زندگی کا اختتام ایک غیض و غضب سے بھرے ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے کی صورت میں ہوا تھا۔ جب اُس کی کلیسیا نیوؤ ایلینوئے میں قائم ہو گئی تھی تو جوزف سمتھ کی طرف سے کئی شادیاں کرنے کے معاملے پر سامنے آنے والے بیانات کو خاموش کروانے کے لیے جوزف سمتھ اور اُس کے ساتھیوں نے مورمن ازم کی مخالفت میں لکھنے والے ایک اخبار کی ساری عمارت کو تباہ کردیا جس کے نیتجے میں وہ گرفتار کر کے جیل میں ڈال دئیے گئے جہاں پر وہ اپنا مقدمہ چلنے کا انتظار کر رہے تھے۔ اُس جیل پر دو سو سے زائد لوگوں کی طرف سے چڑھائی کر دی گئی اور اُس دھنگے میں جوزف سمتھ اور اُس کا بھائی قتل ہو گئے۔ اُس کی غیر متوقع موت کے بعد اُس کی قائم کردہ کلیسیا تقسیم ہو گئی۔ وہ کلیسیا جس کی بنیاد جوزف سمتھ نے رکھی تھی وہ آج بھی میسوری میں (دا کمیونٹی آف کرائسٹ –آر ایل ڈی ایس) اور یوٹاہ کے اندر قائم ہے جہاں پر جوزف سمتھ کے بعد نئے رہنما برگہم ینگ کی پیروی کرتے ہوئے بہت سارے لوگ جمع ہو گئے تھے۔

(ایڈیٹر کا نوٹ: مورمن ازم کے بارے میں ہمارے مضامین کے اندر مورمن ازم کی مطبوعات میں سے حوالہ جات پیش کئے گئے ہیں، جیسے کہ مورمن عقائد، ایمان کے ارکان، نجات کے عقائد، کلیسیا کی تاریخ، تعلیم اور عہد وغیرہ وغیرہ۔ دیگر حوالہ جات مورمن کی کتاب میں سے ہیں جیسے کہ 1 نیفی، 2 نیفی اور ایلما وغیرہ)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

جوزف سمتھ کون تھا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries